راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)نجی کلینک میں مبینہ طبی غفلت، زچگی کے آپریشن کے بعد خاتون کی حالت تشویش ناک، چار روز آئی سی یو میں زندگی اور موت کی کشمکش مبتلا ہو گی ہے،جبکہ متاثرہ خاتون کا ہیموگلوبن 4 تک پہنچ گیا، پیٹ میں مسلسل خون جمع ہونے اور شدید سوجن کے باعث دوبارہ آپریشن کرنا پڑا، والد نے کلینک انتظامیہ کے خلاف
کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ ہارلے اسٹریٹ راولپنڈی میں واقع شاہین بھٹی کلینک میں مبینہ طبی غفلت کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں حاملہ خاتون رابعہ سرفراز کا 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب آپریشن کیا گیا۔ متاثرہ خاتون کے والد عبداللہ صابر کے مطابق آپریشن سے قبل کوئی ضروری ٹیسٹ نہیں کیا گیا، جبکہ اس سے پہلے دو مرتبہ چیک اپ کے دوران کلینک کی مالک ڈاکٹر نے نارمل ڈلیوری اور آپریشن کی مکمل سہولیات کی یقین دہانی کروائی تھی۔والد کے مطابق آپریشن کے بعد ان کی بیٹی کی حالت مسلسل بگڑتی رہی، پیٹ کے اندر خون جمع ہوتا رہا اور پیٹ غیر معمولی طور پر پھول کر شدید سوج گیا۔ بار بار توجہ دلانے کے باوجود مبینہ طور پر مناسب اقدامات نہیں کیے گئے۔حالت انتہائی تشویش ناک ہونے پر 25 اکتوبر کی صبح تقریبا 2 بجے رابعہ کو قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کا ہیموگلوبن صرف 4 رہ گیا تھا۔ فوری طور پر خون کا انتظام کرکے دوبارہ آپریشن کیا گیا۔متاثرہ خاتون 25 سے 28 اکتوبر تک آئی سی یو میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہی اور اسے سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا تھا۔ والد عبداللہ صابر کا کہنا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل، قائداعظم ہسپتال کے ڈاکٹروں کی انتھک کوششوں اور اہل خانہ کی دعاں سے ان کی بیٹی کو نئی زندگی ملی، جو کسی معجزے سے کم نہیں۔متاثرہ خاتون کے والد نے اعلی حکام اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہین بھٹی کلینک کی مالک ڈاکٹر، اس کی بیٹی، داماد اور دیگر متعلقہ افراد کے کردار کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ مستقبل میں کسی اور خاندان کو ایسی اذیت ناک صورتحال سے نہ گزرنا پڑے۔
