معروف بالی وڈ اداکار عامر خان نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری 10 فعال سالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چھ پروجیکٹس پر بیک وقت کام شروع کیا ہے۔
59 سالہ اداکار کا کہنا ہے کہ زندگی کا کچھ بھروسہ نہیں، “ہم کل مر سکتے ہیں، اس لیے میں اپنی زندگی کے آخری 10 سال سب سے زیادہ مصروف بنانا چاہتا ہوں۔”
عامر خان نے بتایا کہ 2022 میں فلم لال سنگھ چڈھا کی ناکامی کے بعد انہوں نے کچھ وقت کے لیے اداکاری سے وقفہ لیا تھا اور اپنی فیملی پر توجہ دی۔ لیکن اس وقفے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب وہ زیادہ پروجیکٹس پر کام کریں گے اور ان 10 سالوں کو مزیدار اور کارآمد بنائیں گے۔
عامر نے انٹرویو میں بتایا کہ جب ان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ نے انہیں 97 سالہ اداکار کلنٹ ایسٹ وڈ کی مثال دی، جو اب بھی فلم انڈسٹری میں متحرک ہیں، تو عامر نے جواب دیا کہ یہ ایک استثنائی کیس ہے۔ “میں 70 سال کی عمر تک کام کرنا چاہتا ہوں اور اس دوران نئی صلاحیتوں کو پلیٹ فارم دینا چاہتا ہوں۔”
ریٹائرمنٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے، عامر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جب انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کی خواہش گھر والوں کے ساتھ شیئر کی، تو ان کی بیٹی نے کہا: “پلیز پاپا، آپ سب وقت ہمارے ساتھ نہ گزاریں، ہم پاگل ہو جائیں گے!”
عامر نے ریٹائرمنٹ کے خوابوں کو بھی شیئر کیا، جن میں کتابیں پڑھنا اور یوگا کرنا شامل ہیں۔ ان کے یہ بیانات ان کے مداحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنے ہیں، جو ان کے آنے والے پروجیکٹس کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔