بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اپنی فلموں کی ناکامی اور زندگی میں درپیش مشکلات پر کھل کر بات کی ہے۔ دبئی میں منعقدہ گلوبل فریٹ سمٹ کے دوران سامعین سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ نے کہا کہ ہر انسان کو ناکامیوں سے گھبرانے کے بجائے خود پر بھروسہ رکھنا چاہیے۔
شاہ رخ خان نے بتایا کہ اگر کوئی فلم باکس آفس پر ناکام ہوتی ہے تو وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ان کی اپنی ناکامی ہے، نہ کہ کسی سازش کا نتیجہ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ “میں اپنی ناکامیوں پر باتھ روم میں جا کر رویا تاکہ کسی کو دکھائی نہ دوں، لیکن پھر خود کو سمجھایا کہ دنیا میرے خلاف نہیں ہے، بلکہ مجھے اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔”*
شاہ رخ خان نے کہا “ناکامی کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کا کام غلط ہے، بلکہ یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آپ اپنے ناظرین یا ماحول کو ٹھیک سے سمجھ نہیں پا رہے۔ اگر میں لوگوں میں جذبات پیدا نہ کر سکوں تو میرا پروڈکٹ چاہے کتنا ہی شاندار کیوں نہ ہو، وہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔”*
اداکار نے مایوسی کے باوجود آگے بڑھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا *”زندگی میں وہی ہوتا ہے جو لکھا گیا ہے۔ اپنی ناکامیوں کو تسلیم کریں اور انہیں سیکھنے کا موقع بنائیں۔”*
واضح رہے کہ شاہ رخ خان جلد ہی اپنی نئی فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گے، جس میں ان کی بیٹی سہانا خان بھی جلوہ گر ہوں گی۔ اس فلم کا شائقین کو بے تابی سے انتظار ہے۔