All posts by Daily Khabrain

مقبوضہ کشمیر میں برفانی طوفان میں 2 افراد جاں بحق

سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں برفانی طوفان نے ایک ہی خاندان کے دو افراد کی جان لے لی جب کہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع رمبان میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی، برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ دو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے برف کے ملبے تلے دبے 2 افراد کی لاشیں برآمد کرلی ہیں جن میں سے ایک لاش 12 سالہ لڑکی ہے جب کہ دیگر 2 افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ اپنے گاﺅں کوانا تریگم کی جانب جارہے تھے کہ اچانک برفانی طوفان کی زد میں آگئے اس دوران برفانی تودہ گرا جو اہل خانہ کو اپنے ہمراہ لے گیا۔واضح رہے کہ موسم سرما کے دوران مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودے کی زد میں آنے کے 5 واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں 15 سے زائد افراد ہلاک اور 4 شدید زخمی ہوئے تھے۔

پاک فوج سعودی آرمی کو بھرپور تعاون دینے کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے، آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے سعودی فوج کی صلاحیت بڑھانے کیلئے ذمہ داری کے طور پر معاونت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب کی شاہی فوج کا وفد چیف آف جنرل اسٹاف فیاد بن حامد کی قیادت میں جی ایچ کیو پہنچا جہاں سعودی جنرل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ انہوں نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔چیف آف جنرل اسٹاف فیاد بن حامد کی قیادت میں وفد نے آرمی چیف جنر قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں جیو اسٹرٹیجک اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر با ت چیت کی گئی۔سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاکستان کی طرف سے معاونت فراہم کرنے بالخصوص شاہی سعودی فوج کو پاکستان میں اور سعودی عرب میں تربیت پر شکریہ ادا کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجو ہ نے سعودی عرب کی طرف معاونت کے اعتراف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے سعودی فوج کی صلاحیت بڑھانے کیلئے ذمہ داری کے طور پر معاونت کی۔

کراچی میں نادرا آفس سے 1800 شناختی کارڈ چوری

کراچی(ویب ڈیسک) لانڈھی کے علاقے میں قائم نادرا برانچ میں نقب زنی کی واردات کے دوران نامعلوم ملزمان 1800 قومی شناختی کارڈز اوراندراج رجسٹرڈ لے اڑے۔ذرائع کے مطابق نقب زنی کی واردات لانڈھی تھانے کےعلاقے نمبرساڑھے3 میں واقع نادرا برانچ میں پیش آئی جہاں نامعلوم ملزمان 1800 قومی شناختی کارڈز اور اندراج رجسٹرڈ لے کر فرار ہوگئے۔واردات کی اطلاع بدھ کی صبح تقریبا ساڑھے8 بجے اس وقت ملی جب نادرا اسٹاف دفتر پہنچا توکارڈز ڈیلیوری کاﺅنٹرپر سامان بکھرا ہوا تھا جبکہ قومی شناختی کارڈزکی الماری بھی کھلی ہوئی تھی اوراسٹاف کی جانب سے چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ 1800قومی شناختی کارڈز اوراندراج رجسٹرڈ آفس سے غائب ہیں جس کی اطلاع فوری طور پر نادرا ہیڈ آفس اور پولیس کوکردی گئی۔اطلاع ملنے پرپولیس اوررینجرزاہلکار موقع پر پہنچ گئے اورجائے واردات سے شواہد اکٹھا کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی،ایس ایچ اولانڈھی سب انسپکٹرمنظورآرائیں نے ذرائع کو بتایا کہ نادرا آفس پر2چوکیدارتعینات ہیں ایک چوکیداردن اور ایک رات میں ڈیوٹی سرانجام دیتا ہے انھوں نے بتایا کہ چوکیدار نادرا آفس میں کے اندر کے بجاے باہر ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب نامعلوم مسلح نادرا آفس کے عقب سے نادرا آفس کی چھت پر چڑھے اورآفس کے باتھ روم کی چھت پررکھے سیمنٹ کی سلیپ ہٹا کر باتھ روم کے راستے نادارآفس میں داخل ہوئے جہاں آفس میں الماری میں رکھے 1800 قومی شناخت کارڈ،اندراج رجسٹر چوری کرکے فرارہو گئے ہیں۔سب انسپکٹرمنظورآرائیں کے مطابق نادرا آفس میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے خراب تھے جس کی وجہ سے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ نہیں ہوسکی، پولیس نے چوکیداروں اور نادران کے اسٹاف کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں اور اسسٹینٹ ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد یوسف ولد محمد یوسف کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 3019/35 بجرم دفعہ 34/380/457 کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ادھر نادراحکام کی جانب سے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کے بعد چوری شدہ تمام شناختی کارڈز منسوخ کردیے گئے ہیں،اس حوالے سے اب وہ تمام شناختی کارڈز ازسرنو ری پرنٹ کیے جائیں گے،اورضمنی انتخابات سے چند روز قبل وہ متاثرہ شہری جن کے قومی شناختی کارڈز چوری ہوگئے ہیں،ان کو دوبارہ سے جاری کیے جائیں گے۔ذرائع کا کہناہے کہ نادراحکام کی جانب سے نقب زنی کے اس معاملے کو مختلف پہلوﺅں سے دیکھا جارہا ہے،جس میں اہم پہلو27جنوری کو حلقے میں ہونے ضمنی انتخابات ہے،ممکنہ طورپر مخالف امیدوارکی سیاسی مہم کوناکام بنانے کے لیے یہ کسی قسم کی شرارت بھی ہوسکتی ہے۔لانڈھی میں ایم کیوایم پاکستان کے امیدوار ہاشم رضا کے نادرادفتر میں میڈیا سے بات چیت میں کہناتھا کہ 27جنوری کو ہونے والے الیکشن کو ناکام بنانے کی کوشش ہے،معلومات کے مطابق لگ بھگ ڈھائی ہزارشناختی کارڈز چوری ہوئے ہیں، ان کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ لوگوں کو شناختی کارڈز کے ٹوکن پر ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔