All posts by Daily Khabrain

امریکا میں مسلمانوں کی بستی پر حملے کے منصوبہ ساز گرفتار

نیویارک سٹی(ویب ڈیسک) امریکا میں ایک مسلمان بستی اسلام برگ پر حملہ کرنے کی تیاری کرنے والے 4 امریکی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گرفتار کیے جانے والوں میں 20 سالہ نوجوان برائن کولانیری، 18 سالہ دو نوجوان اینڈریو کرائیسیل اور ونسینٹ ویٹرومائل شامل ہیں۔ نوجوانوں کے قبضے سے دیسی بم اور بندوق بھی برآمد ہوئے ہیں۔نوجوانوں کو ہتھیار رکھنے اور سازش کرنے کے جرم میں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا جب کہ ان تین نوجوانوں کے علاوہ ایک 16 سالہ بچے پر بھی یہی الزامات ہیں۔ ان میں سے تین نے پہلے ایک ساتھ بوائے سکاوٹ میں خدمات انجام دی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کی یہ بستی درجن بھر گھروں پر مشتمل ہے جسے پاکستان کےآئے ہوئے ایک صوفی بزرگ مبارک علی شاہ کی ہدایت پر ان کے مریدوں نے قائم کیا ہے۔ اسکول کی ایک طلبہ نے حملے کی سازش کا انکشاف کیا تھا۔واضح رہے کہ بستی اسلام برگ 1980 میں قائم ہوئی تھی جب پاکستانی صوفی بزرگ مبارک علی شاہ نے اپنے مریدوں کو شہر کے ہنگاموں سے دور مذہبی طرز زندگی پر مبنی بستی آباد کرنے کی ترغیب دی تھی۔

سونے کی فی تولہ قدر میں کمی

کراچی(ویب ڈیسک) ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قدر 50 روپے کی کمی کے بعد 67150 روپے ہو گئی ہے۔دس گرام سونے کی قدر 43 روپے کم ہو کر 57557 روپے ہو گئی ہے۔سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قدر 2 ڈالر کم ہو کر 1285 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔

”جوانی پھر نہیں آنی“ کی پاکستانی سینما میں تاریخ رقم کرنے کی تیاری

کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان کی کامیاب ترین فلم”جوانی پھر نہیںآنی“سیریز کی تیسری فلم”جوانی پھر نہیں آنی3“بنانے کی تیاریاں جاری ہیں۔نامور پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے سوشل میڈیا پر فلموں کے شائقین کے لیے اچھی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی کامیاب ترین فلم سیریز”جوانی پھر نہیں آنی“ کی تیسری فلم”جوانی پھر نہیں آنی3“بنانے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ ہمایوں سعید نے انسٹاگرام پر ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ان کے علاوہ اداکار فہد مصطفیٰ اورواسع چوہدری بھی موجود ہیں اور اسکرپٹ دیکھ رہے ہیں۔واضح رہے کہ 2015 میں ریلیز ہوئی فلم”جوانی پھر نہیں آنی“اس وقت کی کامیاب ترین فلم تھی جس نے بزنس کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے تھے۔ فلم کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے گزشتہ برس فلم کا سیکوئل”جوانی پھر نہیں آنی2“کے نام سے بنایا گیا جسے شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور یہ فلم بھی گزشتہ برس پاکستان کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ثابت ہوئی۔سیریز کی دوسری فلم کی غیر معمولی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب ہمایوں سعید نے تیسری فلم بنانے کا اعلان کیاہے اور یہ تاریخ میں پہلی بار ہورہا ہے کہ کسی بھی فلم کا دوسرا سیکوئل بنایاجارہا ہو۔ اس سے قبل اداکار فہد مصطفیٰ اورجاوید شیخ کی فلم ”نامعلوم افراد“کا صرف ایک سیکوئل ”نامعلوم افراد2“کے نام سے بنایاگیاہے۔

پنجاب حکومت کا بسنت نہ منانے کا فیصلہ

لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے رواں سال بسنت نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔گزشتہ ماہ 18 دسمبر کو وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اعلان کیا تھا کہ فروری 2019 میں بسنت منائی جائے گی اور اس ضمن میں تمام تر حفاظتی تدابیراختیار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔حکومتی اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں مقامی وکیل نے درخواست دائر کرکے بسنت منانے کے اقدام کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی، عدالت نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔پنجاب حکومت کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے آج واضح کیا ہے کہ بسنت منانے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے اور امسال بسنت نہیں منائی جائے گی اور حکومت پتنگ بازی پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بسنت نہ کرنے کا فیصلہ عوامی مفاد میں کر رہے ہیں اور مستقبل کیلئے محفوظ بسنت منانے کے لیے حفاظتی اقدامات کی تیاری کی جا سکتی ہے جس کے لیے 4 سے 6 ماہ کی ورکنگ درکار ہوگی۔سینئر وزیرعبدالعلیم خان نے بتایا کہ بسنت نہ منانے کے فیصلے سے متعلق کل ہائیکورٹ میں باقاعدہ جواب جمع کرایا جائے گا۔

سورج نے بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ رکوا دیا

مکلین پارک(ویب ڈیسک)آپ نے کرکٹ میں بارش کے باعث کھیل رکنے کا تو سنا ہوگا لیکن کیا آپ نے کبھی ایسا سنا یا دیکھا کہ کرکٹ کا کھیل سورج کی وجہ سے روک دیا گیا ہو؟یہ یقیناً سننے میں عجیب لگتا ہے لیکن بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج مکلین پارک میں کھیلا جانے والا میچ تقریباً 30 منٹس تک اس وجہ سے روک دیا گیا کہ سورج کی روشنی آنکھوں میں لگنے کی وجہ سے کھیل ممکن نہیں تھا۔کرکٹ میں بارش کے باعث کھیل رکنے کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس قانون کا اطلاق ہوتا ہے لیکن اس میچ میں بارش نہیں بلکہ سورج کی روشنی کی وجہ سے اس قانون کو لاگو کیا گیا۔ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف میں 2 رنز کی کمی کرکے کھیل کو 49 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔اس سے قبل اسی اسٹیڈیم میں ایک ڈومیسٹک میچ کے دوران سورج کی وجہ سے کھیل روکا جا چکا ہے جب کہ انگلینڈ کے کچھ میدانوں میں بھی کھلاڑی ڈومیسٹک میچوں کے دوران سورج آنکھوں میں لگنے شکایت کر چکے ہی لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کسی انٹرنیشنل میچ میں سورج کے باعث کھیل روکا گیا ہو۔عموماً کرکٹ کے میدانوں میں پچوں کی سمت شمال سے جنوب رکھی جاتی ہے لیکن مکلین پارک میں پچ کی سمت مشرق سےمغرب ہے جس کی وجہ سے یہاں سورج بلے بازوں کی آنکھوں میں لگتا ہے۔

 

یہ منی بجٹ نہیں اصلاحات کا پیکیج ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر رواں مالی سال کا دوسرا منی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا ہے۔اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کے شور شرابے میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے رواں مالی سال کا دوسرا منی بجٹ پیش کیا۔اسد عمر نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ بجٹ نہیں اصلاحات کا پیکج پیش کررہا ہوں، اپوزیشن نے حکومتیں کیں اور دل کھول کر غلطیاں بھی کیں۔ ہمیں عوام نے مسائل کے حل اور ان کے ادراک کے لیے ایوان میں بھیجا ہے، ہمیں ایسی معیشت بنانی ہے کہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو۔ ایسا نہ ہو اگلی حکومت آکر آئی ایم ایف کو فون کرے کہ ہم تباہی کے دہانے پر آگئے ہیں ہماری مدد کیجیے۔ موجودہ اپوزیشن کے پاس 10سال حکومت رہی وہ کیا معیشت چھوڑ کر گئے؟۔ گزشتہ مالی سال ختم ہوا تو بجٹ خسارہ 6.6 فیصد تھا۔ یہ ملک کو ڈھائی سے 3 ہزار ارب روپے کا مقروض کرکے چلے گئے، خسارہ ڈیڑھ سو ارب روپے تک پہنچا دیا گیا۔ یہ لوگ بجلی کا نظام ٹھیک کرنے آئے تھے لیکن عوام پر مزید قرضوں کا بوجھ ڈال دیاگیا، قرضہ عوام نے ادا کرنا ہوتا ہے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ہم عوام کو اپنا حکمران سمجھتے ہیں، ہم خادم اعلیٰ بولتے نہیں بلکہ سمجھتے بھی ہیں، جنہوں نے الیکشن خریدنے کی کوشش کی ان کو عوام نے گھر بھیج دیا، آئندہ عوام ہمیں ہماری کارکردگی پر ووٹ دے گی۔ کسی کو انتخابات خریدنے نہیں پڑیں گے۔
چھوٹے کاروباری اداروں پر ٹیکس آدھا
وزیر خزانہ نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کے بغیر روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہوسکتے، ایس ایم ای سیکٹر کے بینک قرضوں پر آمدن کا ٹیکس20 فیصد کررہے ہیں۔ چھوٹے کاروباری اداروں پر ٹیکس آدھا کیا جارہا ہے۔
فائلر کی بینکنگ ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم
اسد عمر نے بتایا کہ بینک ڈیپازٹس پر ودہولڈنگ لگا ہوا ہے، ہم فوری طور پر فائلر کی بینکنگ ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جارہا ہے۔
غریبوں کے لیے گھر
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں غریبوں کے لیے گھر بنانے ہیں، جس کے لئے ہم مراعات دے رہے ہیں، چھوٹے گھروں پر بینک قرض آمدنی کا ٹیکس 39 سے کم کرکے 20 فیصد کررہے ہیں۔
شادی ہال پر ٹیکس میں کمی
اسد عمر نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ چھوٹے شادی ہالز پر ٹیکس 20 ہزار سے کم کرکے 5 ہزار کردیا گیا ہے۔
نان فائلر پر نئی گاڑی خریدنے پر پابندی ختم
اسد عمر نے کہا کہ بجٹ میں نان فائلر پر نئی گاڑی خریدنے پر پابندی تھی تاہم اب نان فائلر800 سے 13 سو سی سی تک گاڑی خریدسکے گا۔ اس کے علاوہ نان فائلرز کو پچاس لاکھ روپے تک کی پراپرٹی کی خریداری پر بھی اجازت دی جارہی ہے۔
نیوز پرنٹ پر امپورٹ ڈیوٹی ختم
وزیر خزانہ نے بتایا کہ حقیقی جمہوریت کیلیے آزاد صحافت چاہیے، اس لئے نیوز پرنٹ پر امپورٹ ڈیوٹی ختم کی جارہی ہے۔
خام مال پر ڈیوٹیز میں کمی
اسد عمر نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ حکومت کچھ صنعتی خام مال پر ڈیوٹیز میں کمی جب کہ کچھ پر ختم کی جارہی ہے۔ کیمیکل کے شعبے کے لیے خام مال پرسیلز ٹیکس ختم کردیا گیا ہے۔
موبائل پر سیلز ٹیکس
حکومت نے درآمدی موبائل فون پر عائد 3 ٹیکسوں کو ایک ٹیکس میں ضم کردیا ہے، منی بجٹ میں مہنگے درآمدی موبائل اور سیٹلائٹ فون پر سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد 30 ڈالر سے کم قیمت کے موبائل پر سیلز ٹیکس 150 روپے ہوگا جب کہ 30 سے 100 ڈالر قیمت کے درآمدی موبائل پر 1470 روپے سیلز ٹیکس عائد کردیا گیا ہے۔ 350 سے 500 ڈالر قیمت کے درآمدی موبائل پر سیلز ٹیکس 6000 روپے سیلز ٹیکس ہوگا۔
گھر کیلیے قرض حسنہ اسکیم
اسد عمر نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ 5 ارب کی قرض حسنہ کی اسکیم لارہے ہیں ، قرض حسنہ کی رقم متوسط طبقے کو گھروں کی تعمیر کے لیے فراہم کی جائے گی۔
گاڑیوں پر ٹیکس میں اضافہ
1800 سی سی سے زائد انجن کی کاروں، جیپوں اور گاڑیوں کی درآمد پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھا کر 25 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
قابل تجدید توانائی پر ٹیکس کی چھوٹ
اسد عمر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سولر پینل اور ونڈ ٹربائن پاکستان میں ہی بنے، اس لئے دوسرے ضمنی بجٹ میں قابل تجدید توانائی اور مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام پر 5 سال کے لئے ٹیکس سے چھوٹ دینے کی تجویز ہے۔
بینکنگ آمدن پر سپر ٹیکس ختم
وفاقی وزیر نے بتایا کہ یکم جولائی سے بینکنگ آمدن پر سپر ٹیکس ختم کیا جارہاہے، کارپوریٹ اِنکم ٹیکس پر ایک فیصد سالانہ کمی برقرار رہے گی۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا سانحہ ساہیوال پر وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سانحہ ساہیوال پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کو منظر عام پر نہیں لایا گیا، پنجاب حکومت کو غلط بیانی پر وضاحت پیش کرنی چاہیے، اس سانحے میں ملوث بعض افسران کو علیحدہ کردیا گیا جب کہ پنجاب کے موجودہ وزیراعلیٰ اجازت کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے۔شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ماڈل ٹاﺅن واقعے پر مجھےاستعفیٰ دینا چاہیے، اس میں کوئی شک نہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن بہت دل خراش واقعہ تھا، اس واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا تھا لہذا اب وزیر اعظم سانحہ ساہیوال پر استعفیٰ دیں۔قائد حزب اختلاف کے جواب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ساہیوال واقعہ دل دہلا دینے والا ہے، دو دن سے اس افسوسناک واقعے پر ایوان میں بحث ہورہی ہے، ساہیوال واقعے کی فوری طور پر مذمت کی گئی، وزیراعلیٰ صاحب موقع پر پہنچے، وزیراعظم اوروزیر اعلیٰ نے کہا کہ قصوروار کو سزا دی جائے گی، حکومت نے ماضی کی حکومتوں کی طرح چیزوں کو دبانے کی کوشش نہیں کی، جے آئی ٹی نے اپنا کام مکمل کیاہے۔ تحقیقات کے نتیجے میں کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایف آئی آر درج کردی گئی ہے، سانحہ ساہیوال پر اپوزیشن سیاست نہ چمکائے۔

سانحہ ساہیوال پر اپوزیشن سیاست نہ چمکائے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سانحہ ساہیوال کے قصورواروں کو سخت سزا دی جائے گی تاہم اپوزیشن اس معاملے پر سیاست نہ چمکائے۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج چونکہ بجٹ پیش ہونے جارہا ہے اس لیے آج ساہیوال واقعے کو اٹھانا مناسب نہیں تھا لیکن اپوزیشن لیڈر نے اس معاملے کو اٹھایا تو اب ہماری بھی سن لیں، ساہیوال واقعہ دل دہلا دینے والا ہے، دو دن سے اس افسوسناک واقعے پر ایوان میں بحث ہورہی ہے جب کہ ساہیوال واقعے کی فوری طور پر مذمت کی گئی اور وزیراعلیٰ صاحب موقع پر پہنچے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعلی نے ساہیوال واقع کی فوری رپورٹ طلب کی ، وزیراعظم نے بھی 72 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی، اور یہ یقین دہانی کروائی گئی کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو سزا دی جائے گی، کسی قصور وارکو نہیں چھوڑا جائے واقعے کا فیئرٹرائل ہوگا جب کہ حکومت نے ماضی کی حکومتوں کی طرح چیزوں کو دبانے کی کوشش نہیں کی، جے آئی ٹی نے اپنا کام مکمل کیا اور یہ ثابت ہوا کہ خلیل اور اس کا خاندان بے گناہ تھا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ تحقیقات کے نتیجے میں کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایف آئی آر درج کردی گئی اور سرکاری افسران کیخلاف کارروائی کرکے معطل اورعہدوں سے ہٹادیا گیا جب کہ منتخب وزیراعلیٰ کے بارے میں نامناسب ریمارکس دینا درست نہیں اور واقعے پرسیاسی پوائنٹ اسکورننگ نہ کی جائے جب کہ اپوزیشن سانحہ ساہیوال پر سیاست نہ چمکائے۔

پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں: چین

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان میں چینی سفیرژاﺅ جِنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات چینی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیرژاﺅ جِنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ترقی کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست سے ریاست کے تعلقات مختلف امور پر مذاکرات اور تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ملکوں کو کئی مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے اور حکومت پاکستان کا وژن بھی چین جیسا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان پرامن ملک اور خطے میں امن کیلئے کام کر رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کیلئے کوشش کی۔چینی سفیر کے مطابق پاکستان اور چین علاقائی امن کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں جس میں سی پیک، ایک سڑک ایک رستہ کا اہم ترین اور پہلا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ترقی بہت ضروری ہے، افراد کی ترقی پر توجہ دینا ہو گی۔چینی سفیرژاﺅ جِنگ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین میں پھر باہمی دوستی کے عزم کو مضبوط کیا، ہمیں ایک دوسرے پر مکمل اعتماد ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ماہرین کی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور دونوں ممالک، خطے کی آبادی اور بین الاقوامی کمیونٹی کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان، چین اور چین، پاکستان کی خارجہ پالیسی کے ستون ہیں، دوطرفہ تعلقات کی تمام جہتیں دوستی کی عکاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی تمام چیلنجز میں ثابت قدم رہی اور یہ دوستی شہد سے میٹھی، سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاک، چین خصوصی تعلقات کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا کیوں کہ پاک، چین اسٹریٹیجک تعلقات خطے میں تذویراتی توازن کیلئے اہم ہیں۔تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ سی پیک اقتصادی جہت، دوطرفہ، خطے اور وسط ایشیاءکیلئے ترقی کا آئینہ دار ہے، دونوں ممالک دوطرفہ مفادات اور عوام تعلقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ مثبت تعلقات چاہتا ہے۔

اپوزیشن کے مطالبے پر سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے مطالبے پر سانحہ ساہیوال کا جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے مطالبہ پر سانحہ ساہیوال کا جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں، اپوزیشن چاہے تو جوڈیشل کمیشن کے لیے اپنے لوگ بھی نامزد کرسکتی ہے، یہ انسانی المیہ ہے، ہم اسے مثال بنائیں گے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے کے حوالے سے قطر میں بھی اپ ڈیٹس لیتا رہا، ساہیوال واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے جب کہ پنجاب حکومت کو پولیس اصلاحات کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ 48گھنٹوں میں جے آئی ٹی رپورٹ سامنے آگئی، پنجاب حکومت نے محنت سے کام کیا، اجلاس میں ارکان اسمبلی نے حلقوں کے حوالے سے شکایات بھی کیں جب کہ منی بجٹ کے حوالے سے سوالات کے جوابات نہیں دیے گئے۔دوسری وزیراعظم عمران خان کو پنجاب حکومت کی سانحہ ساہیوال پر رپورٹ بھی پیش کردی گئی ہے جس میں جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں حکومت پنجاب کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں سی ٹی ڈی افسران کو قتل کا ذمہ دار قراردیتے ہوئے سانحہ ساہیوال میں مقتول میاں بیوی اور ان کی بیٹی کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے جب کہ سی ٹی ڈی کے سربراہ سمیت 3 افسران کو تبدیل اور 2 کو معطل کردیا گیا ہے۔