All posts by Daily Khabrain

مکی نے من پسند پلیئرزکھلاکرکرکٹ کوتباہ کردیا،طاہرشاہ حالیہ پرفارمنس پر انضمام اور سلیکشن کمیٹی کو مستعفی ہونا چاہئے،سابق کرکٹرکی گگلی میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق فرسٹ کلاس کرکٹر طاہر شاہ نے کہا ہے کہ کسی بھی میچ میں پارٹنر شپ کی بہت اہمیت ہے ہماری قومی کرکٹ ٹیم میں اس پر غور نہیں کیا جاتا۔ورلڈ کپ سے پہلے مکی آرتھر نے خود ہی سری لنکا اور آسٹریلیا کے ٹور کا فیصلہ کر لیا مرضی کے کھلاڑی کھلا کر اس نے کرکٹ کو تباہ کر دیا۔ میرے خیال میں انضمام الحق اور پوری سلیکشن کمیٹی کو مستعفی ہونا چاہئے۔چینل فائیو کے پروگرام گگلی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کئی روز سے کہہ رہا ہوں کپتان سرفراز کی کوئی پارفارمنس نہیں۔ٹیم میں مزید سپنرز کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں اتنا دم خم نہیں کہ ون ڈے میں بھی چل سکے۔حفیظ سے بھی کوئی امید نہیں،عماد وسیم کو فٹنس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ میرے خیال میں منٹو پارک میں کرکٹ بحال کرنی چاہئے۔بورڈ کو چاہئے میڈیا سے بہتر تعلقات بنائے ۔بھارتی ٹیم کی کارکردگی روز بروز بہترہوتی نظر آ رہی ہے۔

میں نے ہمیشہ ہندوستان کو پیار دیا ہے،علی ظفر

ممبئی(ویب ڈیسک)معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ بھارت کو محبت دی ہےاور بدلے میں وہاں سے بھی محبت ہی پائی ہے۔بھارتی ویب سائیٹ بالی ووڈ ہنگامہ کو دیئے گئے انٹرویو میں علی ظفر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہر کام کسی وجہ کے تحت ہوتا ہے، اور آپ کو اس صورتحال سے بہترین نتیجہ نکال کر اسے بہتر کل پر آزمانا چاہیے۔ میں سمجھتا ہوں کہ مستقبل روشن ہے اور میں محبت کی طاقت پر یقین رکھتا ہوں۔ میں نے ہمیشہ بھارت کو پیار دیا ہے اور ہمیشہ وہاں سے محبت ہی پائی ہے۔واضح رہے کہ نامور پاکستانی گلوکار علی ظفر نے بالی ووڈ میں 2010 میں فلم ’تیرے بن لادن‘ سے ڈیبیو کیا اور کامیابی کے اس سفر میں انہوں نے 7 سے زائد فلموں میں کام کیا تاہم 2016 میں مقبوضہ کشمیر میں اڑی دھماکے کے بعد پاکستانی اداکاروں پر کام کرنے کی پابندی عائد کردی گئی۔

سوشل میڈیا پر مقبول ’10 سال کا چیلنج’ نے سب کو اپنے سحر میں جکڑ لیا

لاہور(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا پر چلنے والا ٹرینڈ ‘دس سال کا چیلنج’ نے عام صارف سے لے کر مشہور شخصیات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اب چاہے وہ لالی وڈ ہو ، بالی وڈ یا پھر کھیل کا میدان، ہر کوئی اس چیلنج کو قبول کر کے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہا ہے۔ #10yearschallenge کی دھوم سوشل میڈیا کے ہر پلیٹ فارم پر مچی ہوئی ہے۔سب سے پہلے بات کرتے ہیں کھیل کے میدان سے وابستہ ستاروں کی جنہوں نے اس چیلنج کو قبول کیا۔سوشل میڈیا پر چلنے والا دس سال کے چیلنج میں آئی سی سی نے لاستھ ملنگا کی تصویر پوسٹ کرکے لکھا کہ آج بھی ملنگا کا ہئیر اسٹائل ویسا ہی ہے۔غیر ملکی ویب سائٹ نے شاہد آفریدی کی وہ تصویر شئیر کی جب پاکستان نے 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا، اور لکھا کہ فرق تلاش کریں۔موجودہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شاداب خان نے پکچر پوسٹ کی اور لکھا کہ خواب ضرور پورے ہوتے ہیں۔ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کی تصویریں بھی آئی سی سی نے شئیر کیں۔آئی سی سی نے 2009 اور 2019 میں بیٹس مین رینکنگ بھی شیئر کی۔ان کے علاوہ پوری دنیا سے دیگر کھلاڑی بھی اپنی پکچر پوسٹ کررہے ہیں۔جب ایسا کوئی ٹرینڈ ہو تو بالی وڈ کے ستارے کیسے کسی سے پیچھے رہ سکتے ہیں، ہر کوئی اپنے 10 برسوں کے فرق کو سب کے سامنے پیش کرنے کے لیے بے چین دکھائی دے رہا ہے۔بالی وڈ کی اداکارہ سونم کپور نے اپنے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی 6 سے لے کر ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا تک۔دیا مرزا یوں تو فلموں سے آﺅٹ ہیں لیکن سوشل میڈیا پر ‘اِن’ رہنے کا ہنر جانتی ہیں۔پاکستانی ستارے کیسے کسی ٹرینڈ میں پیچھے رہ سکتے ہیں۔ٹی وی اور فلموں کے ستارے علی کاظمی نے اپنے دس سال کا فرق سب کے سامنے پیش کیا ؛ اداکارہ اور گلوکارہ کومل رضوی نے لکھا ہے کہ میں خود کو اس چیلینج میں حصہ لینے سے روک نہیں سکی۔اور تو اور اس میں قومی ادارے بھی پیچھے نہیں رہے۔قومی ائیر لائن پی آئی اے نے بھی یہ چیلنج قبول کرتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کیں۔اس وقت سوشل میڈیا کا ہر پلیٹ فارم اسی ٹرینڈ اور اس سے ملتے جلتے دوسرے ٹرینڈز سے بھرا ہوا ہے۔ جیسے کہ “HOW HARD DID AGING HIT YOU” CHALLENGE۔ اس میں آپ کو اپنی سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والی پہلی پکچر بغیر کسی فلٹر کے لگانی ہوتی ہے۔

بلاول بھٹواور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالے جائیں، سپریم کورٹ کا تحریری حکم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاﺅنٹس کے تفصیلی فیصلے میں حکم دیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے فوری نکالے جائیں۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کا فیصلہ جاری کردیا، 25 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس اعجاز الحسن نے تحریر کیا ہے۔سپریم کورٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں حکم دیا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالے جائیں، تاہم نیب کے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کے خلاف تحقیقات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، دونوں کے خلاف شواہد آئیں تو نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وفاقی حکومت سے رجوع میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔فیصلے کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں رکھنے سے ان کے کام میں مسائل پیدا ہوں گے اور ان کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ کرپشن اور منی لاڈرنگ کا ہے، اور بادی النظر میں نیب کو بھجوانے سے متعلقہ ہے، معاملے میں کمیشن، سرکاری خزانے میں بے ضابطگیاں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کیا گیا ہے، فریقین کے وکلا عدالت کو متاثر کن دلائل نہیں دے سکے، چند وکلا نے تسلیم کیا کہ معاملہ نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔فیصلے میں تحریر ہے کہ جے آئی ٹی نامکمل معاملات کی تحقیقات جاری رکھے گی اور جے آئی ٹی کے تمام ممبران نیب کو مزید تحقیقات میں معاونت کریں گے، جے آئی ٹی اپنی تحقیقات مکمل کر کے نیب کو بھجوائے گی، نیب جے آئی رپورٹ کی روشنی میں اپنی تحقیقات مکمل کرے اور تحقیقات میں جرم بنتا ہو تو احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیے جائیں، لیکن نیب ریفرنس اسلام آباد نیب عدالت میں فائل کیے جائیں۔فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ چیئرمین نیب مستند ڈی جی کو ریفرنس تیاری اور دائر کرنے کی ذمہ داری دیں، اور مستند و تجربہ کار افسران پر مشتمل ٹیم ریفرنسز کی پروسیکیوشن کے لیے تشکیل دی جائے، نیب اپنی 15 روزہ تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گی اور اس رپورٹ کا جائزہ عمل درآمد بینچ لے گا، چیف جسٹس نیب رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے عمل درامد بینچ تشکیل دیں۔

جماعت اسلامی کے امیر کے انتخاب کیلئے 3 ناموں کا اعلان

لاہور(ویب ڈیسک) جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ نے امیر جماعت کے انتخاب کیلئے ناموں کا اعلان کر دیا۔جماعت اسلامی کے سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف کے مطابق مجلس شوریٰ نے انتخاب میں رہنمائی کیلئے خفیہ رائے دہی کے ذریعے نام تجویز کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امیر جماعت کے انتخاب کیلئے سراج الحق، لیاقت بلوچ اور پروفیسر محمد ابراہیم کے نام دیئے گئے ہیں تاہم ارکان جماعت اِن ناموں کے علاوہ بھی جس کو مناسب خیال کرتے ہوں اس کو ووٹ دے سکتے ہیں۔ قیصر شریف کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا ادارہ مرکزی شوریٰ کا منتخب کردہ ہے جس کے صدر اسداللہ بھٹو ہیں۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت کے انتخاب کیلئے ارکان جماعت کو بیلٹ پیپرز جاری کیے جائیں گے۔یاد رہے کہ سینیٹر سراج الحق جماعت اسلامی کے امیر ہیں جن کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے دیر بالا سے ہے۔ خیال رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کی واحد جمہوری جماعت ہے جس میں نچلی سطح سے لیکر امیر جماعت تک باقاعدہ انتخابات کرائے جاتے ہیں۔جماعت اسلامی میں امیر کا انتخاب ہر 5 سال بعد ہوتا ہے جس میں ارکان امیر کا چناﺅ کرتے ہیں۔

فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فنڈز کی فراہمی روک دی

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف) کے مالی مسائل مزید سنگین شکل اختیار کر گئے ہیں اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے بعد فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے بھی پاکستان فٹبال کو فنڈز کی فراہمی روک دی ہے۔اشفاق حسین شاہ کی زیر سربراہی پی ایف ایف کی نئی قیادت کے انتخاب کے بعد ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے پاکستان کو فنڈز کی فراہمی روک دی تھی جس کے بعد اب فیفا نے بھی پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فنڈز نہ دینے کا اعلان کردیا ہے۔فیفا کے ترجمان نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف ایف کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ فیفا فارورڈ پروگرام کے تحت فنڈنگ روک دی گئی ہے۔ ہم اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اب اس معاملے پر مزید پیشرفت کا فیصلہ فیفا کی ممبرز ایسوسی ایشن کمیٹی کرے گی۔گزشتہ ماہ فیڈریشن کے انتخابات سے قبل فیفا نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پاکستان فٹبال فیڈریشن میں انتخابات کو ’تیسری قوت‘ کی مداخلت تصور کیا جائے گا جو فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ پاکستان کی رکنیت کو ایک مرتبہ پھر معطل کیا جا سکتا ہے جہاں اس سے قبل بھی اسی قانون کی خلاف ورزی پر اکتوبر 2017 سے مارچ 2018 تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔گزشتہ ہفتے اشفاق حسین شاہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا تھا کہ سابق سربراہ فیصل صالح حیات کے جانے کے بعد سے پی ایف ایف کو سنگین مالی بحران کا سامنا ہے اور اپنے پیشرو پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے 5لاکھ 30ہزار ڈالر سے زائد کے فنڈز فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن کو واپس کر دیے تھے۔باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ سال مارچ کے بعد سے پی ایف ایف کو ایشین فٹبال کنفیڈریشن اور فیفا سے بالترتیب ساڑھے سات لاکھ ڈالرز اور 15لاکھ 80ہزار ڈالرز کتےے فنڈز موصول ہوئے تھے۔ان میں سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے سال کے اختتام تک 21لاکھ ڈالرز خرچ کیے۔پی ایف ایف کے سربراہ نے فیصل صالح حیات کی جانب سے فنڈز واپس کرنے کے اقدام کو جرم قرار دیا البتہ فیفا اور اے ایف سی دونوں نے ہی اس بات کی تصدیق نہیں کہ پی ایف ایف نے رقم واپس کی تھی یا نہیں۔

یورپی ملک لگسمبرگ میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان

لگسمبرگ(ویب ڈیسک)یورپ کے سب سے چھوٹے ملک لگسمبرگ میں بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا جس کے بعد حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان کردیا۔لگسمبرگ کی وزارت موبیلیٹی اینڈ پبلک ورکس نے ٹریفک مسائل سے نمٹنے کے لیے مارچ 2020 سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو عوام کے لیے مفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔حکومت کے اعلان کے بعد ٹرین، ٹرام اور بسوں پر شہری مفت سفر کرسکیں گے اور حکومت کے اس فیصلے سے دفاتر جانے والے، کاروباری شخصیات اور عام شہری پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں گے اور سڑکوں پر ٹریفک کا دباﺅ کم ہوگا۔ترجمان وزارت پبلک ورکس ڈینی فرینک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت کے فیصلے سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباﺅ کم کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے ماحولیاتی فوائد بھی حاصل ہوں گے۔یاد رہے کہ لگسمبرگ کا شمار یورپ کے امیر ترین ممالک میں ہوتا ہے جس کی پر کپیٹا جی ڈی پی یورپی یونین میں سب سے زیادہ ہے۔چھ لاکھ 2 ہزار نفوس پر مشتمل اس ملک میں اوسطاً ہر ایک ہزار افراد میں سے 662 کے پاس گاڑیاں ہیں اور گاڑیاں سڑکوں پر آنے سے شہریوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ملک کے دارالحکومت لگسمبرگ سٹی سے بیلجیئم، فرانس اور جرمنی بذریعہ کار تقریبا ڈیڑھ گھنٹے میں پہنچا جاسکتا ہے اور رقبے کے اعتبار سے 2 ہزار 586 اسکوائر کلومیٹر پر مشتمل یہ ملک جزیرہ روڈ کے برابر ہے۔

امریکا میں نو مسلم ایرانی صحافی کو گرفتار کر لیا گیا

واشنگٹن(ویب ڈیسک) ایران کے سرکاری ٹی وی سے منسلک صحافی مارضیہ ہاشمی کو امریکا میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے انگریزی چینل کے لیے کام کرنے والی خاتون صحافی مارضیہ ہاشمی کو امریکی ایئرپورٹ سے ایف بی آئی نے حراست میں لے لیا ہے۔خاتون صحافی کی گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے جب کہ اہل خانہ سے بھی ملنے نہیں دیا گیا، تاہم آج صحافی کی بیٹی سے ٹیلی فون پر بات کرائی گئی ہے۔خاتون صحافی نے اپنی بیٹی کو بتایا کہ ایف بی آئی کے کے اہلکاروں نے ہتھکڑی لگا کر گرفتار کیا اور ایک مجرم کی طرح برتاﺅکیا جا رہا ہے اور مجھے میرا جرم بھی نہیں بتایا جا رہا ہے۔59 سالہ مارضیہ ہاشمی نومسلم خاتون ہیں۔ اسلام قبول کرنے کے بعد سے وہ حجاب لیتی ہیں اور اپنے اہل خانہ سے ملنے ایران سے امریکا پہنچی تھیں تاہم انہوں نے اپنی بیٹی کو بتایا کہ مجھے نقاب ہٹانے اور سور کا گوشت کھانے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی اے کی جانب سے خاتون صحافی کی گرفتاری کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے اور واشنگٹن پولیس نے بھی خاتون کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

بریگزٹ ڈیل پر برطانوی وزیراعظم کو ایک بار پھر تحریک عدم اعتماد کا سامنا

لندن(ویب ڈیسک) برطانوی ایوان سے بریگزٹ ڈیل کے مسترد ہونے کے بعد وزیراعظم تھریسامے کو ایک بار پھر تحریک عدم اعتماد کا سامنا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج ہوگی۔ اپوزیشن نے وزیراعظم تھریسامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد بریگزٹ ڈیل پر 432 ووٹ کے مقابلے میں 202 ووٹ سے ناکامی کے بعد پیش کی۔ ایک ماہ قبل بھی برطانوی وزیراعظم کے خلاف تحریک اعتماد پیش کی گئی تھی جو ناکام رہی تھی۔اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جرمی کوربن نے کہا کہ پارلیمنٹ نے وزیراعظم تھریسامے کے بریگزٹ ڈیل کو بھاری اکثریت سے مسترد کردیا ہے جس کے بعد وزیراعظم اپنا اعتماد کھو چکی ہیں۔واضح رہے کہ برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلاءکا فیصلہ دو برس قبل عوامی ریفرنڈم میں کیا گیا تھا جس پر عمل درآمد کے لیے موجودہ وزیراعظم کو مشکلات کا سامنا ہے۔ صورت حال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تو بریگزٹ ڈیل پر بھی ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔

شیخ رشید کی چیف جسٹس سے ملاقات، ڈیم فنڈ کیلئے چیک پیش کیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی اور ڈیم فنڈ کے لیے چیک پیش کیا۔اطلاعات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے چیف جسٹس سے ملاقات میں ڈیم فنڈ کیلئے 6 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ شیخ رشید کی جانب سے پیش کی گئی رقم پاکستان ریلوے کی طرف سے عطیہ کی گئی ہے۔پاکستان ریلوے نے شیخ رشید کی خصوصی ہدایت پر ڈیم فنڈ قائم کررکھا ہے اور ڈیم فنڈ کیلئے رقم ریلوے ٹکٹ کے ذریعے اکٹھی کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور حکومت پاکستان نے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے ڈیم فنڈ قائم کررکھا ہے اور پاکستانیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دل کھول کر اس فنڈ میں اپنے عطیات جمع کرائیں۔