اسلام آباد(ویب ڈیسک) سینٹرل پاور پرچیزنگ کمپنی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو فی یونٹ بجلی 2 روپے 97 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔ذرائع نیپرا کے مطابق بجلی مہنگی کرنےکی درخواست ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ کمپنی کی درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا کہ ستمبر میں 13 ارب 62 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی جس کی وجہ سے بجلی پیداوار پر لاگت 70 ارب روپے سے زائد رہی۔ذرائع کے مطابق نیپرا 20 اکتوبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔واضح رہے کہ رواں ماہ 8 اکتوبر کو نیپرا نے جولائی کے مہینے کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپیہ 78 پیسے اضافہ کیا تھا اور مزید اضافے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔
All posts by Faisal Khan
بھارت کے تجارتی بائیکاٹ کے باوجود ملائیشین وزیراعظم کشمیر کے بیان پر قائم
ملائیشیا (ویب ڈیسک)ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ بھارتی تاجروں کی جانب سے ملائیشین پام آئل کے غیرمعمولی بائیکاٹ کے باوجود وہ مقبوضہ کشمیر میں نئی دہلی کے اقدامات پر اپنی تنقید سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق مہاتیر محمد کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یہ کہنے کہ بھارت نے کشمیر پر ‘حملہ اور قبضہ’ کیا ہوا ہے کے بعد بھارت کی سب سے بڑی ویجیٹیبل آئل ٹریڈ باڈی کی جانب سے اپنے اراکین کو کہا گیا تھا کہ وہ ملائیشن پام آئل کی خریداری روک دیں۔واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کو حاصل نیم خودمختار حیثیت کا خاتمہ کرکے وہاں کرفیو اور پابندیاں نافذ کردی تھیں جبکہ مواصلاتی نظام بھی معطل کردیا تھا۔مہاتیر محمد نے پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم اپنے ذہن کی بات کرتے ہیں اور ہم پیچھے ہٹتے یا تبدیل نہیں ہوتے’۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ہم جو کہہ رہے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم سب کو (اقوام متحدہ) کی قرار دادوں کی پاسداری کرنی چاہیے ورنہ اقوام متحدہ کا کیا فائدہ ہے؟’ملائیشیا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ممبئی سے تعلق رکھنے والے سالوینٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا کی جانب سے بائیکاٹ کا کیا اثر ہوگا اور مسئلے کو حل کرنے کے طریقے کو دیکھ رہے ہیں۔ادھر مہاتیر محمد کا مزید کہنا تھا کہ ‘یہ بھارتی حکومت نہیں ہے، لہٰذا ہمیں معلوم ہے کہ ان لوگوں سے کیسے بات کرسکتے ہیں، چونکہ تجارت ایک دو طرفہ چیز ہے اور اس کا تجارتی جنگ کی حد تک ہونا خراب ہے’۔اگر دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو دیکھیں تو بھارتی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق 31 مارچ کو ختم ہونے والے مالی سال میں ملائیشیا نے 10 ارب 80 کروڑ ڈالر مالیت کی برآمدات بھارت میں کیں جبکہ درآمدات کا حجم 6 ارب 40 کروڑ ڈالر رہا۔بھارت پام آئل اور اس سے بنی مصنوعات کے لیے 2018 میں ملائیشیا کی تیسری سب سے بڑی برآمدی منزل رہا اور یہاں 6 ارب 84 ارب رنگٹ (ایک ارب 63 کروڑ ڈالر) مالیت کی برآمدات ہوئیں۔قبل ازیں ملائیشیا کی جانب سے گزشتہ ہفتے کہا گیا تھا کہ تجارتی تناو¿ کو کم کرنے کے لیے وہ بھارت سے خام چینی اور بھینس کے گوشت کی درآمدات کو بڑھانے کا سوچ رہا ہے۔واضح رہے کہ دنیا کا سب سے بڑا خوردنی تیل کا درآمد کنندہ بھارت، انڈونیشیا سے پام آئل سمیت ارجنٹینا اور برازیل سے سوئیل اور یوکرین سے سن فلاور آئل خریدتا ہے۔
عمران خان جمہوریت کی بحالی کی راہ میں رکاوٹ ہیں
راولپنڈی (ویب ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جمہوریت کی بحالی اور معیشت کی درستگی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم سب کا مطالبہ ہے کہ نئے الیکشن کرائے جائیں اور نئے الیکشن کے لیے انتخابی اصلاحات ہونی چاہئیں کیونکہ اس کے بغیر الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں، اگر انتخابی اصلاحات نہ ہوئیں تو پھر یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے استعفیٰ لیکر سارے مسائل حل ہو سکتے ہیں کیونکہ وہ جمہوریت کی بحالی، معیشت کی درستی اور میڈیا کی آزادی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔اس دوارن بلاول بھٹو نے قومی احتساب بیورو (نیب) پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب آمریت کا ادارہ ہے، یہ سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج نیب کھلا ہے ہمیں اس انتقامی ادارے کو بند کرنا ہے، اسی وجہ سے حکومت اوردوسرے اداروں کا مو¿قف بھی یہی ہے کہ نیب اور معیشت ساتھ نہیں چل سکتے۔دوسری جانب بلاول بھٹو نے آزادی مارچ میں پیپلز پارٹی کی شمولیت سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ ہم تو مولانا کے آزادی مارچ میں بھرپور سہولت فراہم کر رہے ہیں، ہمارے کارکن مولانا صاحب کی مدد اور آزادی مارچ کا استقبال کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں خود عوامی رابطےکی مہم پر ہوں، 23 اکتوبر کو تھرپارکر میں جلسے سے خطاب کروں گا۔
حفیظ شیخ کی عالمی بینک اور آئی ایم ایف سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں
واشنگٹن (ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے واشنگٹن کے دورے کے دوران عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) آپریشنز ایکسل وان ٹراٹسن برگ اور انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جوجیوا سے علحیدہ ملاقاتیں کیں۔اعلامیے کے مطابق مشیر خزانہ نے ملاقاتوں میں عالمی اداروں کے سربراہان کو پاکستانی معیشت میں استحکام، ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کی
کوششوں اور بالخصوص موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معاشی اشاریوں میں ہونے والی نمایاں بہتری سے آگاہ کیا۔عالمی بینک کے ایم ڈی ایکسل وان ٹراٹسن برگ نے مشیر خزانہ کو بتایا کہ پاکستان عالمی بینک کے اہم ترین شراکت داروں میں سے ایک ہونے کے علاوہ انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کردہ امداد سے بھی بڑے پیمانے پر استفادہ کر رہا ہے۔عالمی بینک کے سربراہ نے معاشی نمواورترقی کیلئے بھر پور امداد کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو عالمی بینک کے دستیاب وسائل کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔مشیر خزانہ نے پاکستان میں عالمی بینک کے منصوبوں کی تکمیل کی رفتار بہتر بنانے کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیں آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں اصلاحات متعارف کروائے جانے کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 6 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت عالمی مالیاتی فنڈ تین سالہ معاشی پیکج کے تحت پاکستان کو یہ رقم فراہم کرے گا۔رواں سال جون میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض کا معاہدہ طے پایا تھا۔
ہانگ کانگ میں مسجد کے سامنے نیلا رنگ پھینکنے پر حکومت کی معذرت
ہانگ کانگ (ویب ڈیسک)ہانگ کانگ میں گزشتہ کئی روز سے جاری مظاہروں کے دوران ایک مسجد کے سامنے آبی توپ سے نیلا رنگ پھینکے جانے پر ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو نے معذرت کرلی۔ہانگ کانگ میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے واٹر کینن کے ذریعے نیلا رنگ پھینکا جارہا تھا۔اس دوران واٹر کینن کی زد میں مسجد بھی آ گئی جس کے باعث مسجد کے دروازے کے علاوہ، دیواریں اور سیڑھیاں نیلی ہوگئیں۔واقعے کے بعد ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو کیری لام نے مسجد کا دورہ کیا اور امام مسجد سے ملاقات کے دوران واقعے پر معذرت کی۔اس
موقع پر چیف امام محمد ارشد نے معذرت قبول کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مسلمان برادری ہانگ کانگ میں امن سے ساتھ رہے گی۔ہانگ کانگ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ مسجد کی سیٹرھیوں اوردروازے کےسامنے نیلا رنگ حادثاتی طورپراسپرے ہوا،ہم مذہبی آزادی کااحترام کرتےہیں اورہانگ کانگ میں تمام عبادت گاہوں کی حفاظت کیلئےپرعزم ہیں۔واضح رہے کہ چین کے نیم خود مختارعلاقے ہانگ کانگ میں 20 ہفتوں سے حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں جس میں پولیس سے جھڑپوں میں سیکڑوں افراد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ ڈھائی ہزار سےزائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ہانگ کانگ میں مظاہرین نے اہم رہنماو¿ں کے استعفے کا مطالبہ کردیامظاہرین کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ان قوانین کو ختم کرے جن سے ان کی جمہوری ا?زادیاں اور خودمختاری متاثر اور چینی کمیونسٹ نظام کی گرفت مضبوط ہوتی ہے۔خیال رہے کہ 1997 میں برطانیہ کی جانب سے ہانگ کانگ چین کو واپس کیے جانے کے بعد سے وہاں کے لوگوں کو چین کے مقابلے میں ایک ملک دو نظام کی پالیسی کے تحت بہت سی ا?زادیاں حاصل ہیں۔
نیلم منیر نے پرستاروں کو آئٹم سونگ‘ کرنے کی وجہ بتادی
لاہور (ویب ڈیسک)اداکارہ نیلم منیر نے اپنے مداحوں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے اپنی آنے والی فلم ’کاف کنگنا‘ میں آئٹم سونگ کرنے کی نہ صرف وجہ بتادی بلکہ آئندہ کبھی بھی سونگ آئٹم نہ کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔باصلاحیت اداکارہ نیلم منیر نے ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں یکساں طور پر کامیابیاں حاصل کیں۔ 2010ءآمیں ڈرامہ ’قید تنہائی‘ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی نیلم منیر نے 30 ڈراموں اور 5 ٹیلی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ڈراموں میں اپنی اداکاری سے نیلم منیر مداحوں کے دل تو فتح کر ہی چکی تھیں لیکن 2017 میں فلم ہدایت کاروں کی نگاہ انتخاب حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔ انہوں نے ’چھپن چھپائی‘
اور ’رانگ نمبر 2‘ جیسی کامیابی فلمیں دیں جب کہ تیسری فلم ’کاف کنگنا‘ رواں برس ریلیز ہوگی جس میں نیلم منیر نے آئٹم سونگ کیا ہے۔نیلم منیر کے پرستاروں کو اپنی پسندیدہ اداکارہ کا آئٹم سونگ میں پرفارم کرنا اچھا نہیں لگا اور سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے اعتراضات ا±ٹھائے جس پر نیلم منیر نے انسٹا گرام پر اپنی پوسٹ میں وضاحت پیش کی کہ ’ فلم کاف کنگنا‘ میں آئٹم سونگ کرنے کے لیے صرف اس لیے راضی ہوئی کیوں کہ یہ آئی ایس پی آر کا پروجیکٹ ہے۔نیلم منیر نے مزید لکھا کہ یہ میرے فلمی کیرئیر کا پہلا اور آخری آئٹم سونگ ہے، میں جو بھی کرتی ہوں اس کا فخریہ اظہار بھی کرتی ہوں، پاکستان کے لیے میری جان بھی حاضر ہے اور مجھے امید ہے شائقین فلم میری یہ فلم دیکھنے سینما گھر ضرور جائیں گے۔
بلاول بھٹو کو سمجھ نہیں آرہی لاڑکانہ میں بھٹو کیسے مر گیا، فردوس عاشق
لاہور (ویب ڈیسک)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور عمران خان لازم و ملزوم ہیں، ان کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں جبکہ بلاول بھٹو کو اس وقت سمجھ نہیں آرہی کہ لاڑکانہ میں بھٹو کیسے مر گیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی پر پاک فوج کی بروقت اور بھرپور کارروائی سے ثابت ہو گیا کہ ہم دفاع سے غافل نہیں، افواج پاکستان نے ایک دفعہ پھر جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو ملیا میٹ کر دیا اور اس جھوٹے بیانیے پر مہر ثبت کر دی جو بھارتی میڈیا پروپیگنڈا اور کشمیر کے اندر کیمپوں کو تباہ کرنے کی صورت میں کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آپس میں اختلافات سیاسی بیانیے پر ہو سکتے ہیں لیکن قومی بیانیے پر ہم اکٹھے ہیں اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جوا ب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو اس وقت سمجھ نہیں آرہی کہ لاڑکانہ میں بھٹو کیسے مر گیا، جس بھٹو کو زندہ رکھتے ہوئے وہاں کے عوام اور بچے بھوک سے دم توڑ رہے ہوں اور وہاں غربت ناچ رہی ہے، امن و امان کی بدترین صورتحال ہے، بیڈ گورنس کی داستانیں ہر ایک کی زبان پر ہیں لیکن بلاول بھٹو اپنی کوتاہیوں، ناکامیوں اور بدانتظامیوں کو جانچنے کی بجائے وفاقی حکومت پر چڑھائی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ بغض پر مبنی ان کا بیانیہ اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ان کے پاس عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویز موجود نہیں اور جب وہ قانونی دفاع نہیں کر سکتے تو میڈیا میں عدالت لگا کر وزیراعظم کی کردار کشی اور نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کسی وقت وفاق کی پارٹی ہوتی تھی وہ آج کرپشن کی بدولت مولانا فضل الرحمٰن کے تانگے کے پائیدان کے ساتھ لٹکی نظر آ رہی ہے اور معصوم بچوں کو تانگے پر بٹھا کر ملک کا امن خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم اس سے غافل نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عمران خان لازم و ملزوم ہیں، ان کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا مولانا فضل الرحمٰن کا آئینی و جمہوری حق ہے تاہم حکومت عوام کو یرغمال نہیں بننے دے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، مخالفین کی گھر کو گھر کے ہی چراغ سے آگ لگانے کی خواہش پوری نہیں ہوگی اور انہیں مایوسی ہوگی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے اور کمیٹی میں بیٹھے سیاستدانوں کی ڈوریاں کہیں اور سے جیل میں بیٹھے سزا یافتہ قیدی ہلا رہے ہیں، جن کے بچے اپنے اوپر لگے الزامات کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان آنے کو تیار نہیں وہ قوم کے بچوں کو اپنی ذاتی خواہشات کا ایندھن بنانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر یوم سیاہ ہے، اس دن مظلوم کشمیریوں کے بیانیے کو تقویت دینے کے لیے پوری قوم پرعزم ہے اور اپوزیشن جب جب پاکستان کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کی طرف قدم بڑھائے گی وزیراعظم اور زیادہ معاشی منزل کی طرف قدم بڑھائیں گے۔
فیس بک صحافتی اداروں کے ساتھ ’نیوز ٹیب‘ متعارف کرانے کو تیار
کیلفورنیا (ویب ڈیسک)رواں برس اپریل میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے خیال ظاہر کیا تھا کہ جلد ہی سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے نیا سیکشن متعارف کرایا جائے گا۔مارک زکربرگ کے اعلان کے بعد رواں برس اگست میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ ’فیس بک‘ پر ’نیوز ٹیب‘ نامی خبروں کا نیا سیکشن متعارف کرایا جائے گا۔کمپنی کا کہنا تھا کہ ’نیوز ٹیب‘ سیکشن کے لیے صحافیوں اور صحافتی اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور فوری طور پر اس سیکشن پر امریکا میں کام کیا جائے گا۔فیس بک نے واضح نہیں کیا تھا کہ کب تک ’نیوز ٹیب‘ کو متعارف کرایا جائے گا، تاہم خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ رواں برس کے ا?خر یا 2020 کے آغاز میں نئے سیکشن کو متعارف کرایا جائے گا۔اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ فیس بک اور امریکا کے مختلف صحافتی ادارے ’نیوز ٹیب‘ سیکشن کو متعارف کرانے کے سمجھوتے پر رضامند ہوگئے۔امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کے مطابق ’نیوز ٹیب‘ کو متعارف کرانے کے لیے فیس بک کا مختلف امریکی میڈیا ہاو¿سز کے درمیان سمجھوتہ پا گیا ہے، تاہم اسے حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے۔رپورٹ کے مطابق ‘نیوز فیڈ‘ کے لیے اہم اور بڑی
خبریں فراہم کرنے والے میڈیا ہاو¿سز کو فیس بک رقم ادا کرے گا اور اس کام کے لیے اداروں کے درمیان تحریری معاہدہ ہوگا۔رپورٹ کے مطابق ’نیوز ٹیب‘ کے لیے فیس بک کے ساتھ ’نیوز کارپوریشن، وال اسٹریٹ جرنل، واشنگٹن پوسٹ، ڈاو¿ جونس اور نیو یارک ٹائمز‘ کے درمیان ابتدائی معاہدہ طے پاگیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیویارک ٹائمز نے فیس بک سے معاہدہ طے پاجانے کے حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم امکان ہے کہ جلد معاہدہ کا حتمی اعلان کردیا جائے گا۔فیس بک اور میڈیا ہاو¿سز کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت مذکورہ ادارے اپنی اہم اور بڑی خبریں، تجزیے و رپورٹس ’نیوز ٹیب‘ سیکشن کے لیے فراہم کریں گے۔’نیوز ٹیب‘ سیکشن فیس بک پر دیگر سیکشنز کی طرح کام کرے گا، جس طرح اس وقت سوشل ویب سائٹ پر نیوز فیڈ، واچ پارٹی اور دیگر سیکشن کام کر رہے ہیں۔فیس بک اور صحافتی اداروں کے درمیان ابتدائی معاہدے طے پاجانےکے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے آخر یا پھر آئندہ سال کے آغاز تک ’نیوز ٹیب‘ کو متعارف کرادیا جائے گا۔
عالمی مارکیٹ سمیت پاکستان بھر میں سونے کی قیمت میں اضافہ
کراچی(ویب ڈیسک) سونے کی فی تولہ قیمت 300 روپے اضافے کے بعد 87 ہزار 200 روپے ہوگئی۔ میڈیاکے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 1 ڈالر کا اضافہ ہوا اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1492 ڈالر پر پہنچ گئی، دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 300 روپے اور 257 روپے کا اضافہ ہوگیا۔قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 87 ہزار 200 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 74 ہزار 760 روپے ہو گئی، تاہم اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1000 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 857 روپے 34 پیسے پر مستحکم رہی۔
کوئٹہ کے اسپینی روڈ پر دھماکا، پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی
کوئٹہ (ویب ڈیسک)کوئٹہ کے اسپینی روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع نے کہا کہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیے جانے والے دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا، جس سے وین کو جزوی نقصان پہنچا۔دھماکا خیز مواد سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور جب اس کے پاس سے پولیس موبائل گزری تو اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا گیا۔ذرائع نے کہا کہ زخمیوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔دھماکے کے بعد پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔