All posts by Faisal Khan

منی بجٹ پرقومی اتفاق رائے پیدا کرناہوگا، ایم کیوایم/ن لیگ

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور مسلم لیگ ن منی بجٹ پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے پر متفق ہوگئے۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ حالات میں عوام پر اتنا بوجھ ڈالنا مناسب نہیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں کہ ایسی اشیاء جن پر ٹیکس لگانے سے عام آدمی پر اثر پڑ رہا تھا، اس حوالے سے ہم نے گزارشات تیار کی ہیں۔

مسلم لیگ ن کا وفد رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچا، وفد میں مفتاح اسماعیل، شاہ محمد شاہ، کھیل داس کوہستانی اور دیگر رہنماء شامل تھے۔

مسلم لیگ ن کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی، جس میں منی بجٹ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل فیصل سبزواری، کشور زہرہ، محمد حسین، شکیل احمد، زاہد منصوری، جاوید حنیف بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمارے پرانے تعلقات ہیں، اسمبلیوں میں بھی ہماری ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، منی بجٹ سمیت بہت سارے معاملات پر گفتگو ہوئی۔

احسن اقبال کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت نے منی بجٹ میں 350 ارب سے زائد کا بوجھ ڈال دیا، ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ حالات میں عوام پر اتنا بوجھ ڈالنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی ایک خود مختار ادارہ ہے، ہم اس حوالے سے اپوزیشن سمیت مختلف اتحادی جماعتوں سے بھی ملاقاتیں کررہے ہیں، حکومت کو اس بجٹ پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا چاہئے تھا، اپوزیشن سمیت حلیف جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جانا چاہئے تھا۔

ن لیگی رہنماء کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم بھی ایک غریب اور متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے، ہم جس جماعت کے پاس آئے ہیں ان کے بزرگوں نے تحریک پاکستان کیلئے قربانیاں دیں، ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری گزارشات پر ایم کیو ایم کی قیادت غور کریگی۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا ن لیگ کے مؤقف پر کہنا تھا کہ ایسی اشیاء جن پر ٹیکس لگانے سے عام آدمی پر اثر پڑ رہا تھا، اس حوالے سے ہم نے گزارشات تیار کی ہیں، ملاقات میں جو بات ہوئی، اس سے کچھ نکات ہم اپنی گزارشات میں شامل کریں گے۔

ایم کیو ایم کنوینر نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو اس حوالے سے مل کر فیصلہ کرنا چاہئے، پاکستان اور پاکستان کی عوام کیلئے جو بھی فیصلہ بہتر ہوگا وہ کریں گے، ہمیں اپنی سیاست سے زیادہ اپنا وطن عزیز ہے۔

سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا

پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا، فی تولہ نرخ 100 روپے اور فی اونس 17 ڈالر بڑھ گئے۔

صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کو پاکستان میں سونے کے فی تولہ نرخ 100 روپے اضافے سے ایک لاکھ 26 ہزار 250 روپے کی سطح پر آگئے جبکہ 10 گرام سونا 86 روپے مہنگا ہوکر ایک لاکھ 8 ہزار 239 روپے کا ہوگیا۔

پاکستان میں اکتوبر کے آخری ہفتے میں سونا ایک لاکھ 32 ہزار روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کے فی اونس نرخ 17 ڈالر اضافے سے 1820 ڈالر ہوگئے۔

منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت 150 روپے جبکہ فی اونس 22 ڈالر گرگئی تھی۔

ملک میں چاندی کی فی تولہ قیمت 1460 روپے اور 10 گرام 1251.71 روپے پر برقرار ہے۔ فی اونس چاندی کے نرخ 0.30 ڈالر اضافے سے 23.10 ڈالر کی ہوگئی۔

اومیکرون؛ ایک عمرے کے فوری بعد دوسرا عمرہ کرنے کی سہولت ختم

ریاض: 

سعودی عرب نے اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر کورونا پابندیوں میں مزید سختی کرتے ہوئے ایک عمرے کے بعد فوری طور پر دوسرے عمرے کی سہولت ختم کردی ہے۔ 

سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے عمرہ پرمٹ کے اجرا کی پالیسی میں تبدییلی کرتے ہوئے ایک عمرے کے بعد دوسرے عمرے کے درمیان کم از کم  10 دن کا وقفہ لازمی قرار دیدیا ہے۔

قبل ازیں معتمرین کو ایک عمرے کے فوری بعد دوسرا عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کی اجازت تھی تاہم اب یہ سہولت ختم کرتے ہوئے 10 روز سے کم وقفے پر اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ یہ اقدام اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث اُٹھایا گیا ہے۔

سعودی حکومت کے اس اقدام کا مقصد رش کو کم کرنا اور مطاف میں طواف اور نماز کے دوران سماجی فاصلہ سمیت احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔

واضح رہے کہ اومیکرون ویریئنٹ کے کیسز میں اضافے کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں کورونا پابندیاں دوبارہ نافذ کی جا رہی ہیں۔ حال ہی میں ماسک کی پابندی اور سماجی فاصلہ رکھنے کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کورونا وبا؛ ہانگ کانگ نے پاکستان سمیت 8 ممالک کی پروازوں پر پابندی لگادی

وکٹوریہ سٹی: 

ہانگ کانگ نے کورونا وبا کی پانچویں لہر کے تناظر میں پاکستان اور بھارت سمیت 8 ممالک سے آنے والی پروازوں پر دو ہفتے کی پابندی کا اعلان کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’راٹرز‘ کے مطابق ہانگ کانگ کی رہنما کیری لام نے بتایا کہ آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس، بھارت، پاکستان، فلپائن، برطانیہ اور امریکا سے آنے والی پروازوں بشمول انٹر چینجز پر 8 جنوری سے 21 جنوری تک پابندی ہوگی۔

کیری لام نے کہا کہ کورونا وبا کی پانچویں لہر متوقع ہے جس کے بارے میں کسی بھی اعلان ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ہانگ کانگ میں 38 نئے کورونا وائرس کیسز ریکارڈ کیے گئے لیکن صرف ایک لوکل ٹرانسمیشن تھا جبکہ باقی وہ لوگ تھے جو شہر واپس آئے تھے اور قرنطینہ کے دوران مثبت ٹیسٹ آئے۔

اس حوالےسے کیری لام نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ مقامی سطح پر غیر محسوس طریقے سے ٹرانسمیشن تبدیلی ہو سکتی ہیں۔

رہنما نے کہا کہ حکومت ’بچوں کے فائدے کے لیے‘  فی الحال کلاسز معطل نہیں کرے گی۔

اقوام متحدہ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن مکمل کرنے پر پاکستان کی معترف

جنیوا: 

اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے نے افغان مہاجرین کی اسمارٹ کارڈ رجسٹریشن کو کامیابی سے مکمل کرنے پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے اقوام متحدہ کے ادارے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (UNHCR) نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی جانب سے 14 لاکھ افغان پناہ گزینوں کا ڈیجیٹل ڈیٹا مرتب کرکے 7 لاکھ کو اسمارٹ کارڈ بھی جاری کردیئے ہیں جو قابل تعریف ہے۔

یو این ایچ سی آر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں 14 لاکھ پناہ گزینوں میں 5 سال سے کم عمر کے 2 لاکھ بچے شامل ہیں۔ پاکستان نے اس کام کے لیے ملک گیر کامیاب مہم چلائی ہے۔

واضح رہے کہ اگست کے وسط میں طالبان کے افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے پناہ گزینوں کی بڑی تعداد پاکستان کی سرحدوں پر پہنچی تھی جن کی انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر آبادکاری اور رجسٹریشن کے لیے حکومت تیزی سے کام کررہی ہے۔

سول ایوی ایشن پرعائد عالمی پابندیاں ختم

 اسلام آباد: 

ہوا بازی کی عالمی تنظیم اکاؤ کی جانب سے پاکستان سول ایوی ایشن پر عائد عالمی پابندیاں ختم کردی گئی۔

ہوا بازی کی عالمی تنظیم  انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن ( اکاؤ) کی جانب سے ڈی جی سول ایوی ایشن کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں سی اے اے پر سے ’سیگنیفکنٹ سیفٹی کنسرن‘ کا اعتراض اٹھانے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی جانب سے ’سیگنیفکنٹ سیفٹی کنسرن‘ اعتراض اُٹھانے سے پاکستان کی سول ایوی ایشن پر عائد سفری پابندیاں بھی ختم ہوجائیں گی۔ جس کی روشنی میں دوسرے مرحلے میں الیکٹرانک بلیٹن جاری کیا جائے گا۔

سول ایوی ایشن پر اکاؤ کے اس اعتراض کے خاتمے سے یورپی یونین کی جانب سے بھی پاکستان پر عائد سفری پابندیاں بھی اُٹھائے جانے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں جس پر سول ایوی ایشن نے برطانیہ اور یورپی یونین سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔

سول ایوی ایشن برطانیہ اور یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی کو سی اے اے کی جانب سے حفاظتی خدشات کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا اوراس بات پر زور دیا جائے گا کہ پاکستانی رجسٹرڈ ایئر لائنز کو جلد از جلد برطانیہ اور یورپ کے لیے آپریشن کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ عالمی ہوابازی کی تنظیم اکاؤ نے دسمبر میں پاکستان سول ایوی ایشن کا مکمل آڈٹ کیا تھا جس میں سی اے اے نے 72.77 فیصد رینکنگ حاصل کی تھی جس پر اکاو نے اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

گورنر اسٹیٹ بینک کو وزیراعظم سے زیادہ بااختیار بنا دیا گیا ہے، احسن اقبال

مسلم لیگ(ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے قانون میں گورنر اسٹیٹ بینک کو پاکستان کے وزیر اعظم سے بھی زیادہ طاقتور اور بااختیار بنا دیا ہے، گورنر براہ راست صرف بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی بات سنے گا اور اس قانون کے ذریعے حکومت پاکستان کو بینکوں کا یرغمال بنا لیا گیا ہے۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ فسکل مانیٹری بورڈ کو اسٹیٹ بینک کے قانون میں ختم کیا گیا ہے اس کے نتیجے میں پاکستان میں معاشی سطح پر انتشار پیدا ہو گا جبکہ فسکل اور مانیٹری پالیسی کو کوآرڈینیٹ کرنے کا میکانزم ختم کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح اس میں جو شرائط شامل کی گئی ہیں اس میں اسٹیٹ بینک کے گورنر کو پاکستان کے وزیر اعظم سے بھی زیادہ طاقتور اور بااختیار بنا دیا ہے، پاکستان کا وزیر اعظم تو پھر بھی پارلیمنٹ کو جوابدہ ہے لیکن گورنر اسٹیٹ بینک نہ پارلیمنٹ کو جوابدہ ہو گا، نہ اس ملک میں کسی کی بات سننے کا مجاز ہو گا، وہ اگر کسی کی بات سنے گا تو بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی بات سننے کا مجاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس قانون کے ذریعے حکومت پاکستان کو بینکوں کا یرغمال بنا لیا گیا ہے اور جب حکومت پاکستان اپنا تمام قرضہ بین الاقوامی بینکوں سے لے گی تو وہ اپنی شرائط پر قرض دیں گے اور ملک کی مالی خودمختاری پر بھی سمجھوتہ ہو گا۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ ہمارے نزدیک اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کا بل ملک کی معاشی خودمختاری کو سرینڈر کرنے کا بل ہےاور ہم سمجھتے ہیں کہ ہر پاکستانی ملک کے دفاع اور خودمختاری میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے درخواست کی کہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے اسٹیٹ بیننک کے قانون پر نظرثانی کریں اور اس میں وہ شقیں نکالیں جو قابل اعتراض ہیں اور جن سے پاکستان کی مالی خودمختاری پر سمجھوتہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ گزارشات کسی سیاست کے جذبے کے تحت نہیں کی ہیں، یہ حکومت اور اپوزیشن کی بات نہیں ہے، یہ پاکستان کے عوام اور پاکستان کی بات ہے۔

احسن اقبال نے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو بھی اس بل پر نظرثانی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو پہلے پاکستانی بن کر سوچنا چاہیے تاکہ ہم وہ کام کریں جو پاکستان کے مفاد میں ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایسے آئٹمز جن کا براہ راست اثر عوام پر پڑ رہا تھا، ان پر ہم قومی اسمبلی میں اپنی سفارشات جمع کرانا چاہ رہے تھے لیکن آج ہم نے مسلم لیگ(ن) کی بات بہت غور سے سنی ہے اور کئی پہلوؤں پر دوبارہ غور کریں گے جبکہ ہو سکتا ہے کہ ہمیں اب اپنی ترامیم میں ایک دو نکات کا اضافہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ کے بعد جو صورتحال ہے اس کے بعد ضروری ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر فیصلہ کرنا چاہیے، ہم حکومت کا حصہ ہیں یا نہیں ہیں اس بات سے قطع نظر جو فیصلہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کے لیے صحیح ہو گا، ہم وہی کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور ہماری ڈیل صرف عوام کے ساتھ ہے، میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے بھی اس کی وضاحت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ضمنی انتخابات میں تواتر کے ساتھ مسلم لیگ(ن) اور اس کے بیانیے پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کے موجودہ معاشی بحران کا حل فوری، صاف اور شفاف انتخابات ہیں کیونکہ 2018 کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے قائد نواز شریف کا یہ نظریہ ہے کہ پاکستان کے مسائل کو کوئی بھی ایک لیڈر، کوئی ایک جماعت اور کوئی ایک ادارہ تنہا حل نہیں کر سکتا اور پاکستان کو درپیش سیاسی، سفارتی اور معاشی چیلنجز کا حل یہی ہے کہ ہر محب وطن آئین اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ملکی سلامتی اور ملکی مفادات کے ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے جامع سیاست کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب مرکز میں ہماری حکومت تھی تو خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف اور صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی لیکن ہم نے دونوں حکومتوں کو ملا کر سی پیک نیشنل ایکشن پلان اور قومی توانائی پالیسی سمیت قومی پالیسیوں کو کامیاب بنایا لیکن اگر آج اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کوئی تنہا پاکستان کو منزل مراد پر لے کر جا سکتا ہے وہ خودفریبی ہو گی۔

بھاولپور سے اغوا 2 بہنیں کراچی سے بازیاب

کراچی: 

ملیر سٹی پولیس نے بھاولپور سے اغوا کر کے لائی گئیں 2 سگی بہنوں کو بازیاب کرلیا۔

دونوں بہنوں کے اغوا کا مقدمہ تھانہ خیر پور ٹامیوالی ضلع بھاولپور میں والد سلطان احمد کی مدعیت میں درج ہے ۔ اس حوالے سے ایس ایچ او ملیر سٹی چوہدری اسلم نے بتایا کہ بازیاب کرائی گئی دونوں بہنوں 18 سالہ عائشہ اور اس کی چھوٹی بہن 17 سالہ طاہرہ دختر سلطان احمد کو علاقے میں واقع پاپولر پلازہ سے مدد گار 15 پولیس پر کی جانے والی کال پر بازیاب کرایا گیا ہے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں بہنوں کو نکاح کی غرض سے کراچی لایا گیا تھا جبکہ مذکورہ واقعہ خاندانی تنازعہ معلوم ہوتا ہے تاہم ملیر سٹی پولیس نے پنجاب کے متعلقہ تھانے کی پولیس کو لڑکیوں کی بازیابی کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے ۔

شہباز نے الیکشن کمیشن کی رپورٹ کو عمران خان پر فرد جرم قرار دے دیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو وزیراعظم عمران خان پر فرد جرم قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ سچائی خاص انداز سے لوگوں کو بے نقاب کرتی ہے، اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ عمران خان پر واضح فرد جرم ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ سب جان گئے کہ پی ٹی آئی 7 سال سے غیرقانونی فارن فنڈنگ سے کیوں بھاگ رہی تھی؟ ’صادق اور امین‘ کے پردے کی دھجیاں اُڑ گئی ہیں۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ  اسکروٹنی کمیٹی کی رپوٹ سب کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، رپورٹ میں فنڈنگ میں خورد برد کے اشارے انتہائی خطرناک رجحانات کی نشاندہی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ جن غیرملکی قوتوں نے پی ٹی آئی کو بھاری مالی معاونت دی، عمران خان اب انہی قوتوں کےمفادات کےتحفظ میں مصروف ہیں۔

پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر اور دیگر کرنسیوں کے آج کے ریٹس

ملکی تبادلہ مارکیٹوں میں روپے کی قدر ڈالرکے مقابلے میں مستحکم رہی۔

انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ  ایک پیسہ کم ہوکر 176 روپے 74 پیسے ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ179 روپے برقرار ہے۔