All posts by Muhammad Saqib

ہیلی کاپٹرز کا استعمال، عمران کو نادہندہ قرار دینے کیلئے الیکشن کمیشن کا نیب کو خط

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے پرعمران خان اور دیگر افراد سے ریکوری کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی احتساب بیورو کو خط لکھ دیا جس میں عمران خان اور دیگر غیرمجاز افراد کو متعلقہ فورم سے نادہندہ قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ نادہندہ افراد کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے، قانون کے مطابق مزید کارروائی کیلئے نادہندگان کی فہرست ریٹرننگ افسران کو بھیجی جائے گی۔
نیب دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا کے دو سرکاری ہیلی کاپٹرز میں 1800 غیرقانونی سفر کیے گئے، سیاست دانوں نے 588 اور سرکاری اہلکاروں نے 577 بار ہیلی کاپٹرز کو استعمال کیا، دیگر افراد نے بھی 635 مرتبہ سرکاری ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سفر کیا۔
دستاویز کے مطابق ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے والے غیر مجاز افراد کیخلاف 19 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایا جات ہیں، سیاست دانوں کے ذمہ 9 کروڑ، 68 لاکھ روپے سے زائد واجب الادا ہیں۔
نیب دستاویز کے مطابق سرکاری اہلکاروں کے ذمہ 5 کروڑ،8 لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایا جات بنتے ہیں، دیگر افراد کے ذمہ 5 کروڑ روپے سے زیادہ کے بقایا جات ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی نے یکم نومبر 2008 سے ہیلی کاپٹرز کے استعمال کو قانونی قرار دیا تھا، مسلم لیگ ن نے ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے متعلق قانون میں ترمیم پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھی ہے۔

شہباز شریف کا شام کے وزیر اعظم کو ٹیلیفون، جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شام کے وزیرِ اعظم حسین آرنوس کو ٹیلی فون کر کے شام میں زلزلے سے شدید جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے حسین آرنوس کی ہمشیرہ، ان کے 11 بچوں، پوتوں اور نواسوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا، وزیر اعظم نے مرحومین کیلئے بلندیٔ درجات اور سوگواروں کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی، پاکستان کی طرف سے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ شام میں المناک نقصان پر پاکستانی عوام گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں، شامی بھائیوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کریں گے، شام میں پاکستان کے سفیر اس سلسلے میں شامی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی زلزلہ زدگان کیلئے امداد پر مشتمل ایک خصوصی طیارہ شام بھیج چکا ہے، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی ایک طبی ٹیم بھی بہت جلد شام پہنچے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ امدادی سامان سے بھرے ٹرکوں پر مشتمل قافلہ بھی جلد روانہ کیا جائے گا، مشکل وقت پاکستان اپنے شامی بہن بھائیوں کی ہرممکن مدد کرے گا۔

ننکانہ صاحب: مشتعل افراد نے ملزم کو تھانے سے نکال کر ہلاک کردیا

ننکانہ صاحب: (ویب ڈیسک) واربرٹن کے علاقے میں مشتعل افراد نے پولیس کے زیر حراست ملزم کو تھانے سے نکال کر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ہلاک کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتعل افراد کے حملے کے دوران ایس ایچ او سمیت پولیس اہلکار اپنی جان بچاتے ہوئے تھانے سے بھاگ گئے، ملزم 2 سال جیل کاٹنے کے بعد واپس آیا تھا۔
واقعے کے بعد حکام کی جانب سے ڈی ایس پی ننکانہ سرکل نواز ورک اور ایس ایچ او واربرٹن فیروز بھٹی کو معطل کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے تھانہ واربرٹن واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا جبکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

کوئٹہ: فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) جناح روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کرکے واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔

پارسل کے ذریعے ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی: (ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے شاہراہ فیصل پرنجی کورئیر آفس سے پارسل کے ذریعے بیرون ملک ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں،خفیہ اطلاع پر شاہراہ فیصل پر واقع نجی کوریئر آفس سے لندن بھیجے جانیوالے پارسل سے 930 گرام ہیروئین برآمد کرلی گئی۔
انسداد منشیات فورس کے مطابق برآمد شدہ منشیات جیکٹس میں چھپائی گئی تھی۔ دوسری جانب پشاورمیں نجی یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم سے 3کلو600گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف اورایف سی نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران پاک افغان بارڈر پر28کلوگرام چرس تحویل میں لی،ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔

لاہور قلندرز کی طاقت اس کی باؤلنگ ہے، عاقب جاوید

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز کی طاقت اس کی باؤلنگ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم سب سے بہترین سٹیڈیم ہے، لوگوں کو پی ایس ایل دیکھنے کا موقع ملے گا، ملتان کے لوگ اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا ٹیموں میں کوئی فرق نہیں ہے، 2020ء میں ہماری ٹیم مکمل ہوگئی تھی، اس بار ہم نئے باؤلر اور کیپر بھی لائے ہیں، اب دیکھنا ہے ملتان سلطانز کو سپورٹ زیادہ ملتی ہے یا لاہور قلندر کو۔
عاقب جاوید کا مزید کہنا تھا کہ محمد عامر کی بی پی ایل میں باؤلنگ سپیڈ پر شک ہے، بی پی ایل میں باؤلنگ سپیڈ معمول سے زیادہ لگ رہی تھی۔

غربت کی وجہ سے نوجوان منشیات کی لت میں مبتلا ہورہے ہیں، جاوید میانداد

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم بیٹر جاوید میانداد نے منشیات کے بڑھتے استعمال کو غربت کی بڑی وجہ قرار دے دیا۔
منشیات کو نذرآتش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ غربت کی بڑی وجہ نوجوانوں کا منشیات کی لت میں پڑنا بھی ہے۔جب ایک گھر کا بچہ نشے میں پڑتا ہے تو باپ کی کمائی اس کی نظر جاتی ہے۔والدین اپنے بچوں پر گہری نظر رکھیں اور دیکھیں کہ ان کے بچوں کا آنا جانا، ملناجلنا اور دوستی کن افراد سے ہے۔
جاوید میانداد نے مزید کہا کہ ہمارے زمانے میں بچوں کو رات کے وقت گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوتی تھی۔آج کل میں دیکھتا ہوں کہ جوانی کی دہلیز پر قدم رکھنے والے بچے رات کو دو سے تین بجے تک سڑکوں پر سرکرداں نظر آتے ہیں۔والدین کی عدم توجہ اور غفلت کی وجہ سے بچے منشیات کی لت میں پڑ جاتے ہیں۔

ضابطے کی خلاف ورزی، بھارتی کرکٹر رویندرا جڈیجا پر جرمانہ عائد

دبئی: (ویب ڈیسک) ضابطے کی خلاف ورزی پر ناگپور ٹیسٹ کے پلیئر آف دی میچ رویندرا جڈیجا پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ اور میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، رویندرا جڈیجا نے پہلی اننگز کے 46ویں اوور میں انگلی پر کریم لگا کر ضابطے کی خلاف ورزی کی تھی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کا کہنا ہے کہ رویندرا جڈیجا نے ہاتھ کی انگلی پر درد کم کرنے والی کریم فیلڈ امپائر کی اجازت کے بغیر لگائی تھی۔
دوسری جانب بھارتی آل راؤنڈر آئی سی سی کی سزاؤں کو تسلیم کیا ہے، رویندرا جڈیجا آئی سی سی کے فیصلے کیخلاف اپیل نہیں کریں گے۔

فجیرہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو مقابلوں میں پاکستان کے نام ایک اور اعزاز

فجیرہ: (ویب ڈیسک) پاکستان رینجرز پنجاب کے سب انسپکٹر ہارون خان نے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے فجیرہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کر کے ملک کا نام روشن کر دیا، ایونٹ میں 60 ممالک نے حصہ لیا تھا۔
سب انسپکٹر محمد ہارون پاکستان کے ابھرتے ہوئے سپورٹس سٹار ہیں جو گزشتہ 6 ماہ سے تائیکوانڈو کے بین الاقوامی مقابلوں میں چھائے ہوئے ہیں، بین الاقوامی سطح پر پاکستان رینجرز پنجاب کے اس ہیرو کی یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔
اس سے قبل ہارون خان انٹرنیشنل ماؤنٹ ایورسٹ چیمپئن شپ نیپال میں بھی کانسی کا تمغہ حاصل کر چکے ہیں جس میں 29 ممالک نے حصہ لیا تھا۔
ایران میں منعقد ہونے والی ورلڈ ملٹری گیمز میں بھی سب انسپکٹر ہارون خان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا جس میں 37 ممالک نے حصہ لیا تھا۔

جنوبی افریقا کے سب سے مقبول گلوکار شو سے قبل حملے میں ہلاک

ڈربن: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے مقبول ترین ریپرز میں سرفہرست کیرنن فوربس ایک نائٹ کلب میں داخل ہونے سے قبل ہونے والے حملے میں ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق AKA کے نام سے شہرت رکھنے والے جنوبی افریقا کے مقبول ترین ریپر 35 سالہ کیرنن فوربس ڈربن کے ساحل پر بنے نائٹ کلب میں سالگرہ کی تقریب میں پرفارمنس کے لیے پہنچے تھے۔
کیرنن فوربس اپنے دوست کے ہمراہ کار پارک کرکے نائٹ کلب میں داخل ہی ہونے والے تھے کہ پیدل حملہ آور نے ان پر گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں فوربس اور ان کے دوست موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور پیدل ہی فرار ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائی شروع کردی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ تاحال قتل کے محرکات کا بھی تعین نہیں ہوسکا ہے۔
کیرنن فوربس کے والدین نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں اپنے بیٹے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے لیے کیرنن فوربس ایک بیٹا، بھائی، پوتا، بھتیجا، کزن اور دوست تھا اور سب سے اہم وہ اپنی پیاری بیٹی کائرو کا باپ تھا۔
فوربس نے اپنے میوزک کیریئر کا آغاز ریپ گروپ Entity سے کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے۔ انھوں نے امریکا میں بلیک انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن (BET) ایوارڈ اور MTV یورپ میوزک ایوارڈ کے لیے متعدد نامزدگیاں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا میں قتل کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور فائرنگ کے واقعات عام ہیں۔جنوبی افریقا میں بندوق کے تشدد کو کم کرنے کے لیے کام کرنے والے ادارے چیریٹی گن فری نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں روزانہ 30 افراد فائرنگ کے واقعات میں قتل ہوتے ہیں۔