All posts by Khabrain News

مبینہ آڈیو لیکس تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان کے لارجر بنچ نے مبینہ آڈیو لیکس تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کیخلاف آئینی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا، چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ حکومت کیسے سپریم کورٹ کے ججز کو اپنے مقاصد کیلئے منتخب کر سکتی ہے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی، بنچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری، ریاض حنیف راہی اور مقتدر شبیر کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کا آغاز ہوتے ہی اٹارنی جنرل عثمان منصور روسٹرم پر آگئے اور انہوں نے لارجر بنچ کی تشکیل پر اعتراض اٹھا دیا۔
نو مئی کے سانحے کے بعد عدلیہ مخالف بیان بازی بند ہوگئی: چیف جسٹس
چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ حکومت کسی جج کو اپنی مرضی کے مطابق بنچ میں نہیں بٹھا سکتی، ہم نے سوال پوچھا تھا کہ 184 بی میں لکھا ہے کم از کم 5 ججز کا بنچ ہو، اگر آپ نے ہم سے مشورہ کیا ہوتا تو ہم آپ کو بتاتے، 9 مئی کے واقعے کا فائدہ یہ ہوا کہ جوڈیشری کے خلاف جو بیان بازی ہو رہی تھی وہ ختم ہوگئی۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے انتظامی اختیار میں مداخلت نہ کریں، ہم حکومت کا مکمل احترام کرتے ہیں، عدلیہ بنیادی انسانی حقوق کی محافظ ہے، حکومت نے چیف جسٹس کے اختیارات کو ریگولیٹ کرنے کی قانون سازی جلدی میں کی، حکومت ہم سے مشورہ کرتی تو کوئی بہتر راستہ دکھاتے، آپ نے ضمانت اور فیملی کیسز کو بھی اس قانون سازی کا حصہ بنا دیا۔
حکومت کا بنچ پر اعتراض
دوران سماعت وفاقی حکومت نے بنچ میں چیف جسٹس کی شمولیت پر اعتراض اٹھا دیا، اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کی توجہ شق 6 کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کمیشن کیلئے جج کی نامزدگی کا فورم چیف جسٹس پاکستان کا ہے، یہ ضروری نہیں کہ چیف جسٹس خود کو کمیشن میں نامزد کریں، نہ ہی چیف جسٹس وفاقی حکومت کی چوائس کے پابند ہیں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ مجھے وفاقی حکومت کی ہدایات ہیں۔
حکومت کیسے سپریم کورٹ کے ججز کو اپنے مقاصد کیلئے منتخب کر سکتی ہے: جسٹس عمر عطا بندیال
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کیسے سپریم کورٹ کے ججز کو اپنے مقاصد کیلئے منتخب کر سکتی ہے، اٹارنی جنرل صاحب عدلیہ کی آزادی کا معاملہ ہے، بہت ہوگیا ہے اٹارنی جنرل صاحب آپ بیٹھ جائیں، وفاقی حکومت سے گزارش کریں آئینی روایات کا احترام کریں، سپریم کورٹ کے جج کی نامزدگی کا فورم صرف چیف جسٹس آف پاکستان ہے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ معاملے کی وضاحت دی جا سکتی ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی حکومت عدلیہ کے معاملات میں کوارٹرز کا خیال کرے، انکوائری کمیشن میں حکومت نے خود ججز تجویز کئے، اس سے پہلے 3 نوٹیفکیشن میں حکومت نے ججز تجویز کئے جنہیں بعد میں واپس لیا گیا۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ایکٹ 2017ء کو چیلنج نہیں کیا گیا، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 1956ء ایکٹ آئین کے احترام کی بات کرتا ہے، اس نکتے پر بعد میں آئیں گے، اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس نکتے پر ابھی تیار ہیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ معذرت سے کہتا ہوں حکومت نے ججز کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ اختیارات سے متعلق قانون میں حکومت نے 5 ججز کا بنچ بنانے کا کہہ دیا، نئے قانون میں اپیل کیلئے 5 سے بھی بڑا بنچ بنانے کا کہہ دیا ، ہمارے پاس ججز کی تعداد کی کمی ہے، حکومت نے جلد بازی میں عدلیہ کے بارے میں قانون سازی کی، حکومت قانون ضرور بنائے لیکن مشاورت کرے، حکومت بتائے اس نے سپریم کورٹ کے حوالے سے قانون سازی کرتے ہوئے کس سے مشورہ کیا، ہم سے مشورہ کرتے تو ضرور مشورہ دیتے۔
حکومت مسائل حل کرے تو ہم بھی ریلیف دیں گے: چیف جسٹس
اٹارنی جنرل نے کہا کہ ان تمام امور کا حل ہو سکتا ہے ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت مسائل حل کرے تو ہم بھی ریلیف دیں گے، سپریم کورٹ کے انتظامی امور میں پوچھے بغیر مداخلت ہوگی تو یہ ہوگا، ہمیں احساس ہے کہ آپ حکومت پاکستان کے وکیل ہیں، تمام اداروں کو مکمل احترام ملنا چاہیے، آئین اختیارات تقسیم کی بات کرتا ہے، عدلیہ وفاقی حکومت کا حصہ نہیں، ہم انا کی نہیں آئین کی بات کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہر بات کھل کر قانون میں نہیں دی گئی ہوتی، آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنا ہوتا ہے، آرٹیکل 175 کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے عدلیہ میں تقسیم کی کوشش نہیں کی، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت نے اگر نہیں کی تو بھی ایسا ہوا ضرور، فل کورٹ کی استدعا خود عدلیہ اصلاحات بل کے خلاف ہے، اٹارنی جنرل نفیس آدمی ہیں، آپ کا اور حکومت کا احترام کرتے ہیں، اب شدت سے سب کو احساس ہو رہا ہے کہ اداروں کا احترام ضروری ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدلیہ اصلاحات بل کس کے مشورے سے لایا گیا؟، حکومت نے فیملی سمیت ہر مقدمہ ہی کمیٹی کو بھجوا دیا تھا۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدلیہ اصلاحات بل میں بھی فل کورٹ کی استدعا کی تھی۔
اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل ہونے پر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری کے وکیل شعیب شاہین نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے پرانے فیصلوں کا حوالہ دیا، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کسی بھی حاضر سروس جج کو کمیشن میں تعینات کرنے سے پہلے چیف جسٹس کی مشاورت ضروری ہے، کسی پرائیویٹ شخص کو بھی کمیشن میں لگانے سے پہلے مشاورت ضروری ہے کیونکہ اس نے جوڈیشل کارروائی کرنی ہوتی ہے۔
حکومت تسلیم کرے ہماری کسی ایجنسی نے فون ٹیپ کئے: وکیل شعیب شاہین
وکیل شعیب شاہین نے مزید کہا کہ فون ٹیپنگ بذات خود غیر آئینی عمل ہے، انکوائری کمیشن کے ضابطہ کار میں کہیں نہیں لکھا کہ فون کس نے ٹیپ کئے، حکومت تاثر دے رہی ہے کہ فون ٹیپنگ کا عمل درست ہے، حکومت تسلیم کرے کہ ہماری کسی ایجنسی نے فون ٹیپنگ کی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ فون ٹیپنگ پر بے نظیر بھٹو حکومت کیس موجود ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں بھی اصول طے کئے ہیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کس جج نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، اس کا تعین کون کرے گا؟۔
شعیب شاہین نے دلائل میں کہا کہ آرٹیکل 209 کے تحت یہ اختیار سپریم جوڈیشل کونسل کا ہے، جوڈیشل کونسل کا اختیار انکوائری کمیشن کو دے دیا گیا۔
ٹیلی فون پر گفتگو کی ٹیپنگ غیر قانونی عمل ہے: جسٹس منیب اختر
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ ٹیلی فون پر گفتگو کی ٹیپنگ غیر قانونی عمل ہے، آرٹیکل 14 کے تحت یہ انسانی وقار کے بھی خلاف ہے، اس کیس میں عدلیہ کی آزادی کا بھی سوال ہے، حکومت آڈیو لیکس کو قانونی قرار دے رہی ہے، عدالتی فیصلوں کی موجودگی میں حکومتی موقف کی کیا اہمیت ہے؟، حکومت کے مطابق آڈیوز درست ہیں تو کمیشن بنانے کا کیا مقصد ہے؟۔
وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ قرار دے چکی ہے کہ تصدیق کے بغیر آڈیوز، ویڈیوز نشر نہیں کی جا سکتیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، ہائی کورٹ نے جاسوسی پر مبنی مواد بھی نشر کرنے سے روک رکھا ہے، آڈیوز کی تصدیق کا کسی کو خیال ہی نہیں، آڈیو لیک ہوتی ہے، میڈیا نشر اور وزراء پریس کانفرنس کرتے ہیں۔
وکیل نے کہا کہ کمیشن نے پورے پاکستان کو نوٹس کیا کہ جس کہ پاس جو مواد ہے وہ جمع کروا سکتا ہے، کوئی قانونی طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے کہا کمیشن کا قیام آرٹیکل 209 کی بھی خلاف ورزی ہے، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ افتخار چودھری اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں فیصلے دے چکی ہے۔
وفاقی حکومت نے آئین میں اختیارات کی تقسیم کی خلاف ورزی کی ہے: جسٹس منیب
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ آرٹیکل 209 ایگزیکٹو کو اجازت دیتا ہے کہ صدارتی ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیج سکتی ہے، بظاہر وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججز کے خلاف مواد اکٹھا کر کے مس کنڈیکٹ کیا ہے، وفاقی حکومت نے آئین میں اختیارات کی تقسیم کی خلاف ورزی کی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ لگتا ہے انکوائری کمیشن نے ہر کام جلدی کیا ہے، جسٹس منیب اختر نے کہا کہ ججز اپنی مرضی سے کیسے کمیشن کا حصہ بن سکتے ہیں، اعلیٰ عدلیہ کے کسی جج کے خلاف بھی چیف جسٹس کی اجازت سے جوڈیشل کونسل کے علاوہ کسی دوسرے فورم پر جا سکتے ہیں، میٹھے الفاظ استعمال کر کے کور دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ بظاہر اختیارات کی تقسیم کے آئینی اصول کی سنگین خلاف ورزی کی گئی ہے، یہ انتہائی پریشان کن صورتحال ہے، جب یہ آڈیو چلائی جا رہی تھی، کیا حکومت یا پیمرا نے اس کو روکنے کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔
وکیل شعیب شاہین نے بتایا کہ پیمرا نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی، حکومت نے بھی پیمرا سے کوئی باز پرس نہیں کی، اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پیمرا کی حد تک عدالت سے متفق ہوں۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مختصر عبوری حکم جاری کیا جائے گا۔

شاہین آفریدی ٹی 20 بلاسٹ میں بھرپور پرفارمنس کیلئے پر امید

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی 20 بلاسٹ میں بہت اچھے کھلاڑی ہیں بھرپور پرفارمنس دینے کیلئے پر امید ہوں۔
ناٹنگھم شائر آؤٹ لاز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی وہ اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں۔
اس موقع پر ناٹنگھم شائر آؤٹ لاز کے کپتان سٹیون مولینی نے کہا کہ وہ بہت پرجوش ہیں کہ شاہین آفریدی ہمارا باؤلنگ اٹیک لیڈ کریں گے۔
ادھر نا ٹنگھم شائر آؤٹ لاز کے کوچ پیٹر مورز نے کہا کہ شاہین آفریدی کو یہاں دیکھ کر لگتا ہے ہماری کرسمس ہوگئی ہے۔

نیشنل گیمز میں ایتھلیٹکس مقابلے آج سے ہونگے

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) نیشنل گیمز کے سب سے بڑے مقابلے ایتھلیٹکس آج سے شروع ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایتھلیٹکس کا آغاز خواتین کی 10 کلومیٹر کی ریس سے ہوگا، 100، 400 اور 800 میٹر ریس میں کئی ایتھلیٹس ایکشن میں ہوں گے۔
مینز اور ویمنز کے شاٹ پٹ اور پال والٹ مقابلے بھی آج ہوں گے۔
نیشنل گیمز میں اب تک پاکستان آرمی 95 گولڈ میڈلز اور 180 مجموعی تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔
دوسری جانب نیشنل گیمز میں میزبان صوبے بلوچستان نے اپنا پہلا گولڈ میڈل کراٹے میں حاصل کرلیا ہے۔

گیرو ڈی اٹالیہ : فلپو زانا نے سائیکل ریس کا اٹھارواں مرحلہ جیت لیا

روم : (ویب ڈیسک) اٹلی کے سائیکلسٹ فلپو زانا نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا اٹھارواں مرحلہ جیت لیا۔
اٹلی میں گیرو ڈی اٹالیہ کا 106 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔
گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے 18ویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے اوڈرزو سے زولڈو آلٹو تک کا فیصلہ طے کرنا تھا جو پہاڑی علاقے میں 161کلو میٹر پر محیط تھا، 24 سالہ میزبان سائیکلسٹ فلپو زانا نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانسیسی سائیکلسٹ تھیباٹ پنوٹ کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
18ویں مرحلہ کے فاتح سائیکلسٹ نے مطلوبہ 161کلومیٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے 25منٹ اور 12 سیکنڈز میں طے کیا۔
ریس میں فرانس کے سائیکلسٹ تھیباٹ پنوٹ نے دوسری پوزیشن جبکہ فرانس کے ہی سائیکل سوار وارن بارگوئل نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی جس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹ شریک ہیں۔
گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3448 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔

انگلش پریمیئر لیگ : مانچسٹر یونائیٹڈ نے چیلسی کو شکست دے دی

مانچسٹر : (ویب ڈیسک) انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے چیلسی کو باآسانی ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی ۔
اولڈ ٹریفورڈ ، مانچسٹرمیں کھیلے گئے میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور چیلسی کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم آغاز سے ہی چیلسی پر حاوی ہوگئی ، میچ کے چھٹے منٹ میں کیسمیرو نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو چیلسی پر 0-1 گول کی سبقت دلادی۔
پہلا ہاف ختم ہونے سے چند سیکنڈز قبل انتھونی مارشل نے بھی ایک گول کردیا اورٹیم کی برتری کو دوگنا کر دیا ، یوں میچ کے پہلے ہاف پر مانچسٹر یونائیٹڈ کو چیلسی کے خلاف 0-2 گول کی برتری حاصل تھی۔
دوسرے ہاف میں بھی مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم نے اپنی پوزیشن کو برقرار رکھا ، برونو فرنینڈزنے 73 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 0-3 کردیا جس کو بڑھاتے ہوئے مارکس راشفورڈ نے 78 ویں منٹ میں ایک گول کر کے 0-4 کر دیا۔
چیلسی کی طرف سے واحد گول میچ کے اختتامی لمحات میں جواؤ فیلکس نے سکور کیا ، یوں یہ میچ مانچسٹر یونائیٹڈ نے چیلسی کی ٹیم سے ایک کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔
میچ میں کیسمیرو،انتھونی مارشل،برونو فرنینڈز اور مارکس راشفورڈنے ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اس فتح کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم کی ای پی ایل ٹیبل پر پوائنٹس کی تعداد 72 ہوگئی ہے اور وہ تیسرے نمبر پربرقرار ہے۔

بھارت : نیشنل پارک میں نایاب نسل کے چیتے کے بچے ہلاک

نیو دہلی : (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے نیشنل پارک میں نایاب نسل کے چیتے کے دو بچے ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرے بچے کی حالت تشویش ناک ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے نیشنل پارک میں منگل کے روز بھی اسی نسل کا ایک بچہ ہلاک ہوگیا تھا۔
بھارت میں 70 سال سے زائد عرصے میں پہلی باراس نایاب نسل کے چیتے کے بچے پیدا ہوئے تھے۔
گزشتہ برس جنوبی افریقا کے ملک نمیبیا سے نایاب نسل کی مادہ چیتا کو بھارت منتقل کیا گیا تھا جس نے مارچ میں تین بچوں کو جنم دیا تھا۔
اس حوالے سے نیشنل پارک کے حکام کا کہنا تھا کہ جنم دینے کےبعد ماں اورتین بچوں کو نگرانی میں رکھا گیا تھا لیکن پارک میں درجہ حرارت تقریباً 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا اور بچوں کی حالت معمول کے مطابق نہیں لگ رہی تھی ۔
نیشنل پارک حکام کاکہنا تھا کہ یہ بچے کمزور، کم وزن اور پانی کی کمی کے شکار تھے، حکام کی جانب سے بچوں کو بچانے کے لیے کیے گئے اقدامات کے باوجود 25 مئی کو 2 بچوں کی موت ہوگئی جبکہ تیسرے بچے کی حالت تشویش ناک ہے اور اس کا علاج کیا جارہاہے۔
1952 میں بھارتی حکومت نے باضابطہ طور پر چیتے کو معدوم قراردیا تھا، جس کے بعد گزشتہ سال معدوم ہونے والے جانوروں کو واپس لانے کی کوششیں کی گئی تھیں۔
ملک میں نایاب چیتے کو لانے کے اس اقدام کا عوام اور جنگلی حیات کے ماہرین نے خیر مقدم کیا تھا لیکن کچھ ماہرین نے ممکنہ خطرات سے متعلق خبردار بھی کیا تھا۔
ستمبر 2022 میں 8 چیتوں کو نمیبیا سے بھارت لایا گیا تھا جبکہ فروری 2023 میں جنوبی افریقا سے 12 چیتے بھارت لائے گئے ، ان میں سے 3 چیتے گزشتہ دو ماہ میں مر چکے ہیں، حال ہی میں مزید 3 بچوں کی موت کے بعد یہ تعداد 6 ہوگئی ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں بھارتی سپریم کورٹ نے چیتوں کی اموات پر اظہارتشویش کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے کہا تھا کہ وہ جانوروں کو کسی متبادل جگہ پر منتقل کرنے پر غور کریں۔

برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے گیٹ سےگاڑی ٹکرا دی گئی، ڈرائیورگرفتار

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے دروازے سے گاڑی ٹکرانے والے شخص کوگرفتار کرلیاگیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم رشی سونک کی سرکاری رہائش 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے دروازے سے ایک شخص نے گاڑی ٹکرا دی ، گاڑی ٹکرانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
گاڑی ٹکرانے کے واقعہ کے بعد وزیراعظم کی رہائش گاہ کے اطراف کی سڑکوں کو بند کردیا گیا تاہم بعد میں کچھ رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں ، پولیس کاکہنا ہے کہ وہ حالات کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت برطانوی وزیراعظم رشی سونک گھر پر موجود تھے اور بعد میں وہ اپنے مقررہ شیڈول کے تحت روانہ ہوگئے۔

سعودی عرب کی جانب سے عازمین حج کیلئے اہم ہدایات جاری

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے عازمین حج کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ ایسا سامان لانے سے اجتناب کریں جو بین الاقوامی سفری قوانین کے تحت منع ہے۔
سعودی عرب کے حکام نے عازمین حج کے سفر کو آسان بنانے اور ایئرپورٹ پر کسی بھی مشکل سے بچنے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں ۔
سعودی نشریاتی ادارے نے وزارت حج و عمرہ کے ٹویٹ کے حوالے سے بتایا کہ وزارت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا مقدس سفر کرنے والے مسافروں کو چند چیزیں لانے سے روک دیا ہے۔
وزارت نے ممنوعہ سامان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عازمین اپنا سامان پلاسٹک کے بیگ میں بھر کر نہ لائیں، ایسا کرنے سے ایئرپورٹ پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس پلاسٹک کے سامان میں پلاسٹک کے تھیلے، پانی کی بوتلیں اور کھلا مواد، بے تربیت اور پیک نہ کیا گیا مواد اور کپڑے میں لپٹا ہوا یا کپڑے کی بوری میں بند سامان شامل ہے۔

سوڈان : متحارب فوجی دھڑوں کا ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام

خرطوم : (ویب ڈیسک) سوڈان کے متحارب فوجی دھڑوں نے ایک دوسرے پر سعودی عرب اور امریکہ کی ثالثی میں ہونیوالی جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے ۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق جاری کیے گئے ایک بیان میں ریپڈ سپورٹ فورسز جس کی قیادت محمد ہمدان ڈگلو کر رہے ہیں، نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا الزام سوڈان کے ڈی فیکٹو لیڈر عبد الفتاح البرہان کی قیادت میں فوج پر عائد کیا ہے۔
بیان کے مطابق فوج نے آج بلاجواز حملوں کا سلسلہ شروع کیا، ہماری افواج نے ان حملوں کو پسپا کر دیا اور ہماری فوج نے کامیابی سے مگ جیٹ طیارے کو مار گِرایا۔
بیان میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ وہ انسانی ہمدردی کی خاطر جنگ بندی کے لیے پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب سوڈان کی فوج نے جمعرات کی صبح اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے بکتربند گاڑیوں پر حملے جو کہ جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی ہیں،ہم نے ان کا مقابلہ کیا۔
ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سوڈان کے متحارب فوجی دھڑوں نے ایک نئی قلیل مدتی جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا تھا۔
قبل ازیں امریکہ اور سعودی عرب نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ جدہ میں سوڈان کی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز نے سات روزہ جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو پیر کی رات مقامی وقت کے مطابق 9:45 بجے سے نافذ ہو گی اور اگر دونوں فریقین متفق ہوتے ہیں تو جنگ میں توسیع کی جا سکتی ہے۔
جنگ بندی کے نفاذ کے چند منٹ بعد ہی خلاف ورزی کی خبریں سامنے آئیں جبکہ دارالحکومت خرطوم کے رہائشیوں نے فضائی حملوں اور فائرنگ کی اطلاع دی۔
15 اپریل سے خرطوم اور ملک کے دیگر حصے فوج، سوڈانی آرمڈ فورسز اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جنگ کی لپیٹ میں ہے۔
سعودی عرب کے ساتھ مل کر جنگ بندی کی ثالثی کرنے والے امریکہ نے متحارب فریقوں کو مزید خلاف ورزیوں سے خبردار کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نیم فوجی دستوں کے درمیان لڑائی شروع ہونے کے بعد سے سوڈان کے اندر 840,000 لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور مزید 250,000 ملک چھوڑ چکے ہیں۔

کیپیٹل ہل حملہ: اوتھ کیپرز کے بانی سٹیورٹ رہوڈز کو 18 سال قید کی سزا

نیویارک : (ویب ڈیسک) امریکا میں انتہائی دائیں بازو کے گروپ ’ اوتھ کیپرز ‘ کے بانی اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی سٹیورٹ رہوڈز کو کیپیٹل ہل پر حملے کے مقدمے میں 18 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سٹیورٹ رہوڈز کو بغاوت کی سازش اور دیگر جرائم کے الزام میں سزا سنائی گئی۔
یہ 6 جنوری کے ہنگاموں میں شریک کسی بھی ملزم کو سنائی جانے والی اب تک کی سب سے طویل سزا ہے اور رہوڈز پر عائد بغاوت کی سازش کی دفعہ امریکا میں بہت کم استعمال ہوئی ہے۔
رہوڈز نے سزا سنائے جانے سے پہلے عدالت کو بتایا کہ ان کے ساتھ سیاسی قیدی جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، اس نے اوتھ کیپرز کے ارکان کو کیپیٹل پر حملہ کرنے کی ہدایت دینے کے الزام سے انکار کیا اور اپنے بیان میں کہا کہ اس کا واحد مقصد امریکا کو ان لوگوں سے بچانا ہے جو ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔
اس نے عدالت کو بتایا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ملک ناقابل یقین حد تک تقسیم ہو چکا ہے۔
علاوہ ازیں ملیشیا کے فلوریڈا کے رہنما کیلی میگس کو بھی 12 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 6 جنوری 2021 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا اور سکیورٹی حصار توڑتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہوگئے تھے، ہنگامہ آرائی کے دوران 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے تھے۔