All posts by Khabrain News

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اورخیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز تک بارش کی پیشگوئی کردی۔
پنجاب اورخیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں برکھا رت چھا گئی، بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ مظفرآباد، آزاد کشمیر میں بارش کا سلسلہ آج چوتھے روز بھی جاری ہے۔
لاہور اورمضافات میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، سرگودھا اور ننکانہ صاحب میں گرج چمک کے ساتھ برسات ہوئی، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم مزید خوشگوارہو گیا۔
چیچہ وطنی میں بھی بارش کے ساتھ خوب ژالہ باری ہوئی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آسمان سے برف کے گولے برسنے سے درجہ حرارت کم ہو گیا۔
اُدھر سوات اور مینگورہ سمیت بیشترمیدانی علاقوں میں بارش سے موسم نے کروٹ بدل لی، صوابی شہر اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
کالاباغ شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔

کوکا کولا اور مشربات بنانے والی دیگر کمپنیوں کی جانب سے ایف ای ڈی کے خاتمہ کی اپیل

اسلام آباد(پریس ریلیز) ایریٹڈ بیوریج انڈسٹری کی فروخت میں،فروری2023کے منی بجٹ میں مزید7فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی(ایف ای ڈی)کے نفاذ کے بعد 35تا40فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اس وقت ایریٹڈ بیوریج انڈسٹری مجموعی طور پر20فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔13سے20فیصد کے اس 50فیصد اضافہ کے باعث نہ صرف مینو فیکچرنگ کمپنیوں کے کاروبار مشکل میں پڑ گئے ہیں بلکہ روزگار کے ہزاروں مواقع بھی داؤ پر لگنے کا خدشہ ہے۔ اگر ریگولیٹر ی کی یہی شرح برقرار رہی تو متعدد فیکٹریاں بند ہونے کا خدشہ ہے،ان پلانٹس کی بندش سے حکومت کی کارپوریٹ اور ٹیکس کی مد میں ہونے والی آمدن متاثر ہوسکتی ہے،جس کا تخمینہ 6تا8ارب روپے سالانہ تک ہے۔
پاکستان کی مشروبات کی صنعت،20فیصد ایف سی ڈی کے ساتھ،دنیا میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی صنعتوں میں سے ایک ہے،جو کہ خوراک اور مشروبات کی صنعت پر اوسط ٹیکس سے زیادہ ٹیکس ادا کررہی ہے۔
ملک میں زرمبادلہ کے کمی کے مسائل کے باوجود،ایریٹڈبیوریج انڈسٹری نے 20کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی،جس نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانے میں مدد کی،تاہم حالیہ اقدامات کے باعث حکومت کو اس صنعت سے حاصل ہونے والی آمدن میں خاطر خواہ کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 23-2022کی ششماہی رپورٹ میں شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق متعدد شعبوں میں منفی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔مالی سال 2022کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں مالی سال2023کی پہلی ششماہی کے دوران مشروبات کی صنعت کی نمو 5فیصد سے گھٹ کر منفی 8.3فیصد کی سطح پر آگئی۔
پاکستان بزنس کونسل،امریکن بزنس کونسل،متعدد چیمبرز آف کامرس اور تجارتی اداروں کی جانب سے حکومت کو ان اقدامات کے منفی نتائج سے بھی آگاہ کیا جاچکا ہے۔ان ایسوسی ایشنز نے سینیٹ کمیٹی کے چیئرمین اور کنوینر برائے خزانہ و ریونیو سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے سامنے بھی اپنی سفارشات پیش کی ہیں،کوکا کولا کو بھی 23مئی2023کو منعقدہ اس مشاورتی اجلاس میں صنعت کے خدشات سے آگاہ کرنے کیلئے مدعو کیا گیا تھا،کمپنی نے فروری 2023میں عائد کئے گئے اس امتیازی ٹیکس کے خاتمہ کیلئے ایک کیس پیش کیا،کیونکہ یہ ٹیکس چینی کی فی کھپت پر لاگو نہیں ہوتا۔یہ صنعت ملکی چینی کا محض6فیصد استعمال کرتی ہے،اس کے باوجود اس صنعت پر یہ ٖغیر متناسب ٹیکس عائد کیا گیا۔
بیوریج سیکٹر اپنے شفاف اور تعمیل کرنے والے آپریشنز پر فخر کرتا ہے اور حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنی ٹیکس پالیسی پر نظر ثانی کرے،خاص کر منی بجٹ میں عائد7فیصد ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے،کیونکہ حکومت کے ابتدائی اعلان کے مطابق یہ ٹیکس عارضی طور پر عائد کیا گیا تھا۔ایک منصفانہ اور وسیع البنیاد ٹیکس نظام پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

قوم شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی : صدر مملکت کا شہدا کے لواحقین سے رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانی پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے شہدا کی قدر کرتی ہے اور وہ اْن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 20 مئی کو ٹانک جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے نائیک محمد عتیق اور رجب علی کے ورثا سے فون پر رابطہ کیا ، ڈاکٹر عارف علوی نے شہدا کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے 20 مئی کو گلاب پوسٹ بلوچستان میں شہید ہونے والے سپاہی مدثر حمید اور عبد القدیر کے لواحقین سے بھی بات کی ، انہوں نے 20 مئی کوہی زرغون بلوچستان میں شہید ہونے والے سپاہی ظہیر احمد کے خاندان سے بھی رابطہ کیا اور شہدا کی وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانی پر اْنہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی اور فرض سے لگن کو سراہا ، انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

ای سی ایل میں نام ڈالنے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام ڈالنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری بیرون ملک کوئی جائیداد اور کاروبار نہیں، ملک سے باہر میرا کوئی بینک اکاؤنٹ تک نہیں ہے۔عمران خان نے کہا کہ ان وجوہات کی وجہ سے میرا باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، ای سی ایل میں نام ڈالنے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اگر کبھی چھٹیوں پر بھی جانا ہوا تو پاکستان کے شمالی علاقوں میں جاؤں گا جو دنیا میں میری سب سے پسندیدہ جگہ ہے۔

اگلے 15 سے 20 روز میں پاکستان میں روسی تیل دستیاب ہوگا: مصدق ملک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ اگلے 15 سے 20 روز میں پاکستان میں روسی تیل ہوگا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان تنازعات کو تھمنا ہوگا، رکنا ہوگا، ایسے تو کریانہ کی دکان نہیں چلتی، آپ ملک کیسے چلا سکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ گیس پر 1700 ارب روپے کا گردشی قرضہ تھا، ہم نے اس گردشی قرضے کو صفر کر دیا، ایل این جی پر بھی گردشی قرضے کو صفر کر دیں گے، تاریخ میں پہلی بار 2 روسی وزیر 86 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آئے، روس سے رعایتی قیمت پر تیل مل رہا ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اہم فیصلے کئے جا رہے ہیں، حالات کو بہتر کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے جا رہے ہیں، آگے بڑھنے کیلئے ہمیں چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو پروموٹ کرنا ہے، بجٹ میں چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو سہولتیں دینے پر غور کر رہے ہیں، ہم نے تاپی گیس منصوبے سے سستی گیس لانی ہے، اس پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹو موٹو پالیسی کو بنائے کئی سال ہو چکے، آج تک ہم ایک انڈیکیٹر کا کور نہیں ایکسپورٹ کر سکے، میرے خیال میں ہماری آٹو موٹو پالیسی بہتر نہیں۔
وزیرِ مملکت برائے پٹرولیم کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ڈلوا دیئے، یہ 190 ملین پاؤنڈز پاکستان کے اکاؤنٹ میں آنے تھے، آئین سے ماورا اور قانون سے بالا تر کچھ نہیں ہونا چاہیے، 9 مئی کی ویڈیو کے ذریعے لوگوں کو شناخت کر کے پکڑا جا رہا ہے، نادرا سے تصدیق کے بعد لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

لوگوں کو جیل میں مرنے کیلئے نہیں چھوڑ سکتے: لاہور ہائیکورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) ہائی کورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے ہیں کہ لوگوں کو جیل میں مرنے کے لیے نہیں چھوڑ سکتے۔
خاتون کی جانب سے بیٹے کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران آئی جی پنجاب لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہو گئے۔
جسٹس انوار الحق پنوں نے آئی جی پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تو آپ کو بلانے کا کوئی شوق نہیں، آپ ملک کے سب سے بڑے صوبے کے پولیس سربراہ ہیں، ہم توقع کرتے ہیں پولیس عدالتوں کی درست معاونت کرے، ایک کیس سے شہری رہا ہوتا ہے تو دوسرے میں گرفتار کرلیتے ہیں، یہ کیا ہو رہا ہے، قانون کو کیوں فالو نہیں کیا جارہا۔
آئی جی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ 9 مئی کے واقعات میں جناح ہاؤس سمیت اہم تنصیبات کو نقصان ہوا، جیوفینسنگ کے ذریعے نشاندہی کرکے گرفتاری کی جارہی ہے، طالبان کی طرز پر گوجرانولہ، لاہور سمیت شہروں میں یہ واقعات ہوئے، شناخت پریڈ کے بعد بے گناہ افراد کو رہا کر دیا جائے گا، سوشل میڈیا، سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لے کر گرفتار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے عدالت میں مزید کہا کہ 2 واٹس ایپ گروپس کا بھی پتا چلا ہے، اس کو چیک کرکے بھی کارروائی کی جارہی ہے، خواتین پولیس اہلکار اور افسران پر تشدد کرنے میں ملوث افراد کو پکڑ رہے ہیں، درج مقدمات میں جے آئی ٹیز بنا کر تحقیقات کی جارہی ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ، میں اور سرکاری ادارے ہم سب ملازم ہیں، تنخواہ لیتے ہیں، عوام نے ہمیں ملازم رکھا ہوا ہے، ہمیں حکمرانی کے لیے نہیں بلکہ خدمت کے لیے رکھا گیا ہے، کسی ایک کیس میں نہیں تمام کیسز کو قانون کے مطابق ڈیل کریں، کسی ایک کو ترجیح نہ دیں، آپ نے بھی ریٹائر ہونا ہے ہم نے بھی ریٹائر ہونا ہے، آئی جی صاحب! آپ کو اور ہمیں اسی معاشرے میں ریٹائرمنٹ کے بعد رہنا ہے۔
جسٹس انوار الحق پنوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو جیلوں میں مرنے کے لیے نہیں چھوڑ سکتے۔
بعد ازاں عدالت نے آئی جی پنجاب سے مقدمات میں کی گئی کارروائی اور جیو فینسنگ کے طریقہ کار سے متعلق تحریری رپورٹس طلب کرلیں۔

جج دھمکی کیس: ٹرائل کورٹ طلبی حکم کیخلاف عمران خان کی اپیل خارج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے جج دھکمی کیس میں ٹرائل کورٹ طلبی حکم کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اپیل خارج کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ کا عمران خان کو سمن کرنے کا نوٹس غیر قانونی نہیں، اگر ضرورت ہو تو عمران خان اپنا اعتراض ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی رکھ سکتے ہیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ عمران خان نے چالان رپورٹ کے کالم نمبر2 کو چیلنج نہیں کیا، ٹرائل کورٹ میں طلبی نوٹس کے وقت تمام ثبوتوں کا جائزہ نہیں لیا جاتا، جرم ہے یا نہیں، ٹرائل کورٹ کی جانب سے تفصیلی جائزے کے بعد تعین ہو گا۔
عمران خان نے ٹرائل کورٹ کے یکم اکتوبر کے حکم کو چیلنج کر رکھا تھا، کیس میں چالان جمع ہونے کے بعد ٹرائل کورٹ نے عمران خان کو سمن نوٹس جاری کیا، جس کے بعد سابق وزیراعظم نے سمن نوٹس کو سیشن کورٹ میں چیلنج کیا۔

لاہورہائیکورٹ : نگران پنجاب حکومت کو کام سے روکنے کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہورہائیکورٹ نے نگران پنجاب حکومت کو کام سے روکنے کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست کو باقاعدہ سماعت کےلیے منظورکیا جاتا ہے ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کےلیے 27 اے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
عدالت نے وفاقی حکومت ،الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا ، درخواست میں اہم نکات اٹھائے گئے ہیں تمام فریقین 6جون کو تحریری طور پر جواب جمع کرائیں۔
درخواستگزار کے مطابق اسمبلی تحلیل کے 90 روز کے اندرالیکشن ہونا تھے،نگران حکومت غیر آئینی ہے۔
واضح رہے کہ شیخ رشید نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف دیا کہ نگراں حکومت کی 90 دن کی مدت پوری ہو چکی ہے اور آئینی طور پر نگراں حکومت مزید کام نہیں کر سکتی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نگراں حکومت کو کام سے روکنے کا حکم دے۔

پشاور پولیس کا سپیشل سکیورٹی یونٹ بنانے کا فیصلہ

پشاور : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت پشاور میں پولیس نے سپیشل سکیورٹی یونٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق پشاور کے کینٹ ایریا کے ریڈ زون میں سپیشل سکیورٹی یونٹ کے دستے تعینات کیے جائیں گے ، یہ سپیشل سکیورٹی دستہ ایس پی رینک کے آفیسر کا یونٹ ہو گا۔
پہلے مرحلے میں ریڈ زون کے داخلی راستوں اور اہم عمارتوں کی پروفائلنگ مکمل کی جائے گی۔
پروفائلنگ مکمل ہونے کے بعد حتمی سکیورٹی ڈرافٹ سی پی آفس ارسال کیا جائے گا۔
سپیشل یونٹ کے پاس جدید ساز و سامان ہو گا، سپیشل سکیورٹی دستے کو ریڈ زون میں ہجوم کے داخلے کو روکنے کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔
پشاور میں 9 اور 10 مئی کے پرتشدد مظاہروں میں مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے بعد پشاور پولیس نے اسپشل سکیورٹی یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف درخواست: حکومت نے لارجر بنچ پر اعتراض اٹھا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف درخواست کی سماعت کیلئے بننے والے لارجر بنچ میں چیف جسٹس کی موجودگی پر اعتراض کر دیا۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ سماعت کر رہا ہے، بنچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں۔
حکومت کا لارجر بنچ پر اعتراض
سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے بنچ میں چیف جسٹس کی شمولیت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ درخواست ہے کہ چیف جسٹس اس بنچ کا حصہ نہ بنیں۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا آپ کا مطلب ہے کہ میں بنچ سے الگ ہو جاؤں؟ عدلیہ بنیادی انسانی حقوق کی محافظ ہے، آپ ہمارے انتظامی اختیار میں مداخلت نہ کریں، ہم حکومت کا مکمل احترام کرتے ہیں۔
جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ آپ کی درخواست قابل احترام ہے لیکن چیف جسٹس کا عہدہ ایک آئینی عہدہ ہے، مجھے معلوم تھا آپ یہ اعتراض اٹھائیں گے، عدلیہ وفاقی حکومت کے ماتحت نہیں اور آئین میں اختیارات کی تقسیم ہے۔
حکومت کیسے ججز کو اپنے مقاصد کیلئے منتخب کر سکتی ہے: چیف جسٹس پاکستان
چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت نے چیف جسٹس کے اختیارات کو ریگولیٹ کرنے کی قانون سازی جلدی میں کی، حکومت کیسے ججز کو اپنے مقاصد کیلئے منتخب کر سکتی ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ اٹارنی جنرل صاحب عدلیہ کی آزادی کا معاملہ ہے، بہت ہوگیا ہے اٹارنی جنرل صاحب آپ بیٹھ جائیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کسی جج کو اپنی مرضی کے مطابق بنچ میں نہیں بٹھا سکتی، ہم نے سوال پوچھا کہ 184 (بی) میں لکھا ہے کم از کم 5 ججز کا بنچ ہو، اگر آپ نے ہم سے مشورہ کیا ہوتا تو ہم آپ کو بتاتے۔