All posts by Khabrain News

ترسیلات زر میں مالی سال کے دوران 12 فیصد کمی ہوئی: سٹیٹ بینک

کراچی: (ویب ڈیسک) خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 12 فیصد کمی ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے اپریل 2023 تک کی مدت میں بحرین، کویت، قطر اور اومان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.666 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12 فیصد کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.029 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
اپریل میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 358.9 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 298 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اپریل میں 294.4 ملین ڈالر تھا۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سمندرپار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 22.74 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26.14 ارب ڈالر تھا۔

قومی فٹبال ٹیم ماریشس میں شروع ہونیوالے 4ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق قومی فٹبال ٹیم 8سے 18جون تک ماریشس میں ہونے والے 4ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔
ترجمان پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق اس ایونٹ میں پاکستان، میزبان ماریشس، کینیا اور جبوتی کی ٹیمیں شریک ہوں گی اور مکمل شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا ۔
ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ رواں ماہ کے آخری ہفتے میں شروع ہوگا۔
پی ایف ایف کے مطابق اس ایونٹ میں پاکستانی فٹبالرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع ملیں گے۔
ترجمان پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ قومی سپورٹس ٹیموں کی انٹرنیشنل ایونٹس میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

پی سی بی نے 4 رکنی قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 4 رکنی قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی نے انٹرویو کے بعد سلیکشن پینل کا اعلان کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چار رکنی نئی قومی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے، ہارون رشید قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
کمیٹی میں مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور حسن چیمہ شامل ہیں، پہلی بار ڈیٹا انلسٹ حسن چیمہ کو بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
نئی سلیکشن کمیٹی پاکستان ٹیم، شاہین اور انڈر 19 ٹیم کی سلیکشن کرے گی۔

ورلڈ کپ کیلئے بھارت جانے کا فیصلہ شاہد آفریدی نے نہیں کرنا: نجم سیٹھی

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ انہوں نے نہیں حکومت نے کرنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ جے شاہ اور میرا بھی نہیں ہے، یہ فیصلہ اس جانب بھارتی حکومت اور ادھر پاکستان حکومت کا ہے، سکیورٹی کی بنیاد پر ہی ان فیصلوں کا انحصار ہوتا ہے، اگر حکومت نے کہا کہ آپ جائیں ورلڈ کپ کھیلنے تو ہم ضرور جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ اے سی سی کے سربراہ جے شاہ کی درخواست پر میری چند روز قبل نائب صدر پنکج کھمجی سے ملاقات ہوئی، ہائبرڈ ماڈل پر مثبت رد عمل سامنے آیا اور انہوں نے جے شاہ کو بریف کرنے کا بتایا، مجھے کہا گیا کہ 15 مئی کو بتائیں گے لیکن ابھی میں فیصلے کا انتظار کر رہا ہوں۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ سری لنکا کی جانب سے اے سی سی پر دباؤ ہے کہ نیوٹرل وینیو کے لئے سری لنکا کا انتخاب کیا جائے ان کو اعتراض ہے کہ ستمبر میں یو اے ای میں گرمی بہت شدید ہوتی ہے ایک روزہ میچز کھیلنا مشکل ہے، اسی موسم میں یو اے ای میں ایشیا کپ سمیت آئی پی ایل کے میچز ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میزبان پاکستان ہے گیٹ منی میزبان کا حق ہے سری لنکا میں گیٹ منی کم ملے گی، اگر سری لنکا کا فیصلہ متفقہ ہوتا ہے اور ہمیں معاوضہ دے دیتے ہیں تو اس پر بھی بات ہو سکتی ہے، مکی آرتھر پاکستان کرکٹ سے واقف ہیں کاونٹی کرکٹ کی مصروفیات کا اثر پاکستان ٹیم پر نہیں پڑے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ نئی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید ہی رہیں گے جبکہ کمیٹی کے اراکین میں مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور حسن چیمہ ہوں گے، حسن چیمہ ڈیٹا کے ماہر ہیں سلیکشن کمیٹی ڈیٹا پر بھی انحصار کرے گی، ایشیا کپ ضرور ہوگا اگر نہیں ہوتا تو پھر اس کی جگہ تین ملکی ٹورنامنٹ کا پلان تیار ہے۔
تین ملکی ٹورنامنٹ ایشیا کپ کی مقرر کردہ تاریخوں پر ہی ہوگا، آئی سی سی کے اجلاس میں ریونیو شیئرنگ کے فارمولے پر بات کی جائے گی۔
قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے ایک انٹرویو کے دوران قومی ٹیم کو بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کھیلنے اور جیتنے کا مشورہ دیا تھا۔

وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ: پاکستانی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ کل شروع ہوگا

لاہور: (ویب ڈیسک) وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ کی تیاری کیلئے پاکستانی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ کل شروع ہوگا۔
لاہور میں وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی باغِ جناح کرکٹ گراؤنڈ میں ٹریننگ کریں گے۔
پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل نیپال میں ایشیا کپ کی میزبانی کر رہا ہے، یہ ٹورنامنٹ 11 جولائی سے کھٹمنڈو کے 2 گراؤنڈز میں کھیلا جائے گا۔
وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، نیپال، سری لنکا، بنگلا دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ افغانستان کی ٹیم آئندہ ماہ 3 ٹی ٹونٹی اور 2 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے اسلام آباد آئے گی، اس طرح پہلی مرتبہ وہیل چیئر کرکٹ کی انٹرنیشنل ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

بھارت کو سفارتی محاذ پر بڑا دھچکا، ترکیہ ، مصر اور سعودیہ کا بھی جی 20 اجلاس کا بائیکاٹ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں آئندہ ہفتے بیس عالمی معیشتوں کے اتحاد ‘ جی 20’ کے سیاحت سے متعلق ورکنگ گروپ کا اجلاس ہونے جا رہا ہے، چین اس اجلاس میں شرکت سے پہلے ہی معذرت کر چکا ہے تاہم اب سعودی عرب، ترکی اور مصر نے بھی اجلاس کا بائیکاٹ کردیا ہے ۔
بھارت نے 22 سے 24 مئی تک مقبوضہ کشمیر میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں شرکت کے لیے تنظیم کے رکن ملکوں سمیت چند دوسرے ملکوں اورکئی بین الاقوامی اداروں کو بھی شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔
چین پہلے ہی جموں و کشمیر کو ایک متنازع علاقہ قرار دینے کے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کر چکا ہے کہ وہ سری نگر میں جی 20 کے سیاحت سے متعلق ورکنگ گروپ کے اجلاس اور دیگر تقریبات میں شریک نہیں ہوگا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے معاملے پر کسی دوسرے ملک کو اس پر تبصرہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔
ترکی، سعودی عرب اور مصر، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تمام ارکان کی جانب سے جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے ۔
دوسری جانب او آئی سی کے دیگر اراکین ممالک جن میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، عمان اور متحدہ عرب امارات نے اس تقریب میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس کا انعقاد شیرکشمیرانٹرنیشنل کنونشن سینٹر کیا جائے گا جس کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے یکم دسمبر 2022 کو جی۔20 کی صدارت سنبھالی تھی اور یہ رواں برس پہلی بار جی ٹوئنٹی کے سربراہی اجلاس کی میزبانی انجام دے رہا ہے ، بھارت اس منصب پر 30 نومبر 2023 تک فائز رہے گا۔
جی 20تنظیم کے رکن ملکوں میں بھارت، امریکہ، چین، برطانیہ، روس، سعودی عرب، آسٹریلیا، کینیڈا، جرمنی، فرانس، اٹلی، جاپان، ارجنٹائن، برازیل انڈونیشیا،میکسیکو، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا اور ترکیہ سمیت یورپی یونین شامل ہے۔

روس کے ویگنرگروپ کا یوکرینی شہر بخموت پر قبضے کا دعویٰ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے نیم فوجی دستے ویگنر گروپ نے یوکرینی شہر بخموت پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔
سربراہ ویگنر گروپ یوگینی پریگوژن نے کہا کہ آج 20 مئی کو بخموت شہر پر مکمل قبضہ کر لیا گیا ہے ، ٹیلی گرام پر جاری کردہ ایک ویڈیومیں یہ دعویٰ کیا گیا ہے جس میں وہ روسی جھنڈے اور ویگنر کے بینراٹھائے جنگجوؤں کی ایک قطارکے سامنے جنگی وردی میں نظر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بخموت کا کنٹرول جلد روسی افواج کے حوالے کر دیں گے، ویگنر گروپ کے دستے 25 مئی سے بخموت سے واپسی شروع کر دیں گے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بخموت میں جاری جنگ کے دوران روس اور یوکرین دونوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، اگر ویگنر کا دعویٰ درست نکلتا ہے تو یہ روس کی یوکرین جنگ میں اب تک کی سب سے اہم فتح ہوگی۔
خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین نے روس کے ویگنر گروپ کا دعویٰ مسترد کر دیا۔
دوسری جانب ویگنر کی طرف سے یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جاپان میں جی 7 سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔

جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے شر پسندوں کی شرمناک گفتگو منظرِ عام پر آ گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد جناح ہاؤس پر حملے کے حوالے سے اب تک کی سامنے نہ آنے والی ویڈیوز میں شرپسندوں کی شرمناک گفتگواور ناقابل تردیدمناظر منظر عام پر آگئے ۔
بغض و عناد میں سیاسی جماعت کے شر پسندوں کے شرمناک جملوں نے بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ، ویڈیومیں سنا جاسکتا ہےکہ کیسے بے حیائی اور بے باکی سے بھارتی فلم کا ڈائیلاگ “گھر میں گھس کرماریں گے” دہرایا گیا، آگ لگانے کے مناظر ثابت کر رہے ہیں کہ شرپسند پوری تیاری سے آئے تھے۔
ویڈیو میں جناح ہاؤس میں لائٹرکے فیول سے لکڑی کے اسٹینڈ اور صوفہ سیٹ کو آگ میں پھینک کرمزید بھڑکانے کو واضح طورپردیکھا جاسکتا ہے۔
پاکستان سےآزادی کےطلب گار ضمیر فروشوں نے جناح ہاؤس میں “ہم لےکے رہیں گے آزادی” کے نعرے لگائے، شرپسند اپنے بغض،عناد اور سیاسی شدت پسندی میں سب کچھ بھول گئے۔
شرپسند یہ بھی بھول گئے کہ اس گھناؤنے جرم کےبعد وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، یہ ناقابل تردید مناظرعوام نےاپنی آنکھوں سے9 مئی کوبھی دیکھے تھے اور اب بھی دیکھ رہے ہیں،کوئی بھی من گھڑت پروپیگنڈا نہ سچ کو جھٹلاسکتا ہے اورنہ ہی حقائق کوچھپاسکتا ہے۔

پنجاب : دومختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 4افراد جاں بحق

لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب کے دو شہروں میں مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں ۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ ،سگیاں روڈ پر ٹریفک حادثے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے ، حادثہ موٹر سائیکل رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان ٹکر کے باعث پیش آیا ۔
دونوں بھائیوں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکے ، حادثے میں جاں بحق ہونے والےدونوں بھائیوں کی شناخت 20 سالہ بابر اور 22 سالہ نادر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایدھی ترجمان کے مطابق رضاکاروں نے پولیس کارروائی کے بعد لاشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دیں ، واقعہ پر قانونی کارروائی جاری ہے۔
ایک اور حادثہ نارروال کے علاقے پسرور روڈ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر وین نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی ، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔
ریسکیو کے مطابق حادثہ میں جاں بحق موٹرسائیکل سوار میاں بیوی ہیں ، زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

فردوس شمیم کو جیل بھیج کر اہلِ اقتدار نے ذہنی پستی ظاہر کی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کینسر کے مریض فردوس شمیم نقوی کو زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے وہ کس قدر پستی کا شکار ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کراچی کے رہنما فردوس شمیم نقوی کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی 27 سال قبل میرے ہمسفر اور پاکستان کو ایک منصفانہ اور انسانی اقدار پر مبنی سماج کی صورت میں ڈھالنے کے خواب میں میرے شراکت دار بنے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی نے جدوجہد کے تمام نشیب و فراز کا پوری ثابت قدمی سے سامنا کیا اور ایمان کی پختہ بنیادوں پر استوار مضبوط کردار ہی تھا جو بہت سی مایوسیوں کے باوجود ثابت قدمی کا وسیلہ بنا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ فردوس شمیم کینسر کے مرض سے شفایابی کے مراحل میں ہیں، انہوں نے اپنے مرض کا بھی پورے وقار اور ہمت سے مقابلہ کیا، ایسے شخص کو دہشتگردی کے الزام میں زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے کہ کس قدر پستی کے شکار ہیں۔