All posts by Khabrain News

روپے کی پسپائی نہ رکی، ڈالر پھر تگڑا ہونے لگا، سٹاک مارکیٹ میں کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) روپے کی پسپائی نہ رکی، ڈالر پھر تگڑا ہونے لگا، امریکی کرنسی کی قدرمیں مزید اضافہ ہوگیا، سٹاک مارکیٹ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مزید 30 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 222 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
دوسری جانب سٹاک ایکسچینج مارکیٹ میں کمی دیکھنے میں آگئی، آج مارکیٹ کا آغاز 350 پوائنٹس کی کمی سے ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 41 ہزار 861 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

یوکرین کا ایرانی ساختہ 10 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین میں روس کا فوجی آپریشن بدستور جاری ہے، یوکرین نے ایرانی ساختہ 10 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کر دیا۔
روس نے یوکرین کے مزید علاقوں میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، دوسری جانب یوکرین بھی اپنے علاقے واپس لینے کی کوشش میں ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یوکرینی ایئر ڈیفنس نے10 ڈرون مار گرائے ہیں، بتایا جارہا ہے کہ یہ ڈرون ایرانی ساختہ ہیں جو روس استعمال کررہا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے بحیرہ اسود میں بحری بیڑے پر حملے میں یوکرین کی حمایت کرنے پر برطانوی سفیر کو طلب کیا جائے گا۔

عمران خان پر قاتلانہ حملہ، میڈیکل بورڈ آج طبی معائنہ کرے گا

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان شوکت خانم ہسپتال میں زیرعلاج جہاں آج میڈیکل بورڈ عمران خان کا طبی معائنہ کرے گا۔
ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق عمران خان پوسٹ آپریشن وارڈ میں موجود ہیں ، دائیں ٹانگ کا دو گھنٹے تک آپریشن جاری رہا، چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹانگ پر 4 زخم آئے، ہڈی کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔
میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران ہر قسم کے ذرات کو نکال دیا گیا، آپریشن کے دوران ہر زاویے سے تسلی کرنا ضروری تھا، آپریشن چھوٹا تھا لیکن تسلی کے لئے وقت درکار تھا۔

اہم تعیناتی سے پہلے عمران خان پر حملہ سنگین سازش کی کڑی ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان پر حملہ کرنے والے ایک سے زیادہ منظم سازش کے آلہ کار تھے، اگر عمران خان کو کچھ ہوجاتا تو پاکستان ہی نہیں خطے کی سیاست بھی بدل جاتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ اہم تعیناتی سے پہلے عمران خان پر قاتلانہ حملہ سنگین ترین سازش کی کڑی ہے، ایک ملزم سے فوری بیان دلوانا اور باقیوں کو فرار کروانا سوالیہ نشان ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ آج 2 بجے لال حویلی میں احتجاجی جلسے سےخطاب کروں گا، عمران خان پر قاتلانہ حملہ غیر ملکی اور مقامی سازش ہے، امن اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا حق لے کے رہیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سیاسی طور پر دفن ہو گئی ہے، اسلام آباد کو گونتا موبےجیل بنا دیا گیا ہے جو جیل ہمارے لئے کل بنائی ہے اس میں انھوں نے اور 77 وزراء نے رہنا ہے۔

ٹوئٹرنے اپنے ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کر دیا

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) ٹوئٹرنے آج سے اپنے ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کر دیا، کمپنی نے عارضی طور پر اپنے دفاتر کو بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اس سلسلے میں اپنے تمام ملازمین کو ای میل کی ہے، وہ ملازمین جو برطرفی سے متاثر نہیں ہوں گے، انہیں خط کے ذریعے مطلع کیا جائے گا، ٹوئٹر کے 7 ہزار 500 ملازمین میں سے آدھے فارغ کردیئے جائیں گے۔
ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے 7 دنوں بعد کمپنی ملازمین کو ایک میل کر کے اپنے حکم سے آگاہ کیا ہے۔
میل میں لکھا گیا ہے کہ ہم ٹوئٹر کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کیلئے اپنے افرادی قوت کو کم کرنے کے مشکل عمل سے گزرنا ہو گا، ۔ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ اس سے متعدد افراد متاثر ہوں گے جنہوں نے ٹویٹر کے لیے قابل قدر تعاون کیا ہے، لیکن کمپنی کی کامیابی کو آگے بڑھانے کیلئے یہ ضروری ہے۔
ہر ملازم کے ساتھ ساتھ ٹوئٹر سسٹمز اور کسٹمر ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہمارے دفاتر عارضی طور پر بند کیے جا رہے ہیں، اس دوران سب ملازمین کی رسائی معطل کر دی جائے گی۔ اگر آپ دفتر میں ہیں یا دفتر جا رہے ہیں تو براہ کرم گھر واپس جائیں۔ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ اس سے گزرنا ایک ناقابل یقین حد تک چیلنجنگ تجربہ ہے، چاہے آپ متاثر ہوں یا نہ ہوں۔
ٹویٹر کی ان پالیسیوں پر عمل پیرا رہنے کے لیے آپ کا شکریہ جو آپ کو سوشل میڈیا، پریس یا کسی اور جگہ کمپنی کی خفیہ معلومات پر بات کرنے سے منع کرتی ہیں۔
دوسری جانب ایلون مسک کا نیا پروجیکٹ آگے بڑھتا ہے تو صارفین کو 8 ڈالر ماہانہ پر ٹویٹر بلیو کو سبسکرائب کرنا پڑے گا یا اپنے “تصدیق شدہ” بیجز سے محروم ہونا پڑے گا، پہلے مرحلے میں ٹوئٹر اپنے صارفین سے بلیو ٹک سبسکرپشن کے لئے 20 ڈالر لینے کا منصوبہ بھی بنا رہا ہے۔

کورونا کے مزید 40 کیسز مثبت، 61 مریضوں کی حالت تشویشناک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 11 ہزار 693 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 ہزار 693 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 40 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.34 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 61 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

سعودی عرب کی عمران خان پر قاتلانہ حملےکی شدید مذمت

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر قاتلانہ حملےکی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ سعودی عرب پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملےکی سخت مذمت کرتا ہے۔
سعودی دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ سعودی عرب پاکستان کے امن و استحکام اور اس کے ترقیاتی عمل کو نقصان پہنچانے والی ہر سرگرمی کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ سعودی عرب ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کے ساتھ ہے۔

عمران خان پر حملہ اور وزیراعظم پر الزامات؛ شہباز شریف نے اہم اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان پر قاتلانہ حملے اور وزیراعظم و وزیرداخلہ پر الزامات سے متعلق حکومتی سیاسی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کل صبح 11 بجے منعقد ہونے والے اجلاس میں تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے، اجلاس میں وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملے اور اس کے بعد الزامات پر بات چیت ہو گی۔
اجلاس میں سیاسی صورتحال پر اتحادی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کی جائے گی اجلاس میں واقعہ کی انکوائری کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون اور جوائنٹ انویسٹی گیشن کی پیشکش کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس سلسلے میں وفاق نے پنجاب حکومت کو جے آئی ٹی بنانے کا مراسلہ لکھ دیا، مراسلے میں کہا گیا ہے جے آئی ٹی میں سینیر پولیس افسران اور خفیہ اداروں کے نمائندوں شامل کیا جائے، وزارت داخلہ نے مراسلہ چیف سیکرٹری پنجاب،آئی جی پنجاب،اور ایڈشنل کو ارسال کر دیا

 عمران خان کی طبیعت بہتر، ٹانگ سے گولی نکال دی گئی ہے، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی طبیعت بہتر ہے، ان کا آپریشن ہو چکا ہے اور ان کی ٹانگ سے گولی نکال دی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدوجہد ہر قیمت پر جاری رہے گی ، ہمیں قاتلوں کا پتہ ہے، عمران خان پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا لیڈر ہے، یہ تحریک رکے گی نہیں، عمران خان خود لیڈ کریں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کل تک اپنے معمول پر واپس آجائیں گے، ہمیں قاتلوں کا معلوم ہے جنہوں نے حملہ کیا، رانا ثنا اللہ نے سر کچلنے کی بات تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پورے پاکستان کا لیڈر ہے، آج منصوبہ بندی کے ساتھ عمران خان پر حملہ کیا گیا، پولیس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیں۔

تنازعات کے حل کے متبادل طریقہ کارکو عدالتی سطحوں پر فعال بنایا جائے: چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے پاکستانی عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے تنازعات کے حل کے متبادل طریقہ کار کوعدلیہ کی تمام سطحوں پر فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نےلاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور دستاویزی فلم ’’عدلیہ کا سفر 75 سال‘‘ کی باضابطہ لانچنگ تقریب کی صدارت کی۔
دستاویزی فلم ستمبر 2022 میں منعقد ہونے والی 9ویں بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس کے لیے تیار کی گئی تھی۔ کانفرنس کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے قائم آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی محمد مظہر اور جسٹس عائشہ اے ملک بھی موجود تھیں۔
چیف جسٹس نےلاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان اور پی ٹی وی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی شاندار دستاویزی فلم سامنے آئی ہے جو پاکستان کی آزادی کے بعد سے 75 سال کی عدالتی تاریخ کا احاطہ کرتی ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پی ٹی وی اسی طرح کی دیگر کوششوں میں بھی لااینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان سیکرٹریٹ کی مدد جاری رکھے گا تاکہ عام لوگوں میں آئین، قوانین اور انصاف تک رسائی کے بارے میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی ٹیم کی کو ششوں کو بھی سراہتے ہوئے امید ظاہر کی سیکرٹریٹ اسی جذبے، لگن اور عزم کے ساتھ اس طرح کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گا۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ عمر عطا بندیال نے شہریوں اور معاشرے کے حقوق میں توازن پیدا کرتے ہوئے تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے پاکستانی عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے تنازعات کے حل کے متبادل طریقہ کار کوعدلیہ کی تمام سطحوں پر فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
لااینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری نے دستاویزی فلم کی باقاعدہ رونمائی کا موقع فراہم کرنے پر چیف جسٹس آف پاکستان اور آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دستاویزی فلم پی ٹی وی ٹیم اور لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی ٹیم کی مشترکہ کاوش ہے۔جمعرات کو باضابطہ طور پر لانچ ہونے والی اس دستاویزی فلم میں پاکستان میں عدلیہ کی تشکیل، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور تاریخی پس منظر میں توسیع کا جامع احوال دیا گیا ہے۔
دستاویزی فلم میں مستقبل کی حکمت عملی اور پاکستان میں نظام انصاف کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش کی بھی عکاسی کی گئی ہے تا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے موثر نظام انصاف یقینی بنایا جاسکے ۔