All posts by Muhammad Saqib

مریض کے گردے سے 156 پتھریاں برآمد

بھارتی میں ڈاکٹرز نے مریض کے گردے سے 156 پتھریاں نکال لیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ میں ڈاکٹرز نے 3 گھنٹے کا طویل آپریشن کر کے 50 سالہ مریض کے گردے سے 156 پتھریاں نکال لیں۔ مریض گردے میں درد کی تکلیف کے ساتھ سرکاری اسپتال پہنچا تاہم ڈاکٹرز نے اسے پین کلر ادویات دے کر فارغ کر دیا تاہم مریض کو 2 روز بعد پھر درد کی شکایت ہوئی۔ دوبارہ درد کی تکلیف لیے مریض پھر اسپتال پہنچا تو ڈاکٹر نے اس کا الٹرا ساؤنڈ کروایا جس میں گردے میں پتھریاں سامنے آئیں۔ ڈاکٹرز نے گردے میں پتھریاں سامنے آنے پر آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا اور 3 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد مریض کے گردے سے 156 پتھریاں نکال لیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ تاریخ میں شاید پہلی مرتبہ کسی بھی مریض کے گردے سے اتنی زیادہ تعداد میں پتھریاں نکلی ہیں لیکن حیرانگی کی بات یہ ہے کہ مریض کی طبیعت زیادہ خراب نہیں تھی اور وہ ان پتھریوں کے ساتھ زندگی گزار رہا تھا۔ مریض کرناٹکا ہوبلی کے ایک اسکول میں معلم کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور گزشتہ کئی سال سے انہیں پیٹ میں درد کی شکایت تھی۔

خانیوال کےضمنی انتخاب کامکمل نتیجہ آنے سے قبل ہی شہباز شریف نے پیغام جاری کردیا

مسلم لیگ ن کےصدراورقائدحزبِ اختلاف شہبازشریف نےخانیوال کےضمنی انتخاب میں شاندارکارکردگی پرپارٹی کارکنان کوخراج تحسین پیش کرتے کہا ہےکہ جنوبی پنجاب کے عوام نے نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا ہے۔واضح رہے کہ خانیوال کے حلقہ پی پی 206کے ضمنی الیکشن کے نتائج آنےکا سلسلہ جاری ہے تاہم اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگی امیدوار کو واضح برتری حاصل ہے اور ان کی جیت یقینی سمجھی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کاکہناتھا کہ جنوبی پنجاب اور خانیوال کے عوام کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں، عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ،خانیوال کا الیکشن جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ ن کی عوامی خدمت کا اعتراف ہے ،ن لیگ نے جنوبی پنجاب کو جو ترقی دی، عوام نے اس پر اپنے اعتماد کی مہر لگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کے تحفظ کا سفر مزید قوت سے آگے بڑھائیں گے، پارٹی قائدین اور کارکنان کا شبانہ روز محنت پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور شاباش دیتا ہوں، آپ نے ٹیم ورک، یکسوئی اور نظریاتی جذبے کا مثالی مظاہرہ کیا، آپ پر فخر ہے۔

ذاتی جھگڑا، سیاستدان اکھاڑے میں کود پڑے، ایک دوسرے پر مکوں کی برسات

برازیل میں ذاتی جھگڑے کے باعث سیاستدان اکھاڑے میں کود پڑے اور باکسنگ مقابلے میں ایک دوسرے پر مکوں کی برسات کردی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوا کچھ یوں کے برازیل میں میئر اور سابق کونسل ممبر کے درمیان ذاتی جنگ سوشل میڈیا تک لفظی جنگ میں بدل گئی اور پھر یہ لفظی جنگ میدان تک آگئی، برازیل کے ایک چھوٹے سے شہر کے میئر نے سابق کونسل ممبر سے کیج فائٹ کا مقابلہ رکھا،جسے دیکھنے کےلیے تماشائیوں کی کثیر تعداد سپورٹس سینٹر پہنچ گئی۔
دونوں سیاست دانوں کے مابین پہلے کچھ ذاتی رنجش تھی جس پر پٹرول کا کام سابق کونسل ممبر ایرینومیریکو ڈا سیلوا کی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو نے کیا ،ویڈیو میں انہوں نے دریا کنارے واقع ایک سیاحتی مقام کی بدترین صورتحال پر میونسپلٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ویڈیو میں ڈا سیلوا کی جانب سے زدوکوب کیے جانے کی دھمکی پر 39 سالہ پیگزوٹو آگ بگولا ہو گئے اور ڈی سیلوا کو فائٹ کے لیے چیلنج کیا جسے سابق کونسل ممبر نے قبول کرلیا،فائٹ کا انعقاد سپورٹس سینٹر میں جہاں دونوں سیاست دانوں نے کیج میں داخل ہوتے ہی ایک دوسرے پر مکّوں اور لاتوں کی برسات شروع کردی۔
فائٹ کے تین راؤنڈ ہوئے جس میں سابق کونسل ممبر ڈی سیلوا نے میئر سماؤ پیگزوٹو کو دومرتبہ دھول چٹائی تاہم ججز نے میچ کا فاتح میئر کو قرار دیا،مقابلے کے بعد دونوں سیاست دانوں نے خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے کو گلے لگایا۔
دوسری جانب ہیلتھ ریگولیٹر نے کورونا وبا کے دوران ان ڈور فائٹ اور بغیر ماسک تماشائیوں کی انٹری پر وضاحت طلب کرلی۔
میئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فائٹ کا مقصد کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور بھوک سے دوچار افراد کیلئے چندہ جمع کرنا تھا۔

پی پی 206 ضمنی الیکشن: ن لیگ کے امیدوار پی ٹی آئی سے آگے، فتح کی جانب گامزن

پنجاب کے ضلع خانیوال کے حلقہ پی پی206 کے ضمنی الیکشن کیلئے آج پولنگ ہوئی جس کے بعد نتائج موصول ہونے کا سلسلہ شروع جاری ہے۔

183 میں سے 145 پولنگ اسٹیشنز  کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کے رانا محمد سلیم 37015 ووٹ لے کرآگے ہیں۔

پی پی 206 ضمنی الیکشن: ن لیگ کے امیدوار  پی ٹی آئی سے آگے، فتح کی جانب گامزن

پی ٹی آئی کی نورین نشاط 25377 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار سید واثق 11019 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، یہ نشست مسلم لیگ ن کے رہنما نشاط احمد  ڈاہا کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی لیکن ان کی اہلیہ نورین نشاط ڈاہا پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے میر واثق اور ن لیگ کے رانا سلیم اور دیگر امیدوار میدان میں ہیں۔

پی ٹی آئی کی امیدوار نورین نشاط ڈاہا نے ضمنی الیکشن میں ووٹ ڈالتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بھی کرڈالی اور بیلٹ پیپر پر مہر لگا کر میڈیا کو دکھایا۔

الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے نورین نشاط ڈاہا کا ووٹ ضائع قرار دے دیا۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی ووٹرز اپنا بیلٹ پیپر کسی کو نہیں دکھا سکتا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو کلین سوئیپ کر دیا

تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا 208 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
قومی ٹیم کی سلامی جوڑی بابراعظم اور محمد رضوان نے ریکارڈ چھٹی مرتبہ سو رنز سے زائد کی شراکت داری قائم کر کے ریکارڈ بنایا۔
بابراعظم 79 اور محمد رضوان 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آصف علی نے اننگز کے آخر میں 7 گیندوں پر21 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے پاکستان خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کی خوب دھلائی کی اور گراونڈ کے چاروں اطراف چھکے چوکوں کی برسات کر ڈالی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان نکولس پوران 64، شمیرا بروکس 49، برینڈن کنگ 43 اور ڈیرن براوو 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے دو جب کہ شاہ نواز دھانی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گیس کی قلت، بلاول کی اپیل پر کل ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے

  • پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اپیل پر کل ملک بھر میں گیس کی قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

    پاکستان پیپلزپارٹی کے تحت ملک بھر کے اضلاع میں کل نمازِ جمعہ کے بعد گیس کی قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 30 نومبر کو پشاور میں جلسے کے دوران ملک گیر احتجاج کی کال دی تھی۔

    بلاول بھٹو زرداری کی اپیل پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا پہلا سلسلہ 10 دسمبر کو شروع ہوا تھا۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں اپنے احتجاجی پروگرام کے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

فضل الرحمان کا چودھری پرویز الٰہی کو ٹیلیفون، شجاعت کی خیریت دریافت کی

پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کو مولانا فضل الرحمان نے ٹیلیفون کیا ہے۔
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کو ٹیلیفون کیا اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔
فضل الرحمن نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ چودھری شجاعت حسین کو جلد تندرستی عطا فرمائے۔
مولانا فضل الرحمن نے چودھری شجاعت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ لاہور آؤں گا تو آپ کی عیادت کیلئے خود حاضر ہوں گا۔

محمد رضوان کا کاؤنٹی کرکٹ سے معاہدہ طے پاگیا

پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا انگلش کاؤنٹی سسیکس سے معاہدہ طے پاگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد رضوان کا سسیکس سے معاہدہ رواں سال کے لیے طے پایا ہے۔محمد رضوان اپریل سے جولائی 2022 تک سسیکس کی نمائندگی کریں گے۔محمد رضوان سسیکس کی جانب سی ٹی 20 میچز میں بھی شرکت کریں گے۔

جاپان نے پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے میں دل چسپی ظاہر کردی

تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر انفامیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق سے جاپان کے پاکستان میں سفیر متشوہیرو واڈا نے اہم ملاقات کی، جس میں انھوں نے پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر گہری دل چسپی کا اظہار کیا، ملاقات میں جاپان اور پاکستان کی وزارت آئی ٹی مشترکہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
امین الحق نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی ماہرین اپنی صلاحیت اور قابلیت کے اعتبار سے ترقی یافتہ ممالک سے کم نہیں، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، پروگرامنگ، اینیمیشن، اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے پاکستانی ماہر جاپان کے لیے سودمند ثابت ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جاپان اپنی مانگ اور مطلوبہ قابلیت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرے ہم اسے پورا کریں گے، جاپانی آئی ٹی کمپنیاں پاکستان آ کر ہمارے آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کر سکتی ہیں، ہماری وزارت ان کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
جاپانی سفیر نے اس موقع پر کہا ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے لیے وزارت آئی ٹی کے اقدامات قابل تعریف ہیں، جاپان معمر افراد جب کہ پاکستان نوجوان اور باصلاحیت افراد کا ملک ہے۔
ان کا کہنا تھا جاپانی کمپنیاں انگریزی سے عدم واقفیت کی بنا پر اپنی مصنوعات کی مطلوبہ تشہیر نہیں کر پا رہیں، ہم یہ جانتے ہیں کہ پاکستانی آئی ٹی ماہرین جاپان کے لیے نہایت کارآمد ہو سکتے ہیں۔
متشوہیرو واڈا نے کہا جاپان کی ہیومن ریسوس کے عہدیدار جلد پاکستان کا دورہ کر کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنا چاہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سکردو ائیرپورٹ کو انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے ، اب یہاں سیاحت کیلئے دروازے کھل جائیں گے ۔
وزیر اعظم عمران خان دورے پر سکردو پہنچے ، عوام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سیاحت گلگت بلتستان کا اثاثہ بن سکتا ہے،سوئٹرزلینڈ گلگت بلتستان سے آدھا ہے،سوئٹرزرلینڈ سیاحت سے سالانہ 70ارب ڈالر کماتا ہے،جب وہ اتنا کما سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں ، میں نے دنیا کے خوب صورت ترین علاقے دیکھے ہوئے ہیں،گلگت بلتستان دنیا کا خوبصورت ترین علاقہ ہے، سکردو ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دیا گیا، بیرون ملک مقیم پاکستانی گلگت بلتستان آئیں گے جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں غربت زیادہ ہے، میری کوشش ہے کہ پسماندہ علاقوں میں کام کریں،جب تک غریب کو اوپر لے کر نہیں آتا ملک ترقی نہیں کر سکتا،پاکستان میں امیر امیر سے امیرتر اور غریب غریب سے غریب تر ہو گیا،اللہ نے اس ملک کو بے پناہ نعمتیں بخشی ہیں مگر ہم نے اللہ کی دی ہوئی کسی نعمت کا فائدہ نہیں اٹھایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آٹا ،گھی اور دالوں پر سبسڈی کے لیے احساس راشن کارڈ متعارف کرایا ہے ، ہم پورے گلگت بلتستان میں ہر خاندان کوہیلتھ انشورنس دیں گے،ہر گھرانے کے پاس10لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس ہوگی،دنیا کے امیر ترین ملکوں میں بھی یونیورسل ہیلتھ انشورنس نہیں ہوتی۔
وزیر اعظم نےکہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ تباہی خیبرپختونخوا میں ہوئی،یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں زیادہ تیزی سے غربت کم ہوئی،گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر سے منسلک کررہے ہیں ، منصوبے پر این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،یہ بھی وقت آئے گا کہ لوگ یہاں روزگار ڈھونڈنے آئے گا۔