All posts by Khabrain News

’گھبرانا نہیں ہے‘ ماڈل ایان علی کا عمران خان کومشورہ

دبئی: (ویب ڈیسک) ماڈل ایان علی نے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کو نہ گھبرانے کا مشورہ دے دیا۔
ماڈل ایان علی نے خود سے متعلق عمران خان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے چئیرمین کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
ایان علی کا کہنا تھا کہ میں نے 20 سال کی عمر میں جھوٹے مقدمات لڑے اورجیت چکی۔ امید ہے آپ بھی گھبرائیں گے نہیں۔ دیکھتے ہیں آپ کتنے برداشت کرتے ہیں۔
ایان علی کا مزید کہنا تھا کہ 2 عادات شاید آپ مرتے دم تک نہیں چھوڑ سکتے پہلی میرے نام پرٹی آرپی کمانا اوردوسری جھوٹ بولنا کیونکہ سچ بولنا آپ نے سیکھا ہی نہیں۔ آپ 4 سال وزیراعظم رہے لیکن پھر بھی مجھ پر جھوٹا الزام لگائے بغیر آپ کی تقریر اورخبرنہیں بنتی۔
ماڈل ایان علی پر منی لانڈرنگ کے الزامات تھے اورعمران خان نے اپنی حالیہ تقریرمیں ایان علی کا حوالہ دیا تھا۔

سائنسدان چاند سے لائی گئی مٹی میں پودے اگانے میں کامیاب

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے چاند سے لائی گئی مٹی میں پودے اگا کر انسانی تاریخ میں پہلی بار قمری اور خلائی تحقیق میں ایک سنگ میل عبور کرلیا۔
سائنسی جریدے ’’جرنل کمیونیکیشنز بائیولوجی‘‘ میں شائع ہونے والے ایک نئے مقالے میں فلوریڈا یونیورسٹی کے محققین نے انکشاف کیا ہے کہ چاند سے لائی گئی مٹی میں بیج ڈالے گئے جس میں سے پودے اگ آئے اور کامیابی کے ساتھ بڑھتے بھی گئے۔
اس تحقیق میں یہ چھان بین بھی کی گئی کہ پودے چاند کی مٹی جسے قمری ریگولتھ بھی کہا جاتا ہے اور جو زمین پر پائی جانے والی مٹی سے یکسر مختلف ہوتی ہے، حیاتیاتی طور پر کس طرح کا ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
محققین نے اس تحقیق کو چاند پر یا خلائی مشن کے دوران خوراک اور آکسیجن کے لیے ایک دن میں پودے اگانے کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج اس وقت سامنے آئے ہیں جب آرٹیمس پروگرام انسانوں کو چاند پر واپس بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
تحقیقی مقالے کے مصنفین میں سے ایک اور باغبانی کی سائنس کی ریسرچ پروفیسر انا لیزا پال نے کہا کہ پودوں کے اگنے سے یہ ثابت کرنے میں مدد ملی کہ چاند سے واپس لائے گئے مٹی کے نمونوں میں پیتھوجینز یا دیگر نامعلوم اجزا موجود نہیں تھے جو زمینی زندگی کو نقصان پہنچاتے تھے۔
اسی طرح ایک اور مصنف انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ اینڈ ایگریکلچرل سائنسز میں باغبانی کے سائنس کے ممتاز پروفیسر روب فرل کا کہنا تھا کہ اس تحقیق سے آرٹیمس کو خلا میں پودے اگانے کے بارے میں بہتر تفہیم کی ضرورت ہوگی۔
سائندس دانوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس تحقیق سے چاند پر پودے اگانے اور ان سے آکسیجن حاصل کرنے کے لیے مزید تحقیق سے ہم اس قابل ہوجائیں گے کہ چاند پر قدرتی آکسیجن حاصل کرسکیں۔

مرگی کے دورے میں دماغی مقام کا تعین کرنے میں نمایاں کامیابی

نیویارک: (ویب ڈیسک) مرگی کے مرض کی سب سے خوفناک شدت وہ ہے جس میں کوئی دوا کام نہیں کرتی اور متاثرہ بافت کو نکال باہر کرنا آخری راستہ رہ جاتا ہے۔ اب ماہرین نے دماغ میں دورے کی وجہ بننے والے مقام کی درست نشاندہی میں بہت غیرمعمولی کامیابی حاصل کی ہے، بصورتِ دیگرگڑبڑ والی اصل جگہ کا تعین بہت مشکل تھا۔
کارنیگی میلون یونیورسٹی کے پروفیسر بِن ہی اور ان کے ساتھیوں نے ہارورڈ میڈیکل اسکول کے تعاون سے ایک نئی ٹیکنالوجی وضع کی ہے جو کم سے کم نقصاندہ اور تکلیف دہ طریقہ بھی ہے جو الیکٹروفزیولوجیکل ریکارڈنگ کے تحت کام کرتا ہے۔
مرگی کی شدید صورت میں بھیجے کے متاثرہ حصے کو نکال باہر کرنا ضروری ہوتا ہے۔ روایتی انداز میں کھوپڑی میں سوراخ کرکے دماغ کی اوپری سطح پر الیکٹروڈ لگائے جاتے ہیں۔ برقیرے (الیکٹروڈ) کئی دنوں اور ہفتوں تک دماغ کے اس مقام کا تعین کرتے ہیں جہاں سے مرگی کے دورے پھوٹتے ہیں۔ اس عمل میں بہت وقت لگتاہے، خرچ بڑھتا ہے اور مریض الگ تکلیف کا شکار رہتا ہے۔
اب نئے طریقے سے صرف دس منٹ میں 88 فیصد درستگی سے مرگی والے دماغی حصے کی شناخت کی جاسکتی ہے۔ اس کے بعد جراح سرجری کی بدولت اس مقام کا آپریشن کرسکتے ہیں۔
اس ٹیکنالوجی کو مجموعی طور پر 27 افراد پرآزمایا گیا تو اس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ۔ اس ضمن میں مشین لرننگ اور اے آئی سے بھی مدد لی گئی ہے۔ تاہم اب بھی کھوپڑی میں سوراخ کرکے الیکٹروڈ کی ضرورت رہتی ہے لیکن درست تعین کے لیے برسوں یا ہفتوں کا انتظار نہیں کرنا پڑتا۔
جب اسی مقام کی بافتوں (ٹشوز) اور خلیات کو جب آپریشن سے نکالا گیا تو 92 فیصد مریضوں میں مرگی کے دورے ختم ہوگئے ۔ اس عمل میں الیکٹروڈ نے دماغ میں برقی سگنل کا ہر طرح سے بہاؤ نوٹ کیا اور خلل کی صورت میں خود سافٹ ویئر نے پیشگوئی کی یہاں سے مرگی پھوٹ رہی ہے۔

تین بیٹیوں کو قتل کرنے والے باپ کو 3 مرتبہ سزائے موت

عارف والا: (ویب ڈیسک) پنجاب کے ضلع پاک پتن کی تحصیل عارف والا میں تہرے قتل کے مجرم سفاک باپ کو 3مرتبہ سزائے موت سنا دی گئی۔
عارف والا محمد نگرکے ایڈیشنل سیشن جج اعظم رانا نے تہرے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم احمد یاربلوچ پرالزام ثابت ہونے کے بعد 3 مرتبہ سزائے موت اورایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
محمد نگرکے نواحی گاؤں 83 ای بی میں نشئی باپ نے نشے سے منع کرنے پر3 بیٹیوں کوگلا دبا کرقتل اوربیوی کو تیز دھار آلے سےشدید زخمی کردیا تھا۔ تہرے قتل کا واقعہ 2017 میں پیش آیا تھا۔

وزیراعلی حمزہ شہباز کا عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی حمزہ شہباز نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے خود اضلاع کے سرپرائز وزٹ کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز صوبے کے عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے متحرک ہوگئے۔ حمزہ شہباز نے چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی فیلڈ کے دوروں کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلی آفس میں چیف منسٹر پرائس کنٹرول سیل قائم کیا جائے گا۔
اس موقع پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دے کر ازسر نو فعال کر دیا گیا ہے، فوکل پرسن عوام کو اشیاء ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر یقینی بنانے میں متحرک کردار کریں گے، گھی، آٹے، چینی، چکن اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد ہوگا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا، انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھے، مہنگائی کی جو بھی وجہ ہو، مجھے پریشان عوام کو ریلیف دینا ہے، غیر معمولی حالات میں فوری اقدامات کے متقاضی ہیں، عام آدمی کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

حیدرآباد کے قریب ٹرین حادثہ

کراچی: (ویب ڈیسک) حیدرآباد کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کا حادثہ پیش آیا اور کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
پشاور سے کراچی آنے والی رحمان بابا ایکسپریس بولاری کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ رحمان بابا ایکسپریس کا انجن اور کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے اور حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں کو طلب کر لیا گیا۔

عمران خان کو کسی سازش نہیں اعتماد کھو جانے کے بعد ہٹایا گیا: شیری رحمان

کراچی: (ویب ڈیسک) شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو کسی سازش نہیں اعتماد کھو جانے کے بعد ہٹایا گیا، عوام عمران خان کے چور اور سازش کے بیانیے کو مسترد کرچکے۔
پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کے عمران خان احتجاج کو جہاد قرار دے رہے ہیں، عمران خان واضع کر دیں کہ وہ کن کے خلاف یہ جہاد کر رہے ہیں ؟ عمران خان صرف انتشار پھیلانے اور تقسیم کی سیاست میں اپنا سارا وقت گزارنے میں تلے ہوئے ہیں، اپنے اقتدار اور مشہوری کے لئے عمران خان خانہ جنگی سمیت ملک کو گنوانے کے لئے بھی تیار ہیں، اس تقسیم کی سیاست میں نہ اقتصادی بحران حل ہو سکتا ہے نہ ہی سیاسی، ملک کو بحرانوں میں دھکیلنے کے بعد اب کہہ رہے ہیں انتخابات کروا کر ہمیں واپس لائیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ سابقہ حکومت کے پاس بحرانوں کے حل کے لئے چور چور اور سازش کہنے کے علاوہ کوئی اور پروگرام یا منصوبہ نہیں ہے، ان کے پاس کوئی پلان نہیں بس ملک میں خطرناک خانہ جنگی کی پھوٹ ڈالنا چاہتے ہیں، واضع ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو عمران خان کو کوئی فکر نہیں، عمران خان ہر حال میں اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، عمران خان صرف اپنی انا اور اپنی ذات کی سیاست میں مصروف ہیں۔

بیرون ملک پاکستانیوں نے ترسیلات زر میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں نے ترسیلات زر میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ اپریل میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے 3.1 ارب ڈالرز کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں اور 3 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات اب تک پہلی مرتبہ ملک میں آئی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اپریل میں ترسیلات ماہ بہ ماہ 11.2 اور سال بسال 11.9 فیصد بڑھ گئیں جبکہ مالی سال 22 کے 10 ماہ کے دوران ترسیلات مجموعی طور پر 26.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اپریل کے دوران زیادہ تر رقوم سعودی عرب سے 707 ملین ڈالرز بھیجی گئیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات سے 614 ملین ڈالر بھیجی گئیں۔
برطانیہ سے 484 ملین ڈالر اور امریکہ سے 346 ملین ڈالر ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔

عمران خان مہنگائی اور معاشی تباہی کا حساب دیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان مہنگائی اور معاشی تباہی کا حساب دیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ معیشت کی تباہی اور ڈالر کی تاریخی بلندی کا مجرم عمران خان ہے اور پاکستان کو مسائل کی دلدل میں عمران خان نے دھنسایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج ڈالر میں اضافہ ہو رہا ہے تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں اور ڈالر 193 روپے پرعمران خان کی وجہ سے گیا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے معاہدے پر عمران خان نے دستخط کیے تھے اور آئی ایم ایف کے معاہدے پر دستخط کرنے کی سزا عوام کو مل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیوٹرلز کو خبردار کیا تھا، اگر سازش کامیاب ہوئی تو معاشی بحالی دم توڑ جائے گی، عمران خان
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان مافیا کی حکومت کی وجہ سے معاشی دہشت گردی کی گئی اور آج ملک میں معاشی عدم استحکام عمران خان کی وجہ سے ہے اور اگر آج مشکل فیصلے کیے جا رہے ہیں تو اس کے ذمہ دار بھی عمران خان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان شور نہ مچائیں بلکہ مہنگائی اور معاشی تباہی کا حساب دیں۔

حج 2022: 81 ہزار لوگ جائیں گے، سرکاری فیس 9 لاکھ 45 ہزار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت مذہبی امورنے حج سے متعلق حتمی شکل دینے کا مرحلہ مکمل کرلیا۔
رواں سال 81 ہزار سے زائد پاکستانی فریضہ حج ادا کرینگے، ایئرلائن کا کرایہ 1 لاکھ 80 ہزارسے 2 لاکھ 80 ہزار مقرر، سرکاری حج کی فیس 9 لاکھ 45 ہزار مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ جبکہ پرائیوٹ حج کی فیس 12 لاکھ سے شروع ہوگا۔
رواں سال چالیس فیصد کوٹہ سرکاری جبکہ 60 فیصد پرائیوٹ حج آپریٹر کو دیا جائے گا۔ پاکستانی ایئرلائن حج آپریشن میں حصہ لیں گی، اب تک30 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، درخوستیں وصول کرنے کی 13مئی آخری تاریخ ہے۔
2019 میں ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانیوں نے فریضہ حج ادا کیا تھا، رواں سال 10 لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج ادا کریں گے۔
تمام حجاج کے پاس اسمارٹ فون لازمی قرار دیا گیا ہے۔۔۔حج کی ادائیگی کے سعودی عرب پہچنے والے تمام عازمین کو مقامی سم اور بمعہ انٹرنیٹ پیکج بھی لازمی قرار دیا گیا۔