All posts by Khabrain News

لیگی قیادت کا لندن میں اجلاس، لانگ مارچ کیساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
نواز شریف کی صدارت میں لندن میں اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم شہباز شریف سمیت وفاقی وزرا نے شرکت کی۔
دوسری طرف اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے جارحانہ پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ کو سختی سے نبٹا جائے گا، آئین توڑنے کے الزامات کے تحت کارروائی کیلئے بھی اتحادی جماعتوں سے منظوری لی جائیگی، معاشی بحالی کیلئے تجاویز بھی تیار کرلی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف وطن پہنچ کر اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے ملکر منظوری حاصل کریں گے۔

جیل جانے اور جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں لیکن امریکی غلامی قبول نہیں ہے، عمران خان

اٹک: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تھری سٹوجز نے بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف سازش کی، حقیقی آزادی کا وقت آگیا، ڈرے ہوئے لوگ کبھی آزاد نہیں ہوتے، زندگی موت اوررزق اللہ کے ہاتھ میں ہے، جب تک یہ الیکشن کا اعلان نہیں کریں گے، ہم اسلام آباد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، تحریک انصاف نہیں ساری قوم کواسلام آباد کی دعوت دیتا ہوں۔
اٹک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تیری عبادت اور تیرے سے مدد مانگتے ہیں، کسی انسان یا کسی ملک کے سامنے سجدہ نہیں کرتے، ہم آزاد قوم ہیں، ہمارا کلمہ ہمیں آزادی دیتا ہے، یہ ہماری حقیقی آزادی کی جنگ ہے، دلیرنوجوانوں کی میرے ساتھ شرکت سب سے بڑی ذمہ داری ہے، خواتین کو کہتا ہوں آپ سب نے حقیقی آزادی کی جنگ میں شرکت کرنی ہے۔ یہ ہمارے ملک کے لیے فیصلہ کن وقت ہے، فیصلہ ہونے جارہا ہے کیا ہم ایک آزاد یا امریکیوں کے غلاموں کی غلامی کریں گے، یہ سیاست نہیں جہاد ہے، فیصلہ کیا ہے جب تک اللہ نے زندہ رکھا چوروں، ڈاکوؤں کو کبھی قبول نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اٹک کے غیوراوردلیرنوجوانوں سب تیاری کرو، ہم نے اپنی آزادی کی جنگ لڑنی ہے، میری والدہ نے کہا تم خوش قسمت ہو آزاد ملک میں پیدا ہوئے، لاکھوں لوگ انگریزکی جنگوں میں مرے، ایک غلامی قبضہ کر کے ہوتی ہے، پرویزمشرف نے امریکا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، دوسری غلامی فتح کیے بغیرغلام بنالیتے ہیں۔ امریکا نے مشرف کو کہا جنگ میں شامل ہو جاؤ ورنہ بم مار دیں گے، اس وقت کے حاکم نے امریکا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، میں نے ہمیشہ کہا کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا نہ عوام کوجھکنے دوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے تھری سٹوجزہیں، ملک کی سب سے بڑی بیماری زرداری اور دو بھائی 30 سال سے ملک لوٹ رہے ہیں، بڑا بھائی باہر بیٹھ کر فوج کو برا بھلا اور چھوٹا بھائی بوٹ پالش کرتا ہے، تیسرا تیس سال سے اسلام کوبیچ رہا ہے۔اقتدارملا توسمجھ رہا تھا یہ تعلیم کی وزارت سنبھالے گا، مولانا فضل الرحمان نے تعلیم کی وزارت کے بجائے این ایچ اے کی وزارت لی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ مل کر تھری سٹوجزنے یہاں سازش کی، ڈونلڈ لونے پاکستان کے سفیر کو دھمکی دی، ڈونلڈ لُو نے کہا اگرعمران خان کو ہٹادیا تو معاف کر دیں گے، ڈونلڈ لو کو پتا تھا چیری بلاسم آ کر خدمت کرے گا، انہوں نے پلان کیا اورحکومت گرادی، کونسا اتنا بڑا مسئلہ تھا سب نے ملکر حکومت گرائی، دیوالیہ معیشت کو ہم نے سنبھال لیا تھا، انہی لوگوں نے ادارے تباہ اور ملک لوٹا، اقتدارسنبھالا تو 20 ارب خسارہ ورثے میں ملا، ہماری حکومت نے آہستہ آہستہ انڈسٹری کو ٹھیک کیا، گروتھ میں اضافہ اور ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا، جب پاکستان ترقی کررہا تھا تب سازش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جب سازش کا پتا چلا توجولوگ سازش روک سکتے تھے ان کو بتایا، میں نے اور شوکت ترین نے بھی بتایا لیکن افسوس کچھ نہ کر سکے، آج پاکستان کا روپیہ تیزی سے گررہا ہے، دوماہ کے دوران فارن رزور تیزی سے گر رہے ہیں، پاکستان کی معیشت نیچے جارہی ہے؟ کون ذمہ دارہے۔
عمران خان نے کہا کہ مریم نواز ضمانت پر ہیں، آپ نے اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے میرے ساتھ نکلنا ہے، 24 ارب روپے کے شہبازشریف کے خلاف کیسزہیں، ایف آئی اے نے اس پر کیسز بنائے اب ختم کیے جا رہے ہیں، یہ قیامت کی نشانی ہے، آصف زرداری نیب کی اصلاحات کرے گا؟ جنہوں نے ملک لوٹا وہ اپنے کیسز خود ختم کر رہے ہیں، وزیرداخلہ نے 18 قتل کیے ہیں، لندن میں نوازشریف سزایافتہ کو ملنے گئے، نوازشریف بھگوڑا اور اس کی سزایافتہ بیٹی کو وزیراعظم کا پروٹوکول دیا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ نے کہا تھا قوم تب تباہ ہوتی جب بڑے ڈاکوؤں کونہیں پکڑا جاتا، ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، ڈاکٹررضوان کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے افسر اس مافیازسے ڈرتے ہیں، ڈاکٹررضوان نے حمزہ شہبازسے 16ارب کا سوال پوچھا تو انہوں نے دھمکی دی، انہوں نے ایان علی کے کسٹم آفیسر کو مروا دیا، شہنشاہ اورجسٹس سجاد کو زرداری نے مروا دیا تھا، اگر یہ لوگ کامیاب ہو گئے توملک تباہی کی طرف جائے گا۔ بڑے چوروں کونہ پکڑنا تباہی کا راستہ ہے، 20 مئی کے بعد اسلام آباد کی کال دوں گا توسب نے نکلنا ہے، آپ لوگوں کوکسی چیزکا خوف نہیں ہونا چاہیے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ نے پہلے مدینہ کے لوگوں کے خوف کی زنجیریں ختم کی تھیں، ڈرے ہوئے لوگ کبھی آزاد نہیں ہوتے، زندگی موت اوررزق اللہ کے ہاتھ میں ہے، جب تک یہ الیکشن کا اعلان نہیں کریں گے، ہم اسلام آباد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، تحریک انصاف نہیں، ساری قوم کواسلام آباد کی دعوت دیتا ہوں، فوجی اپنی فیملیز کو بھیجیں یہ میری نہیں پاکستان کی جنگ ہے، باہرکی غلامی اورچوروں سے ہم نے آزاد ہونا ہے، اسلام آباد کے لیے ہرشہری نے نکلنا ہے، میں جیل جانے اورجان کی قربانی دینے کوتیارہوں، کسی صورت امریکا کے غلام چوروں کو نہیں مانوں گا، میجر صادق، زلفی بخاری سمیت سب کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میری آپ سے اب اسلام آباد میں ملاقات ہوگی۔

شہری نے جان کی پرواہ کیے بغیر 8ویں منزل پر لٹکی بچی کو بچالیا

نورسلطان: (ویب ڈیسک) قازقستان کے شہری نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر آٹھویں منزل سے لٹکی ہوئی کمسن بچی کو بچالیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق قازقستان کے دارالحکومت نورسلطان میں تین سالہ بچی کے آٹھویں منزل سے لٹکنے کا دل دہلا دینے والا رونما ہوا، جو گھر میں اکیلی کھیل رہی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچی کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت کی آٹھویں منزل پر اپارٹمنٹ اکیلی کھیل رہی تھی کہ اچانک اس کا پاؤں پھسلا اور وہ کھڑکی سے باہر لٹک گئی۔
تین سالہ بچی کو کھڑکی سے باہر لٹکا دیکھ کر ہجوم جمع ہوگیا مگر کسی نے بھی بچی کو بچانے کی کوشش نہیں کی اسی دوران 37 سالہ ثابت نامی شخص وہاں سے گزر رہا تھا جس نے بچی کو بلند عمارت سے لٹکا ہوا دیکھا تو فوری طور پر مدد کیلئے دوڑا۔
نوجوان اپنے دوست کے ہمراہ ساتویں منزل پر پہنچا اور اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کھڑکی سے باہر نکلا اور بچی کا پاؤں پکڑ کر اپنی جانب کھینچا اور کھڑکی سے اندر کیا۔
اس دوران ثابت کے دوست نے اس کی ٹانگیں پکڑی تاکہ اسے نیچے گرنے سے بچایا جاسکے۔
قازق شہری کو لوگوں نے ’ہیرو‘ کے لقب سے نوازا ہے جب کہ شہر کے ڈپٹی ایمرجنسی منسٹر نے ثابت کو بہادری کا میڈل اور ایک اپارٹمنٹ تحفے میں دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ثابت چار بچوں کا باپ ہے اور دارالحکومت میں روزگار کے سلسلے میں تنہا رہتا ہے جب کہ اہل خانہ دوسرے شہر میں مقیم ہیں۔
ثابت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں اور اہلیہ کو حکومت کی جانب سے تحفے میں دئیے جانے والے خوبصورت اپارٹمنٹ میں بلالوں گا۔
ثابت نامی شہری نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر گھر میں چھوٹے بچے ہیں تو گھر کی کھڑکیاں بلکل بھی کھلی مت چھوڑیں کیوں کہ نظر بچتے ہی بچے حادثے کا شکار ہوسکتے ہیں جس میں ان کی موت ہوسکتی ہے یا پھر وہ زندگی کیلئے معذور ہوسکتے ہیں۔

شیخ رشید نے ڈالر 200 روپے کا ہونے کی پیشگوئی کر دی

اٹک: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 17 مئی تک ڈالر 200 روپے کا ہوجائے گا۔
اٹک میں تحریک انصاف کے جلسۂ عام سے خطاب کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو بچانے کی کال دی ہے، منہاج القرآن کی خواتین پر گولیاں چلوانے والا بدمعاش کہتا ہے کہ عمران خان کی کال پر اسلام آباد آکر بتاؤ، پورا پاکستان عمران خان کی کال پر آرہا ہے، روک سکتے ہو تو روک کر دکھاؤ۔
آئی ایس پی آر کے حالیہ بیان کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آصف زرداری اور مریم نواز نے پشاور کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے متعلق جو زبان استعمال کی وہ انہیں قبول نہیں ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ جس پر فرد جرم لگی وہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بن گئے، ڈالر 17 تاریخ تک 200 روپے کا ہوجائے گا، پاکستان کے زرمبادلہ کے آدھے ذخائر ختم ہوگئے ہیں، پاکستان خدانخواستہ دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، اسٹاک ایکسچینج بیٹھ چکی ہے، ایٹمی ہتھیاروں کیلئے پاکستان پر دباؤ آئے گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ جس نے تحریک عدم اعتماد کا منصوبہ بنایا تھا، اس نے عمران خان کی خدمت کی ہے، عمران خان ہیرو بن گئے ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ وہ کسی سے بات نہیں کریں گے نہ ہی کسی کا فون سنیں گے، صرف الیکشن کا انتظار ہے۔ وزیروں کو لندن بلا کر چوروں نے پیغام دیا ہے کہ وہی ملک کے حاکم ہیں، ملک میں اس وقت 2 وزیراعظم اور وزیر خزانہ ہیں، انہوں نے 2 بدمعاش اُجرتی قاتل رکھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی زندگی اور موت کا سوال ہے، امریکا نے سمجھا تھا کہ جوتے پالش کرنے والا پاکستان کو سنبھال لے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکتا، پاکستان پر بڑا وقت آنے والا ہے، ان سے معیشت نہیں سنبھالی جائے گی، ہمارے ایٹمی اثاثے شدید خطرات میں ہوں گے۔

معیشت کے حوالے سے شدید دباؤ کا سامنا ہے: ن لیگی رہنما

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ معیشت کے حوالے سے شدید دباؤ کا سامنا ہے، حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ معاشی صورتحال سے سنگین دباؤ اور مشکلات کا سامنا ہے، ملک کے اندرعمران نیازی پولرائزیشن کر رہے ہیں، عمران خان اداروں کے خلاف منظم مہم چلا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے، ہم تمام فیصلے اتحادیوں سے مشاورت سے کریں گے، مخلوط حکومت مل کر موجودہ بحرانی صورتحال سے نکالنے کے لیے کردار ادا کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ساڑھے تین سال بے شرم آدمی نے گند پھیلایا، نواز شریف نے بطور پارٹی لیڈر ایک سوچ دی، ملک اور معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا، یہ نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ افراتفری اور انارکی پھیلانا چاہتا ہے اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے نئے وزیراعظم مقرر

کولمبو: (ویب ڈیسک) رانیل وکرما سنگھے کو شدید معاشی بحران کا شکار ہونے والے سری لنکا کا وزیراعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن صدر گوتابایا راجا پاکسے نے 73 سالہ رانیل وکرما سنگھے کو صدر مقرر کیا جنہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سری لنکا کے وزیر اعظم مہندرا راجا پاکسے نے آزادی کے بعد ملک کے بدترین معاشی بحران پر عوامی مظاہروں کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وکرما سنگھے یونائیٹڈ نیشنل پارٹی کے سربراہ بھی ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو اڑھائی ارب ڈالر فراہم کرنے کا عندیہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے آئندہ مالی سال کے لیے پاکستان کو اڑھائی ارب ڈالر فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے ملاقات کی۔ اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی کی ٹیم بھی ملاقات میں موجود تھی۔
ملاقات میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے اگلے مالی سال کے لئے 2.5 بلین ڈالر کی اضافی امداد کا عندیہ بھی دیا۔ یہ انسداد پولیو اور سمیت تعلیم اور توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے فاہم کی جائے گی۔
کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے کہا کہ اس میں سے ڈیڑھ سے 2 ارب ڈالر موجودہ سال میں دستیاب ہو سکتے ہیں۔
وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ اے ڈی بی نے ہمیشہ اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کی پیروی میں مدد کی ہے، توانائی، تعلیم، مالیاتی اور قرضوں کے انتظام میں اے ڈی بی کی قابل اعتماد شراکت داری ہے، اس وقت پاکستان کو مختلف مالیاتی اور مالیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔
ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھاکہ حکومت معیشت کو جامع اور پائیدار ترقی کی راہ پر لانے کے لئے اصلاحاتی اقدامات پر کام کر رہی ہے، کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی نے وزیر مملکت کو اے ڈی بی کے پورٹ فولیو اور ملکی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ اے ڈی بی گورننس اور اصلاحاتی ایجنڈے سمیت فنانس سیکٹر کی ترقی کے لئے تعاون فراہم کرسکتا ہے۔

اسرائیل نے 4000 سے زائد غیرقانونی آبادکاری کی منظوری دے دی

یروشلم: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 4000 سے زائد بستیوں کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔
مغربی کنارے میں سینکڑوں فلسطینیوں کو بے دخلی کے خطرے کا سامنا ہے۔ فوج کی جانب سے مکانات مسمار کرنے کے ایک دن بعد غیرقانونی آبادکاری کا مخالف واچ ڈاگ گروپ ’پیس ناؤ‘ کی ایک عہدیدار ہاگیت افران نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ حکومت نے ایک اجلاس میں 4,427 غیر قانونی یہودی ہاؤسنگ یونٹس کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے قبضے کو تقویت دینے کے دوران اپنی تباہی کی جانب ایک اور قدم بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی حکومت کے ترجمانوں اور مغربی کنارے میں شہری امور کے انچارج فوجی ادارے نے صحافیوں کے مطالبے کے باوجود اس منظوری سے متعلق خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ بائیڈن انتظامیہ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے یہ یہودی آبادکاریوں کے منصوبوں میں سب سے بڑی پیشرفت ہے۔ وائٹ ہاؤس ایسی غیر قانونی آبادکاری کی تعمیر کی مخالفت کرتا ہے اور اسے فلسطینیوں کے ساتھ کسی بھی حتمی امن معاہدے کی راہ میں رکاوٹ کے طور پر دیکھتا ہے۔

برینڈن میک کولم انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ منتخب

لندن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میک کولم کو انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈکوچ منتخب کرلیا گیا۔
انگلیںڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے سابق کیوی کرکٹر برینڈن میک کولم کو انگلیںڈ کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ کوچ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ امید ہے میک کولم کی کوچنگ انگلش ٹیم کامیابیوں کی نئی منازل طے کرے گی جبکہ ڈریسنگ روم کا موحول بھی خوشگوار رہے گا۔
اس موقع پر سابق کیوی کپتان میک کولم نے کہا کہ انگلینڈ کے ٹیسٹ کرکٹ کے سیٹ اپ میں مثبت کردار ادا کرنے اور ٹیم کو مزید کامیابیاں دلانے کا موقع ملا ہے جس پر مجھے خوشی ہے تاہم ٹیم کو درپیش اہم چیلنجوں سے بخوبی واقف ہوں۔
سابق کیوی کپتان رواں ماہ کے آخر میں برطانیہ پہنچیں گے جبکہ وہ اس وقت انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی کوچنگ کے فرائض نبھارہے ہیں۔
واضح رہے کہ کیوی کرکٹر سال 2020 کیریبین پریمیئر لیگ ٹائٹل کے لیے ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی کوچنگ کرچکے ہیں۔ کیوی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے میک کولم نے 101 ٹیسٹ میچز کھیلے جبکہ 2012 سے 2016 تک وہ نیوزی لیںڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے۔
اس سے قبل انگلیںڈ کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے گیری کرسٹن اور پال کالنگ ووڈ کے نام زیر گردش تھے۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں ایشز سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد کرس سلورووڈ نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پال کالنگ ووڈ کو نگراں کوچ کے طور مقرر کیا گیا تھا۔
نومنتخب ٹیسٹ ٹیم کے کوچ میک کولم انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان اگلے ماہ جون میں 3 میچز پہلا اسائمنٹ ہوگی۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ملازمین کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن مستردکردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے اسمبلی سیکرٹیرٹ کے نوٹیفکیشن پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احکامات ماننے سے انکار کردیا ۔
خیال رہےکہ گذشتہ رات اسمبلی سیکرٹیرٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی آفس کے 11 ملازمین کا تبادلہ کردیا گیا تھا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کے اسٹاف آفیسر امان خالد کو تعمیرمرمت کے شعبے میں جبکہ ترجمان ڈپٹی اسپیکر سمیت اسسٹنٹ پروٹوکول افسر اورپرسنل فوٹو گرافر کا بھی پی آر سیکشن ٹرانسفر کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سینیئر کلرک شفاقت علی اور کمپیوٹر آپریٹر کو ایڈمن بلاک بھیج دیا گیا جب کہ جونیر کلرک محمد حسین کا آر آئی سیکشن میں تبادلہ کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ دیگر ملازمین میں ظہور احمد مزاری، تکسین ارشد ، شاہد حسین اور امیر حمزہ کا بھی ٹرانسفر کردیا گیا۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رات گئے ملازمین کا تبادلہ سمجھ سے بالا تر ہے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے اسپیکر آفس پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری رہائش گاہ پرتعینات ملازمین کو بھی ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے تاہم میں ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔