All posts by Khabrain News

نیب آج تک میرے خلاف کیس میں کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا: مریم نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب آج تک میرے خلاف کیس میں کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا، اگر کوئی بجلی چور، آٹا چور اور چینی چور ہے تو وہ عمران خان ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک میں انتخابات ہی مسائل کا واحد حل ہیں، مختصر وقت کیلئے مخلوط حکومت کوئی بڑا فیصلہ نہیں کر سکتی۔ عمران خان آج اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جب تک ادارے عمران خان کیساتھ تھے سب اچھا تھا۔ جیسے ہی عمران خان کی کرسی کھسکی تو کوئی میرجعفر، میرصادق بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ کبھی نیب کو کورونا ہو جاتا ہے، کبھی کچھ اور۔ پہلے درخواست دی جاتی تھی کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو، نیب کے پاس ثبوت نہیں تو بطور شہری میرے حقوق سلب نہ کیے جائیں، جب سے کرسی ہلی ہے نیب کے پاس کوئی جواب نہیں، میرے خلاف اگر کوئی ثبوت ہے تو مجھے سزا دیں۔

بلاول کی سیاسی گفتگو کی کوئی اہمیت نہیں ، یہ دو ہفتوں کے مہمان ہیں، فواد چوہدری

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فوادچودھری کا کہنا ہے کہ اب تو عدالتی کمیشن بنانا ضروری ہے کہ بلاول نے کس کس سے ملاقات کی، بلاول بھٹو تو خود بیرونی سازش کے تحت وزیرخارجہ بنےہیں تو وہ بھی مجرم ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ایوان میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کی طرف نہیں گئے تو حالات سنگین ہوجائیں گے ، مقبوضہ پارلیمنٹ کیا کمیشن بنائے گا، پیپلزپارٹی تو شفاف کیا الیکشن ہی نہیں چاہتی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو کی اسمبلی میں سیاسی گفتگو کی کوئی اہمیت نہیں ہے، یہ لوگ دو ہفتوں کے مہمان ہیں، حکومت کے کسی کمیشن کا حصہ نہیں بنیں گے ۔
اسٹاک مارکیٹ میں آج بھی مندی دیکھنے میں آرہی ہے، زرداری فیملی پیپلز پارٹی کے لیے خطرہ تھی اب ملک کے لیے خطرہ ہے، فواد چوہدری نے خبردارکیا کہ پاکستان کو سری لنکا ماڈل بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، یوں لگ رہا ہے کہ بلاول بھٹو اس میں کردار ادا کررہے ہیں۔

میں نہیں سمجھتا کوئی وزیر مارشل لا کی دھمکی دے سکتا ہے: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) شیخ رشید نے کہا ہے کہ شکر ہے کسی وزیر کا بلاول بھٹو سے رابطہ تو ہے، میں نہیں سمجھتا کوئی وزیر مارشل لا کی دھمکی دے سکتا ہے، اسی ماہ فیصلے ہو جائیں گے، کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے نجی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات کو اس صورتحال سے نکالنا ہوگا، کیا یہ اصلاحات چاہتے ہیں کہ ایف آئی اے کیسز بند ہو جائیں، کیا یہ چاہتے ہیں اوورسیز پیسے بھیجنا بند کر دیں ؟ حالات کچھ اور ہوئے تو جھاڑو بھی پھرسکتا ہے۔
دوسری جانب فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت 2 ہفتے کی مہمان ہے، انہوں نے 2 ہفتے میں جو کچھ کرنا ہے کرلیں، 2 ہفتے بعد بلاول وہی پر ہونگے جہاں پہلے تھے، اس حکومت کے بعد کسی کمیشن، پارلیمانی کمیٹی کا حصہ بننے یا تسلیم کرنے کیلئے تیار ہیں، موجودہ حکومت ایک مقبوضہ حکومت ہے جسے ہم تسلیم نہیں کرتے، اصلاحات کی باتیں الیکشن میں تاخیر کا ایک بہانہ ہے۔

بھارت مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی آبادی کو تبدیل کر رہا ہے: بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی آبادی کو تبدیل کر رہا ہے، مقبوضہ میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، بھارت نے غیر قانونی طور پر کشمیر کی حیثیت تبدیل کی، بھارت نے 5 اگست کے بعد غیر کشمیریوں کی آبادکاری شروع کی، بھارت کے خود ساختہ کمیشن کو مسترد کرتے ہیں، بی جے پی سرکار نے عالمی قوانین کی بار بار خلاف ورزی کی۔

روس اوریوکرین میں ہونے والے عسکری نقصان کی تفصیلات جاری

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین نے دونوں ممالک میں ہونے والے عسکری نقصان کی تفصیلات جاری کر دیں۔
24 فروری سے اب تک کس ملک کو کتنا نقصان پہنچا؟ یوکرین اورروس نے جنگ میں ہونے والےفوجی نقصان کے اعداد و شمار جاری کردئیے۔ یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ 10مئی تک جنگ کے دوران 26 ہزارروسی فوجی یوکرینی فورسزکے ہاتھوں ہلاک ہوئے۔ فوج نے 1170روسی ٹینک، 2808 بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کیں، 519 روسی توپ خانے،87 فضائی دفاعی یونٹ اور 199جنگی جہاز بھی نشانہ بنے۔ مختلف کارروائیوں کے دوران 158 ہیلی کاپٹرز، 94ڈرونز اور 1980 ٹرکوں کو بھی تباہ کیا گیا۔
روسی وزارت دفاع نےیوکرین کے فوجی نقصان کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس نے اب تک یوکرین کے 164جنگی جہاز، 125 ہیلی کاپٹرز اور 807 ڈرونز تباہ کیے، 302 جہاز شکن میزائل سسٹم، 2998 ٹینک بھی نشانہ بنے، یوکرین کی 1455 فیلڈ آرٹلری اور مارٹر سمیت 2808 فوجی گاڑیوں کو بھی ناکارہ بنایا گیا۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بجلی چوری واقعات میں اضافہ، کریک ڈائون بھی جاری

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بجلی چوری کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے جس کے سبب کیسکو نے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کر دیا ہے۔ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون بھی جاری ہے۔
بلوچستان کے اکثرعلاقوں میں بجلی چوری کو صارفین اپنا حق سمجھنے لگے ہیں، ہر علاقے میں بڑی تعداد میں لوگ بلاخوف کنڈے ڈال کر بجلی استعمال کر رہے ہیں۔ کوئٹہ کے سریاب، ہزارہ ٹائون، مشرقی ومغربی بائی پاس، نواں کلی سمیت دیگر علاقوں اور بیشترسرکاری کالونیوں میں بجلی کی چوری عام ہے، لوگوں کے بجلی چوری کے حق میں اپنے ہی دلائل ہیں۔
کیسکوذرائع کے مطابق کوئٹہ میں 20 سے 30 اور صوبے کے دیگرعلاقوں میں 50 فی صد تک بجلی چوری ہورہی ہے جس کی وجہ سے کمپنی کا مالی خسارہ بڑھ رہا ہے۔ کیسکو کی جانب سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بجلی چوری میں اضافے کے باعث کیسکو نے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

سینما گھر کی مہنگی ٹکٹیں منشا پاشا کی تنقید کے نشانے پر

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ منشا پاشا نے سینما گھروں کی مہنگی ٹکٹوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوکل سینما کو سپورٹ کرنے کیلئے عوام سے 900 روپے ایک ٹکٹ کے مانگنا صحیح بات نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ منشا پاشا نے سوشل میڈیا پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ابھرتی ہوئی ہر انڈسٹری کو حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہوتی ہے، بدقسمتی سے وہ فلمیں جن کا موضوع لوگوں کو سوشل میڈیا پر اچھا لگتا ہے ان کو بند کر دیا جاتا ہے لیکن کمرشل فلمیں سینما تک پہنچ جاتی ہیں مگر پھر بھی ان کو محدود سکرینز یا کم شوز جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ لوکل سینما کو سپورٹ کرنے کیلئے ٹکٹ کی قیمت بھی کم ہونی چاہیے۔

شمالی کوریا میں پہلی بار کورونا وائرس رپورٹ ہونے کا اعتراف

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا میں پہلی بار کورونا وائرس رپورٹ ہونے کا اعتراف کر لیا گیا۔
شمالی کورین حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیانگ یانگ میں اومی کرون کے سب ویرینٹ بی اے ٹو کی تشخیص ہوئی ہے۔ کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق خطرناک وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ شمالی کوریا دنیا کا واحد ایسا ملک ہے جہاں کورونا کے خلاف کسی قسم کی ویکسینیشن نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 62 لاکھ 82 ہزار سے زائد ہے جبکہ کورونا کیسز کی تعداد 51 کروڑ 91 لاکھ 67 ہزار 924 تک پہنچ چکی ہے۔

بیرونی سازش سے مسلط کرپٹ لوگوں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بیرونی سازش سے مسلط کرپٹ لوگوں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، یہ امپورٹڈ حکومت نامنظورہے، کل مردان جارہا ہوں ،باقی باتیں جلسے میں کروں گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے 13 مئی کو مردان جلسے کے حوالے سے پیغام میں کہا ہے کہ اہلِ مردان!ہمارا مقصد ایک ہے کہ ہم غیرت مند قوم ہیں۔ ایک بیرونی سازش کے نتیجے میں کرپٹ لوگوں کو ہم پر مسلط کیا گیا۔
ہم بیرونی سازش کے نتیجے میں خود پر مسلط ہونے والے کرپٹ لوگوں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔یہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے۔13 مئی کو شام بجے میں مردان آپ کے پاس آرہا ہوں۔مزید گفتگو انشاءاللہ 13 مئی کی شام کو مردان میں آپ لوگوں کے مابین پہنچ کر کروں گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: پولیس کو مسجد نبوی واقعہ کی ایف آئی آرز درج نہ کرنیکا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو مسجد نبوی واقعہ کی ایف آئی آرز درج نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی قیادت کے خلاف توہین مذہب مقدمات درج کرنے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ وفاقی حکومت کو ایف آئی آرز واپس لینے کی ہدایت کی جائے، لوگوں کے مذہبی جذبات ہے اور ان کے مذہبی جذبات کو واقعہ سے ٹھیس پہنچی۔ فواد چودھری نے کہا کہ یہ طے ہونا چاہئے کہ سیاست میں مذہبی کارڈ استعمال نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ درج کرانے کی درخواستیں پرائیویٹ پرسنز کی جانب سے جمع کرائی گئیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا ڈپٹی اٹارنی جنرل یہ بتا دیں کہ مستقبل میں ایسے ایشوز کو کیسے ڈیل کیا جائے گا ؟ وکیل نے کہا کہ وزارت داخلہ کو تمام مقدمات کی تفصیل جمع کرانے کی ہدایت کی جائے۔