All posts by Khabrain News

کیلی فورنیا کے ساحلی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی، 20 گھر جل کر خاکستر

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) جنوبی کیلی فورنیا کے ساحلی علاقے میں لگنے والی آگ نے 20 گھروں کو جلا کر خاکستر کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق خشک اور تیز ہوا کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دو سو ایکٹر رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کے پیش نظرشہریوں کو محٖفوظ مقامقات پر منتقل ہونے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو حکام کی جانب سے اس پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انٹربینک میں ڈالر پھر مہنگا، ریٹ 191 روپے تک پہنچ گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں ڈالر ریٹ 191 روپے پر پہنچنے کے سبب ایک بار پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ڈالر 98 پیسے مہنگا ہو گیا اور انٹربینک مارکیٹ میں 191 کے ریٹ پر فروخت ہوا۔ واضح رہے کہ چند روز سے ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، گذشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 190 روپے 2 پیسے کے ریٹ پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر اڑھائی روپے مہنگا ہوا جس کے بعد 192 روپے پر ٹریڈ ہوا۔
قبل ازیں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 13 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ رواں مالی سال ڈالر کی قیمت میں 33 روپے سے زائد اضافہ ہو چکا ہے، ڈالر کی قیمت میں اضافے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 4 ہزار ارب روپے سے زائد کا بوجھ بڑھا ہے۔

کراچی: گرمیوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید طویل، عوام بے حال

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں بجلی کی فراہمی کا کوئی وقت نہیں رہا، کے الیکٹرک کی جانب سے گرمیوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید طویل ہو گیا۔ شہری بارہ گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔
کراچی میں لوڈشیڈنگ بڑھتے بڑھتے 12 گھنٹے تک پہنچ گئی، شہریوں کو اذیت پہنچانے کیلئے کے الیکٹرک کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔ وقت پر پورا بل بھرنے والوں کو بھی طویل لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔ کے الیکٹرک کا دعوی
ہے کہ شہر میں شیڈول کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، بجلی کی فراہمی بلوں کی ادائیگی سے مشروط ہے۔
شہر قائد کے علاقے لائینز ایریا، ملیرسٹی، رفیع گارڈن، کورنگی، لانڈھی، اورنگی ٹاون بجلی کی معطلی سے شدید متاثر ہیں جبکہ گلستان جوہر، نارتھ کراچی، صدر، شاہ فیصل کالونی سمیت دیگر علاقوں کے شہری بھی گرمی میں اچانک بجلی چلے جانے کی اذیت سے دوچار ہیں۔

فیصل آباد: مہنگائی کنٹرول سے باہر، گندم کی قیمت 2600 روپے فی من، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1400 روپے سے تجاوز

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنڑول کرنا انتظامیہ کے بس سے باہر ہو گیا۔ گندم کی قیمت 2600 روپے فی من جبکہ آٹے کے بیس کلوگرام تھیلے کی قیمت 1400 روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔
فیصل آباد میں محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ ادارے آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول میں ناکامی کا شکار بن گئے، گندم کی کٹائی کے سیزن کے دوران ہی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 2600 روپے فی من تک جاپہنچی ہے جبکہ آٹے کا بیس کلوگرام کا تھیلا 1400 روپے اور دیسی آٹے کی قیمت 80 سے 85 روپے فی کلوگرام تک پہنچ چکی ہے جس سے عام آدمی کیلئے گزربسر کرنا محال ہوگیا ہے۔
معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی کہتے ہیں کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
شہری کہتے ہیں گندم کی کٹائی کے سیزن کے دوران ہی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ہونے والا ہوشربا اضافہ اس بات کی نشاندہی کررہا ہے کہ آئندہ دنوں میں صورتحال شدت اختیار کرسکتی ہے، جسے کنٹرول کرنے کیلئے بروقت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

وارننگ! بغیر نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کارروائی ہو گی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بغیر نمبر پلیٹس اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کےخلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
سٹی ٹریفک پولیس نے غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس والی وہیکلز کےخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا، سی ٹی او لاہور نے کہا کہ بوگس اور نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کےخلاف مقدمات درج ہوں گے، مقدمات موٹروہیکل آرڈنینس 97 اے کے تحت درج ہوں گے۔
نمبر پلیٹس پر ٹیمپرنگ، جعلی اور واضح نمبر نہ ہونے پر کوئی عذر قبول نہیں، سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے کہا کہ کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بدستور کارروائی جاری رہے گی، 400 سےزائد نمبر پلیٹس مینوفیکچررز کو وارننگ اور آگاہی نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاہورآگاہی مہم کے دوران پانچ لاکھ سے زائد شہریوں کو وارننگ دی گئی۔

شہباز گل کے 50 ہزار ٹوئٹر فالورز کہاں گئے؟

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے ٹوئٹر سے 50 ہزار فالورز غائب ہوگئے۔
جس کی تصدیق شہباز گل نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر ٹوئٹ کے ذریعے ہی کی، انہوں نے لکھا کہ میرے 50 ہزار ٹوئٹر فالورز ایک دم غائب۔ ان کو بھی کوئی مقصود چپڑاسی ٹکر گیا کیا
شہباز گل نے اپنی ٹوئٹ میں ٹوئٹر کے آفیشل اکاونٹ، اور ایلون مسک کو ٹیگ بھی گیا۔ یاد رہے ایلون مسک حال ہی میں ٹوئٹر کو 44 بلین ڈالرز میں خرید چکے ہیں۔
شہباز گل ٹوئٹر کو اپنے آرا کے لیے بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں، اور لوگوں کو اپنی پارٹی پالیسیوں سے آگاہ کرتے رہتے ہیں، لیکن پی ٹی آئی رہنما کے فالورز ایک دم کہاں گئے؟ اس بارے میں ابھی تک کوئی چیز سامنے نہیں آسکی۔

برطانیہ کا سعودی شہریوں کیلئے ای ویزا کا اعلان

برطانیہ : (ویب ڈیسک) برطانیہ نے یکم جون سے سعودی عرب کے شہریوں کیلئے الیکٹرانک ویزا جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سعودی عرب میں مقیم برطانوی سفیر نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یک جون سے کوئی بھی سعودی شہری آن لائن ویزا کی درخواست دینے کا اہل ہو گا۔
اس ویزے سے سعودی شہری برطانیہ میں 6 ماہ تک قیام کر سکیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ایک بڑی بہتری ہے جو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو بڑھانے کی خواہش سے ہم آہنگ ہے۔
برطانیہ میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ یکم جون سے، سعودی پاسپورٹ کے حامل افراد 24 گھنٹے کے اندر 37 ڈالر میں الیکٹرانک ویزا حاصل کر سکیں گے۔
جن درخواست دہندگان کے الیکٹرانک ویزا کو منظور کر لیا گیا، انہیں اس کا پرنٹ آوٹ برطانیہ انٹڑی سے پہلے حکام کو دکھانا ہوگا۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) کے ڈیٹا کی بنیاد پر دنیا کے پاسپورٹ کی درجہ بندی میں سعودی عرب کا پاسپورٹ 2022 میں 79 ویزا فری مقامات کے ساتھ عالمی سطح پر 66 ویں نمبر پر ہے۔

چاہتے ہیں معاشی معاملات ٹھیک ہوں، اگلے مرحلے میں الیکشن کرائیں گے: خواجہ آصف

لندن: (ویب ڈیسک) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات اولین ترجیح ہے، جلد فیصلے کرنا ہوں گے، چاہتے ہیں معاشی معاملات ٹھیک ہوں، اگلے مرحلے میں الیکشن کرائیں گے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے وفاداری اور محبت اقتدار سے مشروط نہیں، وفاداری افراد سے نہیں ہوتی، افراد آج ہیں کل نہیں، دل کرتا ہے کل ہی نواز شریف کو وطن لے آؤں لیکن یہ فیصلہ پارٹی کرے گی، نواز شریف وطن آئیں گے تو سیاسی درجہ حرارت بڑھے گا، نواز شریف کی قیادت کی قوم اور جماعت دونوں کو ضرورت ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کا امریکا مخالف بیانیہ کوئی بیانیہ نہیں، عمران خان کبھی امپورٹڈ حکومت کبھی غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹتے ہیں، عارف علوی، عمران خان، قاسم سوری، عمر سرفراز چیمہ نے آئین کی خلاف ورزی کی، اگر قانون ضروری سمجھتا ہے تو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، سیاسی کارکن ہوں، مخالفین کو عوام کی رائے کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں، گرفتاریوں پر یقین نہیں رکھتے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی طرح کا رویہ اختیار نہیں کریں گے، اب جو بھی بات ہوگی آئین اور قانون کے مطابق ہوگی، مینڈیٹ کی ضرورت پڑی تو عوام میں جائیں گے، کسی صورت عمران خان جیسا رویہ نہیں رکھیں گے، اقتدار گیا تو اداروں کو برا بھلا کہنا شروع کر دیں، نواز شریف بڑی مثال ہیں جنہیں وزارت عظمیٰ سے سیدھا جیل بھیجا گیا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا: محکمہ موسمیات

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے ہیٹ ویو کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ ملک کے اکثر علاقوں میں شدید گرمی کا راج ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ سندھ میں مٹھی اور نوابشاہ میں سینتالیس، موہنجو داڑو اور دادو میں درجہ حرارت اڑتالیس ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے علاقے تربت میں پارہ چھیالیس اور سبی میں انچاس تک جانے کی پیشگوئی ہے۔

اٹلی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 4 پاکستانی نوجوان جاں بحق، ایک شدید زخمی

روم: (ویب ڈیسک) اٹلی کے شہر تورینو میں خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں چار پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شدید زخمی ہے۔
حادثہ اے فور موٹر پر وے پر پیش آیا جہاں کار ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تمام پاکستانی نوجوان ایک ہی کار میں سوار تھے اورمقامی فیکٹری میں ڈیوٹی پر جارہے تھے۔ جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی عمر 31 سے 45 برس کے درمیان تھی۔
حادثے کے بعد 5 ایمبولینس اور دو ہیلی کاپٹر موقع پر پہنچ گئے اور جاں بحق ہونے والوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔ اندوہناک حادثے کی خبر پر اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی غم اور صدمے سے دوچار ہوگئی۔