All posts by Sultan Malik

بنگلادیش: خواتین کیلئے ساحل کا حصہ مختص کرنے کا فیصلہ چند گھنٹوں میں واپس

بنگلادیش کی حکومت نے تنقید کے بعد ساحل پر خواتین کیلئے مختص کیا گیا علاقہ واپس لے لیا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بنگلادیشی حکومت نے کاکس بازار شہر میں 150 میٹر کا علاقہ خواتین اور بچوں کیلئے مختص کیا تھا جہاں مردوں کے جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کچھ خواتین کی درخواست پر ساحلی علاقے کو مختص کیا گیا تھا جبکہ درخواست میں خواتین کا کہنا تھاکہ ساحل پر جم غفیر میں خود کو محفوظ نہیں سمجھتیں لہٰذا علیحدہ سے علاقہ مختص کیا جائے۔

تاہم سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد حکومت نے فیصلہ چند گھنٹوں میں ہی واپس لے لیا۔

خیال رہے کہ کاکس بازار دنیا کا طویل ترین قدرتی ساحل ہے جو 120 کلومیٹرکے علاقے پر پھیلا ہوا ہے۔

یہ بنگلادیش کا مقبول سیاحتی مقام ہے جہاں ہر وقت سیاحوں کا رش رہتا ہے۔

ضمنی مالیاتی بل پر بحث نہ ہوسکی، قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

قومی اسمبلی کا اجلاس کا غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا، اپوزیشن کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر ڈپٹی اسپیکر  قاسم سوری نے اجلاس ملتوی کیا،اجلاس میں ضمنی مالیاتی بل 2021 پر بحث ہونا  تھی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن نے احتجاج و شرابہ کیا، کورم کورم کے نعرے لگائے جس کی وجہ سے اجلاس کی کارروائی نہ چل سکی۔

وقفہ سوالات کے آغاز میں ہی قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی۔

 وقفہ سوالات کے آغاز  میں ہی اپوزیشن ارکان نے احتجاج، شور شرابہ اور کورم کورم کے نعرے لگانا شروع کر دیے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد ارکان کو بات کرنے کی اجازت دوں گا۔

کورم کورم کے نعروں کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

اومیکرون کا بگ بیش پر حملہ، پاکستانی کھلاڑیوں سمیت درجنوں متاثر

اومیکرون نے بگ بیش لیگ پر حملہ کردیا جس سے درجنوں افراد وائرس میں مبتلا ہوگئے اور پاکستانی کھلاڑیوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

غیر ملکی رپورٹس کے مطابق 2021 میں عالمی وبا کورونا کے باعث بہت سے کھیل متاثر ہوئے جن میں کرکٹ سرفہرست ہے ، کورونا کے باعث، پی ایس ایل اور آئی پی ایل سمیت مختلف لیگز متاثر ہوئی اور اس کے علاوہ باہمی سیریز میں بھی کورونا کے کیسز سامنے آئے۔

حال ہی میں ایشز سیریز کے دوران بھی کورونا کیسز سامنے آئے تھے ، ابتدا میں انگلینڈ ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کے کچھ ارکان کورونا میں مبتلا ہوئے تھے اور اب آسٹریلین بلے باز ٹریوس ہیڈ کورونا کا شکار ہوکر چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون نے اب آسٹریلین کرکٹ لیگ بگ بیش پر حملہ کردیا ہے جس سے درجنوں افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ مجموعی طور پر 19 لوگوں کی کورونا رپورٹس مثبت آئی ہے جن میں 11 کھلاڑی بھی شامل ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان کھلاڑیوں کا تعلق کن ممالک سے ہے۔

میلبرن اسٹارز کے 7 کھلاڑی اور 8 اسٹاف ممبرز کورونا وائرس کا شکار ہوئے جس میں پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں تاہم ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کورونا سے متاثر ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری نہیں کی گئی البتہ تمام کھلاڑی قرنطینہ ہوگئے ہیں۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے علاوہ لاہور قلندرز کے دلبر حسین ، سید فریدون ، احمد دانیال بھی میلبرن اسٹارز کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب سڈنی تھنڈر کے بھی 4 کھلاڑیوں کی کورونا وائرس کی رپورٹس مثبت آئی ہے اور تمام افراد کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔

واضح رہے بگ بیش لیگ میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان سمیت متعدد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں فخر زمان ، حارث رؤف ، دلبر حسین  ، محمد حسنین  ، احمد دانیال اور سید فریدون شامل ہیں۔

ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر واسا آپریشن کی سربراہی میں میٹنگ کا انعقاد

ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر واسا آپریشن محمد غفران کی سربراہی میں واسا کی میٹنگ کا انعقاد ہوا ہے۔

واسا کی منعقدہ میٹنگ میں ادارے کے ڈویلپمنٹ ورکس، ڈیسلٹنگ، ون لائن ون سٹریٹ، ڈیجیٹل کمپلینٹ سینٹر، گریٹنگ کی تنصیب کے علاوہ نئی و پرانی مشینری کی پراگرس کا جائزہ لیا گیا۔

میٹنگ میں یہ طے پایا کہ تمام ڈرین اور سیوریج لائنوں کی ڈیسلٹنگ کا آغاز 50 فیصد مشینری کے ساتھ جنوری سے کیا جائے گا جس کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔

محمد غفران کا کہنا تھا کہ ون لائن ون اسٹریٹ کے تحت ایک گلی میں ایک پائپ لائن فعال ہو گی اور پرانی پائپ لائن کو لازمی ڈیڈ کرنا ہو گا۔

ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر واسا آپریشن محمد غفران نے شکایات کا بروقت ازالہ نہ کرنے والے افسران و عملہ پر میٹنگ میں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غفلت کے مرتکب افسران و عملہ کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

ای سی سی اجلاس میں کئی اہم فیصلوں کی منظوری

ای سی سی اجلاس میں کئی اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور مشیروں سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل نیویارک کے قرضے کی ادائیگی 31 دسمبر 2024ء تک بڑھا دی گئی جب کہ ہوٹل کے 142 ملین ڈالر کے قرضے اور سود کی ادائیگی 2 سال میں قسطوں میں کی جائے گی۔

ای سی سی نے 5 ضروری اشیاء پر جنوری کے دوران بھی سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دیدی جب کہ این ایچ اے کے 2022ء کیلئے بزنس پلان کی منظوری دیدی۔

اعلامیے کے مطابق سمبڑیال کھاریاں موٹروے کے منصوبے کیلئے 8 ارب کے اضافی فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔

زرمبادلہ بھجوانے کے مراعاتی پیکیج کے تحت ایکسچینج کمپنیوں کے نئے ماڈل کی منظوری دی گئی، فاطمہ فرٹیلائزر کے شیخوپورہ پلانٹ کیلئے گیس ریٹ کے تعین کی بھی منظوری دیدی گئی۔

اکتوبر 2021ء سے جنوری 2022ء کیلئے ریٹ 839 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔

این ای ایس سی کیلئے تین کروڑ ڈالر سے زائد کی 2 ساورن گارنٹیز دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے کم لاگت گھروں کے منصوبے میں کمرشل بنکوں کی براہ راست مداخلت ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ وزارت میری ٹائم کے ادارے پی این ایس سی کے 19 ذیلی کمپنیوں کیلئے رعائیتوں کی منظوری ہوئی۔

وزارت انرجی کی مالی سال کیلئے ضمنی گرانٹ کی سمری بھی منظورہوئی۔

وزارت داخلہ کے ہیلی کاپٹرز کی مرمت کیلئے 14.62 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری جب کہ ایف سی کے ڈی آئی خان کے منصوبے کیلئے 431.88 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

جانسن اینڈ جانسن کی بوسٹر ڈوز اومیکرون کے خلاف 85 فیصد مؤثر

جنوبی افریقا کے تحقیقی و طبی ماہرین نے جانسن اینڈ جانسن کی بوسٹر ڈوز کو اومی کرون کے خلاف 85 فیصد تک مؤثر قرار دے دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے میڈیکل ریسرچ کونسل نے حال ہی میں یہ تحقیق کی ہے جس میں 69 ہزار ہیلتھ ورکرز کو شامل کیا گیا۔
طبی عملے کے اراکین کو ایک ماہ اور پانچ دن کے دوران کورونا ویکسین کی دو خوراکوں کے علاوہ جانسن اینڈ جانسن کی بوسٹر ڈوز بھی لگائی گئی۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ دو خوراکیں لگوانے والے ہیلتھ ورکرز کو اومیکرون سے 63 فیصد تحفظ ہوا جبکہ بوسٹر ڈوز لگنے کے بعد یہ شرح بڑھ کر 85 فیصد تک پہنچ گئی۔ افریقی ماہرین کے مطابق اومیکرون کے مریضوں کو بھی بوسٹر ڈوز لگائی گئی۔
تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جانسن اینڈ جانسن ویکسین اور بوسٹر ڈوز اومیکرون اور ڈیلٹا ویریئنٹس کے خلاف 85 فیصد مزاحمت پیدا کرتی ہے۔

حریم شاہ کی اپنے شوہر کے ہمراہ متنازع ویڈیو وائرل، صارفین کا پارہ ہائی ہوگیا

ٹک ٹاک اسٹار اور اداکارہ حریم شاہ کی اپنے شوہر بلال شاہ کے ہمراہ متنازع ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

ٹک ٹاک اسٹار کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔

شئیر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حریم شاہ اپنے شوہر کے ساتھ شیشہ پی رہی ہے۔

ویڈیو وائرل ہوتے ہی حریم شاہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں آگئیں۔

اس سے قبل اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی تھی۔

انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں اداکارہ آسمانی رنگ کی شرٹ زیب تن کی ہوئی تھیں۔

واضح رہے اداکارہ حریم شاہ فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں اکثر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

پاکستان کے زرعی ریسرچ اداروں کو پرائیویٹائز نہیں ہونے دینگے، پرویزالٰہی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودہدی پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرعی ریسرچ اداروں کو پرائیویٹائز نہیں ہونے دینگے۔

پرویزالٰہی سے ایوب ریسرچ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد کے وفد کی ڈاکٹر عزیز الرحمن کی سربراہی میں ملاقات ہوئی، وفد میں ڈاکٹر خنساء خاکوانی، ڈاکٹرصدف شمیم اور ارسلان عباس شامل ہیں۔

ملاقات میں وفد نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو انسٹیٹیوٹ کو بلاجواز پرائیویٹائز کرنے کے حوالے سے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ حکومت ریسرچ کے فنڈز کی کمی کو پورا کرے۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کو ٹرانسفارمیشن کے نام پر پرائیویٹائز کیا جا رہا ہے، پاکستان کے زرعی ریسرچ اداروں کو پرائیویٹائز نہیں ہونے دینگے۔

پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ایوب ریسرچ انسٹیٹیوٹ پاکستان میں گندم، چاول، دالوں، کپاس سمیت تقریباً دو سو کے قریب مختلف اقسام کے بیج متعارف کروا رہا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودہدی پرویزالٰہی کا مزید کہنا تھا کہ ایوب انسٹیٹیوٹ کے خلاف اگر کوئی سازش ہو رہی تو ہم اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ملاقات میں وفد نے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر صدف شمیم نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی عوام روٹی اور روزگار کی تلاش میں سڑکوں پر ہے۔ ایوب ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا 90 فیصد رقبہ تجربات کیلئے مختص ہے، پرائیویٹائزیشن کے ذریعے زمین قبضہ مافیا ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔

انگلینڈ میں آج رات آخری پارٹی؟ نئے سال سے سخت پابندیاں لگنے کا امکان

کیا آج کی رات انگلینڈ کے شہریوں کے لیے پارٹی کا آخری موقع ہوگا؟ وزیر اعظم بورس جانسن اگلے ہفتے فیصلہ کریں گے کہ آیا انگلینڈ میں نئی ​​کورونا پابندیاں عائد کی جائیں یا نہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے وزیر اعظم بورس جانسن اگلے ہفتے فیصلہ کریں گے کہ آیا انگلینڈ میں کورونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نئی پابندیاں عائد کی جائیں یا نہیں۔

طبی ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ ایک لاکھ 89 ہزار  مزید کیسز آنے کے بعد اسپتالوں پہ دباؤ بڑھ سکتا ہے جس کے سبب  نئی پابندیوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

بورس جانسن نے کرسمس اور نیو ایئر کے  موقع پر نئی پابندیاں عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اومیکرون کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد اس خدشے کو ہوا دے رہی ہے کہ نئے اقدامات طور پر نافذ کیے جاسکتے ہیں۔

گزشتہ روز برطانیہ بھر میں مزید ایک لاکھ 89 ہزار 213 کیسز ریکارڈ کیے گئے  جو کہ  یومیہ کیسز کا ایک نیا ریکارڈ ہے  جبکہ اسپتال میں داخل کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہزار 452 ہوگئی ہے جو صرف ایک ہفتے میں 61 فیصد کا اضافہ ہے۔

بورس جانسن نے نئے سال کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ویکسین کی بدولت اس بیماری کے خلاف جنگ میں ملک کی پوزیشن اب گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہے۔

سال 2021 کا آخری سورج غروب

آج کراچی میں سال 2021 کا آخری سورج 5 بجکر 54 منٹ پر غروب ہو گیا۔

شہر قائد کی عوام نے بڑی تعداد میں ساحل کا رخ کرلیا ، شام ہوتے ہی غروب آفتاب کو دیکھنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔

مختلف شہروں میں لوگوں نے 2021 کے آخری سورج کے غروب ہونے کے مناظر دیکھے۔

نئے سال میں خوشیوں کی امید لئے شہریوں نے سورج غروب ہونے کے مناظر عکس بند بھی کئے۔

ساتھ ہی شہریوں نے نئے سال کی آمد پر خوشیوں اور ملکی سلامتی کی دعائیں بھی مانگیں۔