All posts by Sultan Malik

عدالت نے کے ڈی اے کے ڈی جی کو کیس سے ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کردیا

کراچی کی مقامی عدالت نے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آصف میمن کے خلاف کیس ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کردیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ڈی جی کے ڈی اے آصف میمن کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے گرفتار ملزم آصف میمن کے خلاف کیس ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کردیا۔

عدالت نے آصف میمن کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرنے کا بھی حکم دیا جبکہ گرفتار دوسرے ملزم عاطف کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کے ڈی اے کے ڈی جی آصف علی میمن کو گرفتار کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی تجاوزات کیس میں زمینوں کی غلط الاٹمنٹ میں ملوث سرکاری ملزمان کو بھی گرفتار کر کے ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

ہیلتھ کارڈ مریم ، صفدر، شہباز اور حمزہ کو بھی بھجوا رہے ہیں، شہباز گل

لاہور : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل کا کہنا ہے کہ آج ہم ہیلتھ کارڈ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو بھجوا رہے ہیں۔

لاہور میں گورنر ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بھی ہیلتھ کارڈ بھجوا رہے ہیں، ان 16 ملازمین کوبھی ہیلتھ کارڈ بھجوائیں گےجن کےاکاؤنٹ میں جعلی ٹی ٹی لگتی رہیں۔

شہبازگل کا کہنا تھا کہ اب علاج کیلئے کسی کو لندن نہیں جانا پڑے گا، اگلے چند دنوں میں پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ ملے گا۔

شہباز شریف کے پاس دو ہی آپشن ہیں لندن جائیں یا جیل: فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے پاس دو ہی آپشن ہیں لندن جائیں یا جیل جائیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا ہم تو چاہتے ہیں کہ عدالت نواز شریف کو واپس لانے کے اقدامات کرے، ہماری درخواست یہ ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر نواز شریف کے کیس کی سماعت ہو۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو لگتا ہے وہ ڈوب رہے ہیں تو سارا پاکستان ہی ڈوب رہا ہے، شہباز شریف کے پاس دو ہی آپشن ہیں لندن جائیں یا پھر جیل جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان 3 سال میں 32 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کیا ہے، عمران خان وزیراعظم نہ ہوتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاست کرنے کا حق سب جماعتوں کو ہے، ہم تو چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن قومی سیاست کریں، اپوزیشن والے بھاگے ہوئے ہیں میدان میں آئے گی تو ہم ان سے بات کریں گے۔

پیپلز پارٹی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو لاہور آنا چاہتے ہیں تو آئیں، 10 مرلے کے گھر میں ان کا جلسہ ہو جائے گا۔

سال 2021 میں ڈالر 16روپے 68 پیسے مہنگا ہوا

ملک میں رواں سال ڈالر روپے کے مقابلے میں 16روپے 68 پیسے مہنگا ہوا۔

سال 2021 کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ 176.51 روپے ہے۔

انٹربینک میں سال کے آخری کاروباری روز ڈالر کا بھاؤایک روپے گرا ہے۔

 دوسری جانب سال 2021 میں ڈالر 16روپے 68 پیسے مہنگا ہوا جبکہ سال میں ڈالر کی بلند ترین سطح 178روپے 30 پیسے رہی۔

سال 2021 میں ڈالر کی کم ترین سطح 151 روپے 42 پیسے رہی اور ڈالر کا کاروبار سال 2021 میں 26.88 روپے کے بینڈ میں ہوا۔

دو اہم بلز پیش ہونے کے دن شہباز، بلاول اور زرداری قومی اسمبلی سے غائب

قومی اسمبلی میں آج حکومت کی جانب سے دو اہم بلز پیش کیے گئے جن میں ضمنی فنانس بل 2021 اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا ترمیمی 2021ء بل شامل ہیں تاہم اپوزیشن جماعتوں کی اعلیٰ قیادت اجلاس سے غائب رہی۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے ان بلز کو پیش کیے جانے کیخلاف احتجاج  اور شور شرابا تو کیا لیکن ن لیگ کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اجلاس سے غیر حاضر رہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضری پر وزیر مملکت فرخ حبیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

پریس کانفرنس میں فرخ حبیب نے کہا کہ فنانس بل میں ترامیم کے موقع پر شہباز اور بلاول لاپتہ رہے، آج بھی اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری تھا، اپوزیشن ارکان دلیل سے بات کے بجائے  طوفان بدتمیزی برپا کرتے رہے، قانون سازی روکنے کے دعوے دار  رفو  چکر ہوگئے۔

منی بجٹ میں کون کون سی اشیاء پر ٹیکس لگے گا، تفصیلات سامنے آ گئیں

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے دباؤ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے والے منی بجٹ میں کن کن اشیاء پر ٹیکس لگا رہی ہے، تفصیلات سامنے آ گئیں۔
مالیاتی ضمنی بل قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے سونامی میں عام شہری سر تک ڈوب گیا، منی بجٹ میں سب کچھ مہنگا ہو گیا، درآمدی کپڑے، جوتے، پرفیومز،جوس، بچوں کا دودھ اور میک اپ کا سامان پہنچ سے باہر ہو گئے، عام آدمی کی سواری بھی جیب پر بھاری ہو گئی، سائیکلوں پر دی گئی ٹیکس چھوٹ ختم کر دی گئی ہے۔ درآمد ی مشینری اور پاور جنریشن پارٹس پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے۔
دوسری طرف کھانے پینے کی 59 امپورٹڈ اشیا، بیکری اور برانڈڈ فوڈ آئٹمز پر جی ایس ٹی کی چھوٹ ختم کرنے کی تجویز سامنے آ گئی، ادویات کے خام مال اور 200 ڈالر سے مہنگے امپورٹڈ موبائل فونز اور جیولری پر سترہ فیصدٹیکس لگے گا، آیو ڈین ملے درآمدی نمک، مچھلی، چینی، لال مرچ پر بھی جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز ہے، گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس پر ایڈوانس ٹیکس میں سو فیصد اضافہ ہو گا، ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھے گی، غیر ملکی ٹی وی ڈراموں پر بھی ٹیکس لگے گا۔
قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے والے مالیاتی ضمنی بل کے مطابق قدرتی آفات کی مد میں ملنے والی ریلیف اشیا پر 17 فیصد سیلز ٹیکس دینا پڑے گا، درآمد سلائی مشین، ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی مشینری، درآمدی چکن پر 17 فیصد ڈیوٹی عائد ہو گی، سولر پینل، ونڈ ٹربائن، پرسنل کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ بھی مہنگے ہونگے، سفارتخانوں کی جانب سے درآمد کی گئی اشیا پر بھی 17 فیصد سیلز ٹیکس لگانے کی تجویز ہے۔
اُدھر منی بجٹ میں 350 ارب روپے کے ریونیو کیلئے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، تازہ دودھ، گندم اور دالوں پر سیلز ٹیکس نہیں لگے گا، مرغی ، گوشت، گنا اور چینی کا خام مال بھی مستثنٰی ہوں گے، درسی کتب اور سٹیشنری پر بھی چھوٹ اور خصوصی اقتصادی زونز کے پلانٹ اور مشینری پر بھی ٹیکس نہیں لگے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف خدمات کی فراہمی پر 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، پرسنل کیئر،بیوٹی پارلر، کلینک، ٹور آپریٹر، ٹریول ایجنٹس، آٹو ورکشاپ اور انڈسٹریل مشینری ورکشاپ سروسز شامل ہیں، ہیلتھ کلب، جم،میرج ہال، لانز، شامیانہ اور کیٹرنگ سروسز پر بھی ٹیکس کی سفارش کی گئی ہے۔
دوسری جانب منی بجٹ میں بچوں کے لیے بری خبر ہے، امپورٹڈ اشیا پر سیلز ٹیکس 7 اور 12 سے بڑھا کر 17 فی صد کر دیا گیا ہے، امپورٹڈ چاکلیٹ مہنگی کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، امپورٹڈ ٹافیاں اور لالی پاپ بھی مہنگے کیے جائیں گے، امپورٹڈ مٹھائیاں اور جیلی پر بھی رعایتی سیلز ٹیکس ختم کیے جانے کی تجویز ہے، ان اشیاء پر پر سیلز ٹیکس 17 فیصد کیے جانے کی تجویز ہے، امپورٹڈ بچوں کا دودھ بھی مہنگا ہونے کی تجویز ہے، امپورٹڈ ساسیجز اور کیچ اپ پر بھی سیلز ٹیکس 17 فی صد کیے جانے کی تجویز ہے، امپورٹڈ بسکٹ، کیک اور بیکری آئٹمز پر سیلز ٹیکس 17 فیصد کیے جانے کی تجویز ہے، سائیکلیں بھی مہنگی ہونے کا امکان ہے، امپورٹڈ سائیکل پر سیلز ٹیکس کی رعایت ختم کردی گئی ہے۔

ڈیوٹی فری شاپس پر بھی 17 فیصد GST لاگو ہوگا، ضمنی مالیاتی بل میں تجویز پیش

وفاقی حکومت نے ضمنی مالیاتی بل 2021 قومی اسمبلی میں پیش کردیا جس کیخلاف ایوان میں اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس جمعے کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ضمنی مالیاتی بل سے عوام پر بوجھ بڑھنے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 343 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کی گئی جس میں سے مشینری پر 112 ارب کی ٹیکس چھوٹ ختم کی ہے، فارماسیوٹیکلز پر 160 ارب کی ٹیکس چھوٹ ختم کی ہے، باقی لگژری اشیاء کی درآمد پر 71 ارب روپےکی ٹیکس چھوٹ ختم کی ہے۔ مشینری اور فارما انڈسٹری پر ٹیکس ریفنڈ ہو سکےگا۔

ضمنی مالیاتی بل میں جن اشیاء اور خدمات پر جنرل سیلز ٹیکس (GST) کی شرح میں اضافے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں وہ درج ذیل ہیں۔

ان اشیاء پر سیلز  ٹیکس کی شرح بڑھانے کی تجویز ہے

  • بیکریوں، ریسٹورنٹ اور فوڈ چین پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • کیٹررز، ہوٹلز  اور  بڑے ریسٹورنٹس پر ٹیکس 7.5 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • سیب کے علاوہ درآمدی پھلوں، سبزیوں پر 10 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے۔
  • پیکنگ میں فروخت ہونے والےدرآمدی مسالوں پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے۔
  • فلار  ملز  پر بھی 10 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے جس سے آٹا بھی مہنگا ہوسکتا ہے۔
  • ملٹی میڈیا ٹیکس بھی 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصدکرنے کی تجویز ہے۔
  • بیٹری پر ٹیکس 12 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • ڈیوٹی فری شاپس پر بھی 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔
  • درآمدی الیکٹرک کاروں پر سیلز ٹیکس 5 سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • ڈاک کے ذریعے  پیکٹ ارسال کرنے پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے۔
  • ادویات کےخام مال پر بھی 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) لگانے کی تجویز ہے۔

7سالہ بچے کے قتل کا ڈراپ سین،حقیقی ماموں ہی قاتل نکلا

7سالہ کمسن حسنین کے قتل کی لرزہ خیزواردات کا ڈراپ سین ہو گیا اوربچے کا حقیقی ماموں ہی قاتل نکلا۔
سی پی او گوجرانوالہ سید حماد عابد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ سٹی کامونکی کے علاقہ محلہ رسول نگر میں 7سالہ بچہ حسنین گلی میں کرکٹ کھیل رہاتھا کہ گیند ماموں کے گھر گر گئی ،بچہ گیند لینے ماموں کے گھر گیا تو ملزم قیصر نے اپنی بیوی اور ساس کے ساتھ مل کر بچے کو گلہ دبا کر قتل کر دیا اور نعش کو بوری میں بند کرکے کھیتوں میں پھینک دیا ۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور ملزم قیصر سے تحقیقات کی تو ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ ذاتی رنجش پر اس نے اپنی بیوی شیزہ اور ساس ریاض بی بی کے ساتھ مل کر بچے کوگلہ دبا کر قتل کیا اور نعش کو کھیتوں میں پھینک دیا ۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ قاتلوں کو 8گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے پر بچے کے والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

تحریک انصاف نے اپنی پارٹی کا 2015ء کا آئین بحال کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے اپنا 2019ء کا پارٹی آئین کالعدم قرار دیتے ہوئے سابقہ 2015ء کا آئین بحال کردیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پارٹی آئین 2015ء کے مسودے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کا 2019ء کا آئین کالعدم قرار دے دیا گیا اور پی ٹی آئی کا 2015ء کا آئین بحال کردیا گیا جب کہ آئینی نظر ثانی کمیٹی کو آئین میں مزید بہتری کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ 2015ء کے آئین کے مطابق 40 رکنی کور کمیٹی اور 24 رکنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی قائم کی جائے گی، پارٹی عہدوں کی مدت دو سال و گی، 2015ء کے آئین کے تحت قومی سطح پر پارٹی کا الیکشن کمیشن بھی تشکیل دیا جائے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس، شگفتہ جمانی نے غزالہ سیفی کو تھپڑ ماردیا

قومی اسمبلی میں منی بجٹ کے حوالے سے جاری اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن شگفتہ جمانی نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی غزالہ سیفی کو تھپڑ ماردیا۔
بل پیش کیے جانے کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر اسپیکر ڈائس کے قریب جمع ہوگئے اور شدید احتجاج کیا۔
اپوزیشن ارکان نے مہنگائی کیخلاف نعروں پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اسی ہنگامہ آرائی کے دوران قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی خاتون رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے حکومتی جماعت تحریک انصاف کی رکن غزالہ سیفی کو تھپڑ دے مارا۔