All posts by Sultan Malik

وزیرداخلہ کا ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کرتے ہوئے 5 کمپنیوں کے آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ پر وزارت داخلہ نے بہترین انتظامات کئے، اور محسن پاکستان کو وزارت داخلہ نے سرکاری اعزاز کے ساتھ  سپرد خاک کیا، وزیراعظم کی  ہدایات تھی کہ ڈاکٹر القدیر کی تدفین فیصل مسجد میں کی جائے، لیکن گھر والوں کی مرضی کے بعد انہیں ایچ ایٹ میں سپردخاک کیا گیا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کر دیا ہے اور 5 بڑی کمپنیوں کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 88 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ 47 کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، ڈالر اگر غیر قانونی طریقہ سے افغانستان بھیجا گیا تو اس پر کسٹمز کو تحقیقات کرنی چاہئے، کسٹم ڈیپارٹمنٹ وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں، ہمارا کام صرف ہولڈنگ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ 27 ہزار این جی اوز میں سے 91 فارن فنڈنگ میں ملوث ہیں، ان این جی اوز کی فنڈنگ کے معاملات بھی دیکھ رہے ہیں، این سی اوسی کو بدنام کرنےکےلیے جعلی انداراج کیے جارہے ہیں، ایف آئی اے کو جعلی ویکسی نیشن کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے، دو پاسپورٹ کے حامل افراد 30 اکتوبر تک ایک پاسپورٹ سرنڈر کرسکتے ہیں، دو دو شناختی کارڈ کی جرمانہ فیس 10 ہزار سے کم ہو کر 5 ہزار کردی ہے، حکومت کو سمری بھیج رہے ہیں کہ جن بارڈر پر ایف آئی اے اور کسٹم نہیں وہاں تعیناتی اور سہولت دی جائے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مذہب کی بنیاد پر کسی کو نہیں چھیڑیں گے، پی ڈی ایم جو کرنے جار ہی ہے یہ نہ ہو ان کے گلے پڑجائے، سول ملٹری تعلقات کے حوالہ سے کوئی مسئلہ نہیں، جب بھی ٹرانسفر ہوتی ہیں،وہ معمول کے مطابق ہوتی ہیں،  وزیر اعظم کی ہدایات پر وزیر اعظم آفس میں افغانستان ڈیسک بنے گا، وزارت داخلہ بھی اس کا حصہ ہوگی۔

ضلع پونچھ: افسر سمیت 5 بھارتی فوجی حملے میں ہلاک

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں سرچ آپریشن کے دوران ایک حملے میں افسر سمیت 5 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق قابض بھارتی فوج پر حملہ اُس وقت ہوا جب وہ ضلع پونچھ کے علاقے سرن کوٹ میں محاصرے اور  گھر گھر تلاشی  میں مصروف تھے۔

کے ایم ایس نے بتایا کہ حملے میں بھارتی فوج کے جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 5 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق حملے میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا جبکہ قابض سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کا محاصرہ جاری ہے۔

بھارتی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند کے مطابق علاقے میں فوج اور پولیس کی مزید کمک بھیجی گئی ہے اور جھڑپ ابھی جاری ہے۔

بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بیٹے کی پیدائش

کراچی: بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزداری بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس کی تصدیق خود بختاور بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کی۔

 

بختاور بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ’’یہ بتانے میں بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ اللہ نے ہمیں بیٹے سے نوازا ہے‘‘۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بچے کی تاریخ پیدائش 10 اکتوبر 2021 لکھی۔

 

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہن بختاور بھٹو زرداری کی ٹوئٹ پر کہا ’’میں باقائدہ ماموں بن گیا ہوں‘‘۔

آصف علی زرداری کی چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’’ الحمداللہ، میں باقاعدہ خالہ بن گئی ہوں‘‘۔

 

واضح رہے بختاور بھٹو زرداری کی شادی رواں سال 29 جنوری کو محمود چوہدری سے ہوئی تھی۔

دوحا میں طالبان اور امریکا کے درمیان بات چیت اختتام پزیر

دوحا میں امریکا اور امارت اسلامیہ کے مندوبین کے درمیان دو روزہ اجلاس اتوار کو اختتام پذیر ہوا جس میں فریقین نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

افغانستان کی وزارت خارجہ نے امداد کی امریکی پیشکش کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ مقامی حکام اور امدادی گروپوں کے ساتھ تعاون کریں گے لیکن اس طرح کی امداد کو سیاسی مسائل سے منسلک نہیں کیا جانا چاہیے۔

ترجمان کے مطابق دونوں فریقوں نے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں سیاسی مسائل بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ امارت اسلامیہ نے دوحا معاہدے کے مکمل نفاذ کا اعادہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس کا نفاذ مسائل کو حل کرنے کا بہترین راستہ ہے۔

اجلاس کے دوران تمام متعلقہ امور کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی اور سفارتی تعلقات کو بہتر حالت میں بحال کرنے کی کوششوں پر زور دیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اتوار کے روز کہا کہ بات چیت سیکورٹی ، دہشت گردی سے نمٹنے، انسانی حقوق اور افغانستان چھوڑنے والے امریکی شہریوں اور افغانوں کے محفوظ راستے کی فراہمی پر مرکوز تھی۔

ترجمان کے مطابق افغان خواتین کی سماجی اور سیاسی زندگی میں شمولیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نیڈ پرائس نے مذاکرات کو واضح اور مثبت قرار دے کر کہا کہ امریکا افغانستان کو امداد فراہم کرتا رہے گا اور اسے براہ راست ضرورت مند لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق امریکی وفد نے طالبان پر واضح کیا کہ امریکا طالبان کے باتوں پر یقین نہیں کرے گا بلکہ عملی اقدامات کے بعد فیصلہ کرے گا۔

46 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ محمد سجاد نے جیت لی

کراچی میں 46 ویں قومی اسنوکرچیمپئن شپ محمد سجاد نے جیت کر چوتھی بار نیشنل چیمپئن بننےکا اعزاز حاصل کرلیا۔

کراچی میں ہونے والی نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں سابق چیمپئن محمد سجاد اور 16 سال کےاحسن رمضان کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا ۔

 13 فریم پر مشتمل فائنل 6-6  فریم سے برابر ہوگیا اور 13 ویں فیصلہ کن فریم میں محمد سجاد نے تجربے کا فائدہ اٹھایا اور 12 پوائنٹس کے فرق سے نہ صرف فریم بلکہ ٹائٹل بھی جیت لیا اور چوتھی بار نیشنل چیمپئن بن گئے۔

چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 21 سینچری بریک کھیلے گئے لیکن محمد سجاد نے ریکارڈ 147 کا بریک کھیلا جس پر انہیں ایک لاکھ روپے کیش ایوارڈ اضافی دیا گیا ، ان کے ادارے نے بھی انہیں کیش انعام دیا ، دونوں فائنلسٹ کیوئسٹ ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے۔

مہمان خصوصی عارف عثمانی نے فاتح کیوئسٹ محمد سجاد کو ٹرافی اور ایک لاکھ کیش ایوارڈ سے نوازا ، رنر اپ احسن رمضان 50 ہزار روپے کے حقدار بنے ۔

قومی اسنوکر چیمپئن شپ میں محمد سجاد کا منفرد کارنامہ

16 سالہ احسن رمضان ٹائٹل تو نہ جیت سکے لیکن شاندار کھیل کی بدولت شائقین کے دل ضرور جیت لیے ۔

 ایونٹ کا دلچسپ فائنل بھی جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا گیا ۔

معاملات ٹھیک ہیں، عمران خان تَن کے 5 سال پورے کریں گے، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ سب معاملات ٹھیک ہیں، عمران خان تن کے پانچ سال پورے کریں گے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ڈالر ذخیرہ کرنے کے الزام میں 88 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، امریکی ڈالر میں ڈیل کرنے والی پانچ بڑی کمپنیوں کا آڈٹ کیا جائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو کہا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کے جعلی سرٖٹیفکیٹ بنانے والوں کو نہ چھوڑا جائے۔

تائیوان کا چین کے سامنے جھکنے سے انکار

تائیوان کی صدر سائی اینگ وین نے چین کے دباؤ کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا۔

تائیوان اور چین کے درمیان تنازع شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات سامنے آ رہے ہیں۔

چند روز قبل چین کے صدر شی جن پنگ نے بیان دیا تھا کہ تائیوان کو ہر صورت میں دوبارہ چین کا حصہ بنا کر رہیں گے اور یہ پر امن طریقے سے ہو گا لیکن ساتھ ہی انہوں نے خبردار بھی کیا تھا کہ چین کے عوام علیحدگی کے خلاف ایک عظیم داستان رکھتے ہیں۔

چینی صدر کے اس بیان پر سائی اینگ وین نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تائیوان کسی بھی صورت چین کے دباؤ میں آکر نہیں جھکے گا اور اپنے جزیرے کے دفاع کے لیے جمہوری انداز میں جدوجہد جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ چین تائیوان کو اپنا حصہ تصور کرتا ہے جبکہ تائیوان خود کو ایک علیحدہ ریاست مانتا ہے اور اس معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے تنازع چلا آ رہا ہے۔

قابض فورسز کا کریک ڈاؤن، 900 کشمیری نوجوان گرفتار

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 900 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی کے مختلف علاقوں میں بھارتی پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 900 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو مجاہدین کے ساتھ رابطوں کے جعلی الزامات لگا کر گرفتار کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے پولیس ایکشن کی تصدیق کرتے ہوئے 700 نوجوانوں کی گرفتاری ظاہر کردی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کریک ڈاؤن کشمیری پنڈت کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد شروع ہوا۔

مزید پڑھیں: جنت نظیر وادی میں بھارتی فوج کی بربریت، 3 کشمیری شہید

حریت کانفرنس اور دیگر تنظیموں نے قتل کو بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی کارستانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی کی لڑائی بدنام کرنے کی سازش ہے جو بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے رچائی ہے۔

حریت رہنماؤں نے اقوام متحدہ سے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ضلع بارہ مولہ کے علاے اُڑی میں بھارتی فوج نے جعلی مقابلے کے نام پر تین جوانوں کو شہید کردیا تھا۔

اس سے قبل بھی مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

کمزور لوگ انصاف اور طاقتور این آراو چاہتے ہیں :عمران خان

نبی کریم ﷺ کی سیرت پر عمل ہی کامیابی کا راستہ ہے موجودہ دور میں نوجوان نسل دباؤ کا شکار ،مغربی ممالک کا خاندانی نظام ہمارے سامنے تباہ ہوا دنیا کے بہترین مذہبی سکالرز کو رحمت اللعالمین اتھارٹی کا چیئرمین بنایا جائے ،جو اسلام سے متعلق دنیا کو آگاہ کرینگے ،خصوصی تقریب سے خطاب

پینڈورا پیپرز میں شامل 700 پاکستانیوں کے خلاف باضابطہ تحقیقات کا آغاز

پینڈورا پیپرز میں شامل 700 پاکستانیوں کے خلاف باضابطہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پینڈورا پیپرز میں 700 پاکستانیوں کی غیر ملکی آف شور کمپنیاں رکھنے کے شواہد سامنے آئے تھے، وزیراعظم عمران خان نے پینڈورا پیپر کی تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔ اعلی وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اس حوالے سے اپنی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تحقیقات میں ملک بھر کے ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور نادرا سے بھی مدد لی جائے گی، تحقیقات کی روشنی میں رپورٹس ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر کو فراہم کی جائیں گی تاکہ پاکستانی قوانین کے مطابق قانونی کاروائی ہوسکے۔
پینڈورا پیپرز تحقیقات کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس کے تحت موجودہ یا سابق پبلک آفس ہولڈرز اور دیگر کاروباری شخصیات کے خلاف الگ الگ تحقیقات ہوں گی۔ تحقیقات کے پہلے مرحلے میں پینڈورا پیپرز میں سامنے آنے والے تمام پاکستانیوں کے ملک میں کاروبار، بینک اکاؤنٹس اور جائیدادوں کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں، اس کے علاوہ ان کے روزانہ کے اخراجات، بچوں کی تعلیم اور شادیوں سم یت دیگر تفصیلات بھی اکھٹی کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے پاکستانیوں کے بیرون ممالک دوروں، علاج معالجہ، شاپنگ اور فضائی سفر کے دوران کیے گے دیگر اخراجات کی تفصیلات بھی اکھٹی کی جارہی ہیں، ان کے سرکاری و نجی بینکوں کے اکاؤنٹس، موبائل نمبرز کا ڈیٹا، ان کے ٹریول ایجنٹس اور پرائیوٹ ہوٹلز کی بکنگ کی تفصیلات بھی اکھٹی کی جائیں گی۔