All posts by Sultan Malik

سعودیہ میں تیز رفتار کار دیوار توڑ کر مسجد میں داخل، 5 نمازی زخمی

سعودی عرب میں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہوکر مسجد کی دیوار سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 5 نمازی شدید زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جدہ میں واقع مسجد العمار کی دیوار سے ایک کار ٹکرانے سے ملبہ نمازیوں پر گر گیا۔ کار کا اگلا حصہ دیوار توڑ کر صفوں میں نمازیوں سے ٹکرا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز کے ساتھ ہر طرف گرد و غبار پھیل گیا اور کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ دھول بیٹھنے کے بعد پتہ چلا کہ آواز دھماکے کی نہیں بلکہ کار ٹکرانے کی تھی۔
کار ڈرائیور نیپالی شہری تھا جو حادثے کے بعد سکتے میں آگیا۔ ڈرائیور اور 5 نمازیوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سب کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طبی امداد کے بعد ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا ہے اور واقعے سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔

فنانس ترمیمی بل کی منظوری، وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب کر لیا۔ اجلاس میں فنانس ترمیمی بل کی منظوری دی جائے گی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل دن 12 بجے ہوگا جس میں فنانس ترمیمی بل کی منظوری دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد فنانس ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں ارکان اسمبلی کو منی بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

انتہائی مطلوب مجرم کا سابق ڈی جی ایف آئی اے اور دفترخارجہ سے رابطوں کا انکشاف

عمرفاروق نامی انتہائی مطلوب مجرم کا دفترخارجہ کے افسران اور سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔
سوئٹزرلینڈ اور ناروے کو انتہائی مطلوب پاکستانی شہری کے دفترخارجہ اور سابق ڈی جی ایف آئی اے سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے، جب کہ انرجی اور آئی پی پی کے معاہدوں میں فراڈ کرنے والے افراد کی پشت پناہی میں سابق ڈی جی ایف آئی اے اور فارن آفس کے دو افسران کو طلب کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے لاہور نے سابق ڈی جی اور فارن آفس کے دو افسران کو ثمن بھجوا دیئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 2019 میں سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے عمر فاروق کا نام انٹرپول کی انتہائی مطلوب مجرمان کی فہرست سے نکلوایا تھا، عمر فاروق نامی شخص نے سوئٹزلینڈ میں ایک بینک بنا کر مختلف ممالک کے افراد کو لوٹا تھا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ عمر فاروق پر سوئٹزرلینڈ اور ناروے میں منی لانڈرنگ کے الزامات تھے، عمر فاروق کا نام جب انٹرپول کی ریڈ لسٹ سے نکلوایا گیا تو اس نے سابق ڈی جی ایف آئی اے کو شکریہ کا خط بھی لکھا تھا۔

اب تک30ارب روپےکےقرضےنوجوانوں کوفراہم کرچکے ہیں:فرخ حبیب

وزیرمملکت فرخ حبیب کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز بنا رہے ہیں ، اب تک30ارب روپےکےقرضےنوجوانوں کوفراہم کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کوقرض دینے کیلئے100ارب روپے مختص کیے ہیں ، ڈیجیٹل میڈیا اپنے آپ کومنوا چکا ہے ، ڈیجیٹل میڈیا سے معاشرے پرکیا اثر پڑے گا یہ اہم معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں18کروڑموبائل سمزموجود ہیں ، 12 کروڑ فورجی کے کنکشنزموجود ہیں ، اب انٹرنیٹ اورسوشل میڈیا کا زمانہ ہے ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کونکھار رہے ہیں۔

وزیرمملکت فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ ہماری آبادی کا60فیصد نوجوانوں پرمشتمل ہے ، دنیا گلوبل ولیج بن گئی ہے۔

’بلاول کی شادی 2022 یا 2023 میں ہو گی‘:مشیر زراعت سندھ

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی شادی 2022 یا 2023 میں ہو گی اور بلاول کی شادی وزیر اعظم بننے کے بعد ہو گی۔

وزیراعظم سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مستقبل اچھا نظر نہیں آرہا، اب عمران خان کو اقتدار نہیں ملے گا۔

مشیر زراعت سندھ کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے گوربا چوف بنیں گے، عمران خان جیسے پاکستان کو چلا رہے ہیں ویسے ہی سندھ کو بھی چلانا چاہتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق منظور وسان کا کہنا تھا کہ مارچ سے پہلے نواز شریف کو نہیں دیکھ رہا اور فضل الرحمان کو خیبر پختونخوا میں جو حصہ ملا اب نہیں ملےگا۔

مشیر زراعت سندھ کا کہنا تھا کہ کھاد پیدا کرنے والی کمپنیاں وفاق کے ماتحت ہیں، یہ ان پر پریشر ڈال کر کوٹہ زیادہ کر رہے ہیں، سندھ کا کھاد کا کوٹہ باہر نہ جائے اس لیے چیک پوسٹیں قائم کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حماد اظہر نے پنجاب کو زیادہ کھاد دینے کے لیے ہمیں ڈیڑھ لاکھ کم دی، ہمارا کوٹہ کم کرکے دوسرے صوبوں کو اسمگل کیا گیا، وفاق سندھ میں قلت پیدا کرکے نا انصانی چاہتا ہے، سندھ حکومت کو ناکام کرنے کے لیے یہ سب کچھ کیا گیا۔

منظور وسان کا کہنا تھا پتہ نہیں عمران خان کی سندھ سے کیا دشمنی ہے، پہلے گندم پھر چینی اور اب سندھ کو کھاد نہیں دی جا رہی، سندھ کو نقصان دینے کا مطلب کسانوں کو نقصان پہنچانا ہے۔

سابق حکمرانوں نے قرض لے کر ہمیں غلام قوم بنادیا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں منی بجٹ سے متعلق ارکان کو آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس میں ارکان کو منی بجٹ لانے کی وجوہات سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

وزیراعظم نے اس دوران سابق حکومتوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں نے عالمی اداروں سے قرض لے کر ہمیں غلام قوم بنادیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کےقرض اور سود واپس کرنے کے لیے ان ہی سے قرض لینے پڑتے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے منی بجٹ جلد پیش کیے جانے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ میں عام آدمی کے استعمال کی کسی اشیاء پر ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔

دوسری جانب اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے منی بجٹ لانے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے احتجاج کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

قدرت نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمت سے نوازا ہے ، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ قدرت نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمت سے نوازا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی 2022 کی تقریبات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء فواد چوہدری، شوکت فیاض ترین، معاونین خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، شہزاد نواز اور سینیئر افسران نے شرکت کی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں ، ان تقریبات کا مقصد پاکستان کے الگ تشخص، ثقافت اور منفرد جغرافیہ کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 75ویں سالگرہ پر نوجوانوں کو پاکستان کے قیام کا مقصد اور علامہ اقبال کے پیغام کی اصل تشریح سمجھانے کی ضرورت ہے ، قدرت نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمت سے نوازا ہے جن کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اطلاعات نے وزیر اعظم کو تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو  بتایا گیا کے ڈائمنڈ جوبلی  کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ، ثقافت قومی ہیروز، تحریک پاکستان کی نامور خواتین، مقامی کھیلوں، سیاحت، معیشت، گرین پاکستان اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ڈاکومینٹریز اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

چہرے پر قبائلی ٹیٹو بناکر خبریں پڑھنے والی نیوز اینکر کی سوشل میڈیا پر دھوم

نیوزی لینڈ کی خاتون نیوز اینکر نے چہرے پر اپنے قبیلے کا روایتی ٹیٹو بنوا کر براہ راست نشریات میں خبریں پڑھ کے نئی تاریخ رقم کردی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 37 سال کی اورینی کائیپارہ چہرے پرٹیٹوکے ساتھ ٹی وی پرخبریں پڑھنے والی پہلی اینکربن گئیں۔ اورینی نے ٹھوڑی پرروایتی ٹیٹوبنوایا ہوا ہے۔ اپنے قبیلے کی روایت کو زندہ کرنے پر صارفین نے نیوز اینکر کو سراہا۔
اینکر کا کہنا تھا کہ ٹیٹوکے ساتھ ٹی وی پرخبریں پڑھنے کا دیرینہ خواب بالآخرپورا ہوگیا۔ توقع ہے کہ آئندہ سالوں میں ما اوری قبیلے کی مزید خواتین چہرے پر ٹیٹو سجائے خبریں پڑھتی نظرآئیں گی۔اورینی کائی پارہ کے ٹیٹوکے ساتھ خبریں پڑھنے کو لوگوں نے سراہا اوران کے اس اقدام کرانقلابی قراردیا۔
واضح رہے کہ اورینی کائی پارہ کا تعلق ما اوری قبیلے سے ہے جس کی خواتین ٹھوڑی کے نچلے حصے پرروایتی ٹیٹوبنواتی ہیں جو ان کی پہچان ہوتا ہے۔

فرانس : جہاد پر اکسانے کا الزام، مسجد کو بند کرنے کے احکامات جاری

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق حکومت کی جانب سے شمالی فرانس کے علاقے بووے میں ایک مسجدکو  اس کے امام کی ‘بنیاد پرست تبلیغ’ کے باعث بند کرنےکا حکم  دیا گیا ہے۔

خبرایجنسی کے مطابق مقامی حکام نے بتایا ہےکہ مذکورہ مسجد آئندہ 6 ماہ تک بند رہے گی کیونکہ  مسجد میں دیےگئے خطبات نفرت اور تشددکو ہوا دیتے ہیں اور جہاد کا دفاع کرتے ہیں۔

400 نمازیوں کی گنجائش والی اس مسجد کے حوالے سے کارروائی کا آغاز 2 ہفتے قبل ہوا تھا جب فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرمینن نے کہا تھا کہ مذکورہ مسجد کے امام کی جانب سے خطبوں میں عیسائیوں، یہودیوں اور ہم جنس پرستوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جو کہ ناقابل قبول ہے اس لیے مسجد کو بند کرنے کی کارروائی شروع کی جارہی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق قانون کے مطابق مقامی حکام کو کسی بھی کارروائی سے قبل 10 روز تک اس حوالے سے معلومات جمع کرنا ہوتی ہیں تاہم  حکام کا کہنا ہے کہ مسجد کو 2 روز میں بندکردیا جائےگا۔مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مسجد کے امام ایک نومسلم ہیں جنہوں نے کچھ عرصہ قبل ہی اسلام قبول کیا ہے۔

مسجد انتظامیہ کے وکیل کا کہنا ہےکہ اس فیصلےکے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی گئی ہے جس پر 48 گھنٹوں کے دوران سماعت ہوگی۔

خبرایجنسی کے مطابق مسجد انتظامیہ نے حکام کو بتایا ہےکہ مذکورہ امام خاص موقعوں پر ہی خطبے دیتے ہیں اور انہیں معطل کردیا گیا ہے،جب کہ حکام کا دعویٰ ہےکہ مذکورہ امام روز ہی مسجد میں موجود ہوتے ہیں۔

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ امام اپنے خطبات میں جہاد کو فرض قرار دیتے ہوئے ان ‘جنگجوؤں’ کو ہیرو بنا کر پیش کرتے ہیں جو  مغرب کی مداخلت سے اسلام کا تحفظ کرتے ہیں اور امام کی جانب سے غیر مسلموں کو دشمن بھی قرار دیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال فرانس کےایک اسکول میں طالب علموں کے سامنے گستاخانہ خاکے دکھانے والے استاد کا سر قلم کردیا گیا تھا جس کے بعد فرانسیسی صدر نے اس واقعے اور اسی سے متعلق دیگرحملوں کے خلاف فرانسیسی سیکولرازم کی کھل کر حمایت کی اور متنازع بیانات بھی دیے جس کے بعد فرانس کو دنیا بھر میں مسلمانوں کی جانب سے احتجاج اور مصنوعات کے بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا۔

بعد ازاں فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے مسلم رہنماؤں کو 15 روز کا الٹی میٹم دیا کہ وہ فرانس میں بنیاد پرستی کو روکنے کے لیے ‘میثاقِ جمہوری اقدار’ کو قبول کرلیں، میثاق کے مطابق اسلام کو ایک سیاسی تحریک کے بجائے صرف مذہب سمجھا جائےگا۔

اس کے بعد سے فرانس بھر میں مساجدکے خلاف کریک ڈاؤن اور تحقیقات کا نیا سلسلہ شروع کردیا گیا اور بنیاد پرستی پھیلانےکے الزام میں متعدد مساجد کو بند کیا جاچکا ہے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کا انتھونی مارشل کو خریدنے سے انکار

انگلش پریمئیر لیگ کا فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے سیویلا کے اسٹرائیکر انتھونی مارشل کو خریدنے معذرت کر لی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی خبر کے مطابق بدھ کے روز فرانس سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ اسٹرائیکر مارشل نے مانچسٹر کلب میں جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اسٹرائیکر انتھونی مارشل نے کہا کہ انہوں نے اپنے باس رالف رینگ نک کو کلب چھوڑنے کی خواہش سے آگاہ کر دیا ہے۔

کلب مینجر رالف کا کہنا ہے یہ ٹرانسفر اسی صورت ہی ممکن ہے جب مانچسٹر یونائیٹڈ کی دلچسپی اسٹرائکر میں ہو۔

سیویلا نے کہا ہے کہ وہ انتھونی مارشل کو جنوری کی ٹرانسفر میں انتھونی کو نصف رقم پر کلب میں رکھ سکتے ہیں۔

سیویلا کے مطابق ہمیں اپنے کلب کے بجٹ کو سامنے رکھ کر کھلاڑیوں کی خریدوفروخت کرنی ہوتی ہے۔

انتھونی مارشل اس سے قبل 2015 میں مناکو سے مانچسٹر یونائیٹڈ میں 36 ملین پونڈز میں ٹرانسفر ہوئے تھے اور دنیا میں کم عمر ہوتے ہوئے زیادہ معاوضے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

مارشل نے اپنے کلب کے لئے 268 میچز میں حصہ لیا اور صرف 79 گولز اسکور کئے ، مگر رونالڈو ، ایڈنسن اور جیڈن سانچو کے آنے سے ان کے کھیل پر کافی اثر پڑا۔

کلب کی باگ دوڑ سنبھالنے والے نئے مینجر رینگ نک کی سربراہی میں ابھی تک مارشل نے کسی میچ میں حصہ نہیں لیا۔

جبکہ اس سیزن میں انہیں صرف دس میچوں میں میدان میں اتارا گیا۔