حکومت نے بھرتیوں پر پابندی میں توسیع، نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی، خالی آسامیاں ختم
وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سرکاری اداروں میں نئی بھرتیوں پر عائد پابندی میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے فیصلے کے مطابق تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، خودمختار اداروں اور سرکاری محکموں میں نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی برقرار رہے گی، جبکہ طویل عرصے سے خالی پڑی سرکاری آسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کسی بھی نئی بھرتی یا گاڑی کی خریداری صرف خصوصی منظوری کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد غیر ضروری سرکاری اخراجات میں کمی، وسائل کا مؤثر استعمال اور مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ کفایت شعاری کی یہ پالیسی معاشی استحکام، بجٹ خسارے میں کمی اور عوامی وسائل کے بہتر استعمال کے لیے اختیار کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق مستقبل میں بھی سرکاری اخراجات پر سخت نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ مالیاتی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

