All posts by Muhammad Saqib

ویمن ایشیا کپ میں پاکستان کا سفر تمام، سری لنکا کی فائنل میں رسائی

دمبولا: ویمن ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستانی ٹیم کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں سفر تمام کردیا۔

تفصیلات کے مطابق دمبولا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کیلیے 141 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سری لنکا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 141 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ لنکن کپتان چماری اتھاپتتھو نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ پاکستانی بالر سعدیہ اقبال نے چار وکٹیں لیں۔

ویمن ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔

اس سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے، اوپنر منیبہ علی نے 37 اور گل فروزا 25 رنز جبکہ کپتان ندا ڈار نے 23 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہی تھیں۔

اس کے علاوہ فاطمہ ثناء 23 اور عالیہ ریاض 16 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ سری لنکا ویمنز کی جانب سے اودیشیکا اور کاویشا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

پیرس اولمپکس؛ ریل لائنز پر حملوں نے خدشات کوجنم دے دیا

پیرس: پیرس اولمپکس کے آغاز سے چند گھنٹے قبل شہر میں چلنے والی تیز رفتار ریل لائنز پر حملوں نے خوف وہراس کے ساتھ مختلف خدشات کو جنم دےدیا، لیکن اولمپک  مشعل کا سفر جاری رہا،ان واقعات  سے8 لاکھ مسافروں کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

مقامی ریل کمپنی نے اسے بڑے پیمانے کا حملہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس  کا مقصد نیٹ ورک کو مفلوج کرنا ہے، دوسری جانب یورو اسٹار نے مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے  حفاظتی طور پر کچھ خدمات کو منسوخ بھی کردیا ہے۔

پیرس کی میئر این ہیڈلگو کا کہا ہے کہ مذکورہ واقعات سے  گیمز کی افتتاٰحی تقریب پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

دریں اثنا آئی او سی کے صدر  تھامس باخ کا کہنا ہے کہ افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل ٹرین نیٹ ورک پر حملوں کے باجود انہیں فرانسیسی حکام پر مکمل اعتماد  ہے۔

واضح رہے کہ  پیرس کو ملک کے شمال، مشرق اور جنوب مشرق کے شیروں سے ملانے والی لائنز پربڑے پیمانے پر حملے میں آگ لگنے سے سگنل بکس کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ مزید رکاوٹوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

فرانسیسی وزیر اعظم نے انہیں تخریب کارانہ کارروائیاں قرار دیا ہے، ملک کے زویر کھیل نے  اسے کھیلوں پر حملہ تصور کرتے ہوئے کہا کہ  برسوں سے گیمز کا خواب دیکھنے والے کھلاڑیوں کے خواب کو سبو تاژ کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ   مجرمانہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

عمان کے فاسٹ بولر نے شاہین آفریدی کا ورلڈ ریکارڈ توڑ ڈالا

عمان کے فاسٹ بولر بلال خان نے ایک روزہ میچوں  کی تاریخ میں تیز ترین سو وکٹیں لینے کا شاہین شاہ آفریدی کا ریکارڈ  توڑ ڈالا۔

37  سالہ بلال خان نے  24 جولائی کو  آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو میں اومان اور نمبییا کے درمیان کھیلے  گئے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے   کرکٹ میں تیزترین  100 وکٹیں لینے والے بولر کے اعزاز سے محروم کیا۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے  لیفٹ آرم بلال خان کا  یہ  49  واں ون ڈے میچ تھا جس میں انہوں نے عمان کی جانب سے کھیلتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 50 رنز  دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور  ون ڈے  کرکٹ  کی تاریخ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر بن گئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے 2023  کے ون ڈے  ورلڈ کپ  کےد وران 31  اکتوبرکو کولکتہ میں بنگلادیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کا تیز ترین 100 وکٹیں لینے  والے فاسٹ بولر کا ورلڈ ریکارڈ توڑا تھا۔ پاکستانی پیسر کا یہ 51 واں ون ڈے میچ تھا۔

ون ڈے کرکٹ کی تاریخ  میں تیز ترین 100  وکٹیں  لینے والے بولر ہونے کے ساتھ ساتھ بلال خان عمان  کی جانب سے سو  وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر بھی ہیں۔

سائرہ یوسف نے لوگوں کو پریشانی سے بچنے کا نسخہ بتادیا

  کراچی: پاکستانی اداکارہ سائرہ یوسف نے انسٹاگرام پر ایک معنی خیز پیغام شیئر کیا ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک قول شیئر کیا جس میں لکھا ہے ’’پریشان ہونے سے کل کے مسائل ختم نہیں ہوتے بلکہ اس سے آج کا سکون بھی ختم ہوجاتا ہے‘۔

afdsfas

سائرہ یوسف نے انسٹاگرام پر اپنی بیٹی نوریج کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں جسے مداح بہت پسند کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ سائرہ یوسف اداکار شہروز سبزواری کی سابقہ اہلیہ ہیں اور دونوں کی ایک بیٹی نوریج ہے جس کی وہ مشترکہ پرورش کررہے ہیں۔

کنگنا رناوت کی الیکشن کامیابی بھارتی ہائی کورٹ میں چیلنج

ہما چل پردیش: بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کے انتخابی کامیابی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

38 سالہ کنگنا رناوت نے پچھلے ماہ ہونے والے بھارتی الیکشن میں پہلی مرتبہ حصہ لیا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی۔

ہماچل پردیش کے ضلع کنور کے رہائشی آزاد امیدوار لایک رام نیگی نے کنگنا رناوت کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے اور عدالت نے انہیں نوٹس بھی بھیج دیا ہے۔

آزاد امیدوار نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ مقررہ معیار کو پورا کرنے کے باوجود ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے تھے ورنہ وہ الیکشن جیت جاتے۔

لایک رام نیگی کا کہنا ہے کہ مجھے بجلی، پانی اور ٹیلی فون کے محکموں کی جانب سے ’کوئی واجب الادا سرٹیفکیٹ‘ لانے کے لیے ایک دن کا وقت دیا گیا اور جب یہ بھی جمع کرا دیے تو ریٹرننگ افسر نے انہیں قبول نہیں کیا اور کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔

یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے مندی سے لوک سبھا کی سیٹ پر کانگریس کے امیدوار کو 74،755 ووٹوں سے شکست دی تھی، اداکارہ نے 5 لاکھ 37 ہزار 2 ووٹ حاصل کیے تھے۔

شوبز کیریئر میں کمرشل کے بجائے رسکی فلموں کا انتخاب کیا، جھانوی کپور

 ممبئی: بالی وڈ اداکارہ جھانوی کپور نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے شوبز کیریئر میں کمرشل کے بجائے رسکی فلموں کا انتخاب کیا ہے۔

ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ بڑی کمرشل فلمیں کرسکتی تھیں جہاں گلیمر ہوتا اور شہرت ملتی۔

انہوں نے کہا کہ گلیمر فلمیں کرنے سے باکس آفس پر کامیابی کی ضمانت ہوتی ہے اور سب کچھ بہت آسان ہوتا ہے۔

جھانوی کپور کا کہنا تھا کہ رسکی فلموں کی وجہ سے انہیں بہت ساری فلموں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک آرٹسٹ کے طور پر نام بنانا چاہتی ہیں اور یہ ایک طویل اور مشکل سفر ہے۔

مودی سرکار کے خلاف سچ بولنے کی سزا؛ مشہور یوٹیوبر دھرو راٹھی پر مقدمہ

نئی دہلی: مودی سرکار ایک بار پھر اپنے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو کچلنے لگی۔

بی جے پی کی کرپشن اور دھاندلیوں کے پول کھولنے پر یوٹیوبر دھرو راٹھی کو دہلی کورٹ نے طلب کرلیا۔

یوٹیوبر دھرو راٹھی نے الیکشن کے دوران مودی کے اصل چہرے کو بے نقاب کیا تھا۔

بی جے پی کے ترجمان سریش کرمشی نکھوا نے دھرو راٹھی کیخلاف جماعت مخالف ویڈیوز اپ لوڈ کرنے پرہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

دعوے میں بی جے پی لیڈر نے دھرو راٹھی پر یہ الزام لگایا کہ انہوں نے الیکشن کے دوران میڈیا پر غیر مناسب الفاظ میں تنقید کی جس سے وہ تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔

رواں ماہ بی جے پی حکومت کے تحت مہاراشٹرا پولیس نے بھی دھرو راٹھی کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا تھا۔

بھارتی صحافی تنظیم کا کہنا ہے کہ بی جے پی دراصل اپنے کالے کرتوت چھپانے کے لیے اظہار رائے کی آزادی کا گلہ گھونٹ رہی ہے۔ حکومت حق اور سچ کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مودی سرکار نے آزادیٔ حقِ اظہارِ رائے کے اصولوں کو توڑتے ہوئے سوشل میڈیا پر بھی پابندی لگا دی تھی۔

امریکا نے منی پور اور مقبوضہ کشمیر کو سفر کیلے خطرناک قرار دیدیا

 واشنگٹن: مودی سرکار کا بھارت ایک بار پھر عالمی سطح پر بری طرح بے نقاب ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے بھارت میں موجود اپنے شہریوں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔ مسلح حملوں اور جنسی زیادتی کے خطرات کے باعث امریکی شہریوں کو بھارت جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

امریکا کی ٹریول ایڈوائیزری کی رپورٹ کے مطابق اپنے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ منی پور اور مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت کے وسطی اور مشرقی حصوں کا سفر نہ کریں۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بھارت کو لیول 4 پر رکھا جس کے تحت بھارت کے متعدد علاقے غیر محفوظ ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جرائم اور دہشت گردی کی وجہ سے بھارت کا سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں جب کہ امریکی سرکاری ملازمین کو منی پور میں سفر کرنے سے پہلے اجازت لینی ہوگی۔

امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں ریاست منی پور اور مقبوضہ کشمیر میں نسلی بنیادوں پر جاری خانہ جنگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں بھارت میں غیر ملکی سیاح خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور جوڑے سے رقم چھین لی گئی تھی۔

ضلع کرم میں زمینی تنازع پر دو قبائل میں تصادم، 10 افراد ہلاک، 50 زخمی

ضلع کرم کے مختلف گاؤں کے درمیان زمینی تنازع پر جنگ بندی تاحال نہیں ہوسکی تاہم جنگ بندی کے لیے جرگہ مختلف نکات پر رضامند ہوگیا، جھڑپوں میں اب تک 10 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں‌ زمین کے تنازع پر دو قبائل کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 10 افراد جاں‌ بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ کے مطابق کرم کے علاقے بوشہرہ اور مالی خیل کے درمیان زمین کے تنازع پر گزشتہ شام کو فائرنگ کا سلسلہ شروع گیا تھا جو ضلع کے دیگر علاقوں پیواڑ و تری منگل تک پھیل گیا۔

دونوں فریقین ایک دوسرے کے مورچوں پر چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں‌ سے حملہ آور ہوئے جس کے نتیجے میں اب تک 10 افراد جاں‌بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق اب تک 37 افراد کو لایا گیا ہے جس میں 15 افراد اسپتال میں‌ زیر علاج ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کرم جاوید اللہ محسود کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے فائر بندی کے لیے کوشش جاری ہے اور آج گرینڈ جرگہ کی مدد سے دونوں فریقین کے درمیان فائربندی ممکن ہے۔

واضح رہے کہ بوشہر اور مالی خیل کے درمیان زمین کا تنازع ایک عرصے سے جاری ہے چونکہ دونوں اقوام کے فرقے الگ ہیں اس لیے یہ تنازع اکثر فرقہ وارانہ فسادات میں تبدیل ہو جاتا ہے اور پورے ضلع میں جھڑپیں شروع ہو جاتی ہیں۔ جھڑپیں بوشہرہ، ڈنڈر، بالش خیل، ہار کلے، پیواڑ اور شپینہ شگہ گیدو کے درمیان جاری ہیں۔ دونوں جانب شدید فائرنگ کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب گرینڈ جرگہ گورنر کاٹیج پارا چنار میں ختم ہوگیا، جہاں مشران قوم اپر کرم سے بوشہرہ کی طرف جبکہ لوئر کرم سے بھی مشران اپنے فریق کی جانب روانہ ہوگئے ہیں، جرگہ کے مطابق مکمل طور پر جنگ بندی ہوگی، اگر کسی فریق نے خلافِ ورزی کی تو حکومت جواب کارروائی کرے گی۔

دریں اثنا وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ان جھڑپوں کو ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس فریقین کے درمیان سیز فائر کرنے کے لئے موثر کردار ادا کرے اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے اور علاقے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ انتظامیہ اور پولیس علاقے میں حکومت اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلی نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تنازع مل بیٹھ کر قبائلی روایات کے مطابق جرگے کے ذریعے حل کریں کیونکہ جائیداد کے تنازعات پر اس طرح کی جھڑپیں علاقے کے امن کو خراب کر سکتے ہیں اور تنازعے کو باہمی مشاورت سے پر امن طریقے انداز میں حل کرنا فریقین سمیت پورے علاقے کے مفاد میں ہے۔

وزیر اعلی نے ان جھڑپوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےجاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ورسٹائل اداکار آر مدھاون نے ممبئی میں کروڑوں کا لگژری اپارٹمنٹ خرید لیا

 ممبئی: بالی وڈ کے نامور اداکار آر مدھاون نے ممبئی کے پوش علاقے باندرہ کرلا کمپلیکس میں ساڑھے17 کروڑ روپے کا نیا اپارٹمنٹ خرید لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار نے 22 جولائی کو خریدی گئی پراپرٹی کے لیے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے ڈیوٹی اور 30 ہزار روپے رجسٹریشن فیس ادا کی۔

رجسٹریشن دستاویزات کے مطابق یہ بالکل تیار شدہ اپارٹمنٹ ہے جس کا رقبہ 389 اسکوائر میٹر ہے اور اس میں دو پارکنگ اسپیس موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق سگنیا پرل کے علاقے میں واقع یہ لگژری پراپرٹی جدید سہولتوں سے آراستہ اور رہائش کے لیے کافی کشادہ ہے۔

اپنی ورسٹائل اداکاری کے لیے مشہور 54 سالہ آر مدھاون کا تعلق ریاست جھاڑکھنڈ کے شہر جمشید پور سے ہے۔