All posts by Khabrain News

راولپنڈی میں 24 اور 26 نومبر احتجاج کے 21 پی ٹی آئی کارکن ضمانت پر رہ گئے

24

اور 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیسز میں ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے 21 کارکن ملزمان کی ضمانتیں منظور کر لیں۔

عدالت نے نو مئی 4 اکتوبر ،24 اور 26 نومبر احتجاج کیسوں کے تمام ملزمان کی ضمانتیں منظور  کرلیں۔

راولپنڈی اور اٹک جیل میں ان کیسز کا اب کوئی ملزم قیدی نہیں رہا، ہائی کورٹ نے ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

ہائی کورٹ جج  جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس امجد رفیق نے ضمانتیں منظور کیں۔

پنجاب میں 75 مائکرون سے کم موٹے پلاسٹک بیگز پر پابندی

حکومت پنجاب نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ’’پلاسٹک فری پنجاب پلیج مہم‘‘کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

ادارہ ماحولیات پنجاب کی زیر نگرانی چلنے والی اس مہم کا مقصد سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کا خاتمہ اور صاف ستھری فضا کی جانب عملی پیش رفت ہے۔

سیکرٹری ماحولیات پنجاب صلوت سعید نے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ اور دیگر افسران کے ہمراہ مختلف کاروباری مراکز کا دورہ کیا اور پلاسٹک فری پنجاب مہم میں تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ 75 مائکرون سے کم موٹائی یا  اور 12×16 انچ سے چھوٹے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ اس پابندی پر عملدرآمد کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مہم کے تحت کاروباری اداروں کو پابندی شدہ پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز کرنے اور ماحول دوست متبادل اپنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ سیکریٹری ماحولیات کا کہنا تھا کہ ’’پلاسٹک فری پنجاب پلیج‘‘ماحولیاتی بہتری اور شہری صحت کے لیے ایک انقلابی اقدام ہے جو صاف اور سرسبز پنجاب کی ضمانت بنے گا۔

ادارہ ماحولیات پنجاب کے ترجمان ساجد بشیر کے مطابق مہم کا آغاز 5 جون 2024 کو کیا گیا، جس کے بعد پلاسٹک سے متعلق قانون کی منظوری کے بعد کارروائیوں میں مزید تیزی آئی ہے۔ اب تک 2 لاکھ 63 ہزار 163 کلوگرام غیرقانونی پلاسٹک بیگز ضبط کیے جا چکے ہیں جبکہ 9000 سے زائد نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

سیکریٹری ماحولیات صلوت سعید نے واضح کیا کہ سنگل یوز پلاسٹک ماحولیاتی تباہی کا سبب بن رہا ہے اور اس سے انسانی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب 75 مائکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک بیگز نہ بنیں گے اور نہ استعمال ہوں گے۔

ادارہ ماحولیات نے عوام اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں اور اس مہم کا حصہ بن کر ماحولیاتی تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔

چیمپیئن شپ آف لیجنڈز؛ پاک بھارت مقابلے کی تاریخ سامنے آگئی

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز ٹی 20 لیگ کا دوسرا سیزن جولائی اور اگست میں انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ایجبسٹن کے تاریخی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

افتتاحی میچ 18 جولائی کو پاکستان چیمپیئنز اور انگلینڈ چیمپیئنز کے درمیان ہوگا، پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 20 جولائی کو ایجبسٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔

پچھلے سال کھیلے گئے پہلے ایڈیشن میں پاکستان چیمپیئنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیگ مرحلے میں آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، بھارت اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کو شکست دی تھی تاہم فائنل میں بھارت کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بھارت نے 157 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔

پہلے ایڈیشن میں پاکستان کی قیادت یونس خان نے کی تھی جبکہ ٹیم میں شاہد آفریدی، شعیب ملک، مصباح الحق، عبدالرزاق، سرفراز احمد، کامران اکمل، وہاب ریاض، سعید اجمل اور سہیل تنویر جیسے سابق اسٹارز شامل تھے۔

پاکستان نے لیگ مرحلے میں بھارت کے خلاف چار وکٹوں پر 243 رنز بنائے تھے اور 68 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے ایڈیشن کے ممکنہ اسکواڈ میں یونس خان (کپتان)، شعیب ملک، صہیب مقصود، مصباح الحق، شرجیل خان، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شاہد آفریدی، کامران اکمل (وکٹ کیپر)، آصف علی، عبدالرزاق، عامر یامین، وہاب ریاض، سعید اجمل، سہیل تنویر اور سہیل خان شامل ہوسکتے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کا لیگ مرحلہ 29 جولائی تک جاری رہے گا، 31 جولائی کو دونوں سیمی فائنلز ایجبسٹن میں ہی منعقد ہوں گے جبکہ فائنل 2 اگست کو کھیلا جائے گا۔

98 سالہ خاتون نے میسی کو شادی کی پیشکش کی، جواب وائرل

فٹبال کے بادشاہ لیونل میسی کے چاہنے والوں کی کمی نہیں، مگر اس بار ان کی ایک 98 سالہ منفرد مداح نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

’گینگسٹر گرینی‘ کے نام سے مشہور اس دادی نے نہ صرف میسی کو شادی کی پیشکش کی بلکہ اس لمحے کو اسٹیڈیم اور سوشل میڈیا دونوں پر یادگار بنا دیا۔

یہ دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب انٹر میامی فیفا کلب ورلڈ کپ کے آخری گروپ اسٹیج میچ میں پالمیراس کے خلاف میدان میں اتر رہی تھی۔ میچ شروع ہونے سے کچھ لمحے پہلے میسی وارم اپ کر رہے تھے کہ ان کی نظر ایک ہاتھ سے بنے بینر پر پڑی، جس پر لکھا تھا: ’’میسی، کیا آپ مجھ سے شادی کریں گے؟‘‘

یہ کوئی عام بینر نہیں تھا بلکہ 98 سالہ پالین کینا کا محبت بھرا پیغام تھا، جنہیں دنیا ’گینگسٹر گرینی‘ کے نام سے جانتی ہے۔ اس بینر کو دیکھ کر میسی کے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گئی، اور اگرچہ انہوں نے ہاتھ کے اشارے سے خوش اخلاقی سے انکار کیا، مگر ان کے چہرے کی خوشی سب کچھ بیان کرگئی۔

پالین کینا کوئی عام دادی نہیں بلکہ انٹرنیٹ سنسیشن ہیں، جو اپنے نواسے راس اسمتھ کے ساتھ اکثر بڑے اسپورٹس ایونٹس میں نظر آتی ہیں۔ چاہے وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کا مقابلہ ہو یا این ایف ایل کا میچ، ’گینگسٹر گرینی‘ ہر جگہ اپنی موجودگی سے سب کو حیران کر دیتی ہیں۔

اس بار بھی انہوں نے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں فینز کا نہیں بلکہ خود لیونل میسی کا دل جیت لیا۔ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ’گینگسٹر گرینی‘ پہلے ہی سوشل میڈیا پر مقبول تھا، مگر میسی کو شادی کی اس پیشکش کے بعد ان کے فالورز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو گیا ہے۔

ٹرمپ نے نیویارک کے پہلے مسلمان میئر کی فنڈنگ روکنے کی دھمکی دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر نیویارک سٹی کے میئر کے ممکنہ امیدوار زہران ممدانی نے ان کے بقول ’درست اقدامات‘ نہ کیے، تو وہ وفاقی حکومت کی جانب سے شہر کو ملنے والی فنڈنگ روک دیں گے۔

ٹرمپ نے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ “اگر وہ (زہران ممدانی) میئر منتخب ہوتے ہیں، تو میں بطور صدر اُن سے جواب طلبی کروں گا۔ اگر انہوں نے صحیح فیصلے نہ کیے، تو نیویارک کو ایک پائی بھی نہیں ملے گی۔”

ٹرمپ نے نہ صرف ممدانی کو ہدفِ تنقید بنایا بلکہ انہیں کمیونسٹ قرار دیتے ہوئے کہا، “یہ نیویارک کے لیے تباہ کن ہوگا، میرے خیال میں ایسا کبھی نہ ہوتا، مگر اب ہمارے سامنے ایک کمیونسٹ آ رہا ہے۔”

زہران ممدانی نیویارک میں فلسطینی عوام کے کھلے حامی اور اسرائیلی پالیسیوں کے ناقد سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے “اسٹوڈنٹس فار جسٹس ان فلسطین” تنظیم کے کالج چیپٹر کی بنیاد رکھی اور 2023 میں جنگ بندی کے حق میں وائٹ ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتال بھی کی۔

زہران نے حالیہ پرائمری انتخابات میں سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دی، اور اب وہ نیویارک سٹی کے پہلے مسلمان میئر بننے کے قریب ہیں۔ ان کی جیت کو امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے لیے تاریخی موڑ سمجھا جا رہا ہے۔

ٹرمپ ماضی میں بھی مختلف ریاستوں، یونیورسٹیوں اور حکام کو دھمکیاں دیتے رہے ہیں کہ اگر وہ ان کی پالیسیز سے انحراف کریں تو اُن کی فنڈنگ بند کر دی جائے گی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع

مہنگائی کے ستائے عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری، یکم جولائی سے قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کے لیے 15 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

اوگرا آج سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوائے گا جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج رات کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔

بھارت اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے، اپنی مرضی ہم پر مسلط نہیں کر سکتا: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ  بھارت اپنی مرضی پاکستان پر مسلط نہیں کرسکتا لہٰذا وہ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے۔

اسلام آبادمیں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹیڈیز کے یوم تاسیس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان پر جارحیت مسلط کی  اور ہم نے بھارتی جارحیت کا فوری اور موثر جواب دیا، بھارت نے پہلگام واقعہ پر جھوٹا ڈراما رچایا ، بھارت اپنی پالیسیوں پر ایک بار نظر ثانی کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے، بھارت آبی دہشت گردی کرکے 24 کروڑ پاکستانیوں کو یرغمال بنانا چاہتا ہے، بھارت اپنی مرضی پاکستان پر مسلط نہیں کرسکتا،  بھارت یک طرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا ، بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اس مسئلے کے پرامن حل سے خطے میں امن ہوگا، بھارت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے اور پاکستان پرامن بقائے باہمی کے اصول پر عمل پیرا ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران اسرائیل جنگ بندی کا خیرمقدم کیا، پاکستان ایران کے قانونی مؤقف کی ہمیشہ تائید کرتا رہا ہے، ایران کے جوہری مسئلے کا حل بات چیت سے نکالا جائے جب کہ غزہ میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں ، پاکستان کو مشرق وسطی کی حالیہ صورتحال پر تشویش ہے۔

حکومت نے عافیہ صدیقی کیس میں امریکی عدالت میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے امریکی عدالت میں عافیہ صدیقی کیس میں عدالتی معاونت کرنے اور فریق بننے سے انکار کردیا۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز  نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت کی جس دوران  درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگرحکام عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے امریکا میں اس کیس میں فریق نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے، اس پر جسٹس سردار اعجاز نے سوال کیا کہ کس وجہ سے یہ فیصلہ کیاگیا؟ وجوہات کیا ہیں؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے  یہی فیصلہ کیا گیا ہے۔

جسٹس سردار اعجاز نے کہا کہ حکومت یا اٹارنی جنرل کوئی فیصلہ کریں تواس کی وجوہات بھی ہوتی ہیں، بغیر وجوہات کے کوئی فیصلہ نہیں کیاجاتا، یہ آئینی عدالت ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کوئی عدالت آکر کہے فیصلہ یہ کیا ہےلیکن وجوہات نہ بتائے۔

بعد ازاں عدالت نے  ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ 4 جولائی کی سماعت پر وجوہات سے آگاہ کیاجائے۔

اظہر محمود کو پی سی بی میں نیا عہدہ مل گیا

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو قائم مقام ریڈ بال ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا۔

اظہر محمود کی پہلی اسائمنٹ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہوگی۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق اظہر محمود اپنے موجودہ معاہدے کے اختتام تک اس عہدے میں کام کریں گے۔ پی سی بی حکام کو یقین ہے کہ اظہر محمود کی زیر نگرانی پاکستان ٹیم  ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

اکتوبر نومبر میں جنوبی افریقی کی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ دو میچز پاکستان میں طے ہیں، جن کے لیے اطہر محمود ٹیم تیار کریں گے۔

مصنوعی ذہانت سے لیس روبوٹس کے درمیان پہلی بار دلچسپ فٹبال میچ

بیجنگ: چین میں باکسنگ کے بعد پہلی بار ایک ایسا فٹبال میچ ہوا جس میں تمام کھلاڑی روبوٹ تھے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 3۔ 3 روبوٹ کھلاڑیوں پر مشتمل یہ دلچسپ میچ بیجنگ میں ہوا، اس میچ میں Tsinghua یونیورسٹی کی روبوٹ ٹیم نے چائنا ایگریکلچرل یونیورسٹی کی ٹیم کو شکست دی۔

یہ میچ بنیادی طور پر ایڈوانسڈ روبوٹیک ٹیکنالوجی کے اظہار کے لیے کیا گیا تھا کیونکہ اس میں تمام روبوٹ کھلاڑی ریموٹ کنٹرول کی بجائے مکمل طور پر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) حکمت عملیوں پر انحصار کر رہے تھے۔

ان روبوٹس کی جانب سے میچ کے دوران رئیل ٹائم فیصلے کیے گئے، ٹیم ورک کو یقینی بنایا جبکہ گرنے کے بعد خود اٹھنے کی صلاحیت کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

میچ کی انتظامیہ میں شامل ڈو جنگ نے بتایا کہ یہ نہ صرف اپنی طرز کا پہلا منفرد مقابلہ تھا بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ روبوٹس عام زندگی کے مختلف شعبوں میں داخل ہونے کے قریب ہیں۔

اس سے قبل اپریل میں چین کی جانب سے روبوٹیک میراتھون ریس کا انعقاد بھی کیا گیا تھا جبکہ کچھ عرصے پہلے روبوٹس کے درمیان باکسنگ میچ بھی ہوا تھا۔

چین کی جانب سے 15 سے 17 اگست کو بیجنگ میں ورلڈ روبوٹ اسپورٹس گیمز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، یہ دنیا میں پہلی بار ہوگا جب کھیلوں کا ایک پورا عالمی ایونٹ مکمل طور پر روبوٹ کھلاڑیوں پر مبنی ہوگا۔