اسلام آباد: پاکستان نے عالمی ٹیلی کمیونیکیشن یونین (ITU) کی ورلڈ ریڈیو کمیونیکیشن کانفرنس 2027 (WRC-27) کی تیاریوں کے لیے ایک قومی پریپیریٹری گروپ (National Preparatory Group – NPG) تشکیل دے دیا ہے، جس کا مقصد عالمی اسپیکٹرم مذاکرات میں پاکستان کا مشترکہ اور مؤثر مؤقف تیار کرنا ہے۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت قائم اس گروپ میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA)، وزارتِ خارجہ، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA)، فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ (FAB)، سپارکو، پاکستان محکمہ موسمیات (PMD)، موبائل نیٹ ورک آپریٹرز، جامعات اور دیگر متعلقہ ادارے شامل ہیں تاکہ تمام شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔
قومی گروپ نے ایشیا پیسفک ٹیلی کمیونٹی (APT) کے تیسرے پریپیریٹری اجلاس APG27-3 کے لیے ابتدائی قومی مؤقف بھی تیار کر لیا ہے۔ اس عمل میں 5G، 6G، سیٹلائٹ کمیونیکیشن، براہِ راست سیٹلائٹ سے موبائل (Direct-to-Device)، نشریات، ہوا بازی اور سائنسی خدمات سے متعلق مختلف اسپیکٹرم امور پر مشاورت کی گئی ہے۔
WRC-27 اکتوبر تا نومبر 2027 میں شنگھائی، چین میں منعقد ہوگی، جہاں دنیا بھر کے ممالک ریڈیو اسپیکٹرم کے استعمال، نئی فریکوئنسی بینڈز، 6G، سیٹلائٹ سروسز اور مستقبل کی وائرلیس ٹیکنالوجیز سے متعلق عالمی قواعد و ضوابط پر مذاکرات کریں گے۔

