پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید توسیع کردی ہے۔ نئے نوٹس ٹو ایئر مین (NOTAM) کے مطابق پابندی اب 24 ستمبر 2026 کی صبح 4 بج کر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔
پابندی کا اطلاق بھارت میں رجسٹرڈ طیاروں، بھارتی ایئرلائنز یا آپریٹرز کے زیرِ ملکیت، زیرِ استعمال یا لیز پر لیے گئے طیاروں سمیت بھارتی فوجی پروازوں پر بھی ہوگا۔ یہ پابندی پاکستان کے کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجنز (FIRs) دونوں پر لاگو ہے۔
تازہ توسیع 23 اگست کو موجودہ پابندی کی مدت ختم ہونے سے قبل کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئی پابندی 23 اگست کو صبح 10 بج کر 15 منٹ سے مؤثر ہوگی اور 24 ستمبر کی صبح تک جاری رہے گی۔
پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی پابندی اپریل 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد عائد کی تھی، جس کے بعد سے اس میں متعدد مرتبہ توسیع کی جا چکی ہے۔ بھارت نے بھی پاکستانی طیاروں کے لیے اسی نوعیت کی فضائی پابندی برقرار رکھی ہوئی ہے۔

