ملک بھر میں 12 ربیع الاول، جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ گلیوں، بازاروں، مساجد، اہم شاہراہوں اور سرکاری و نجی عمارتوں کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور خوبصورت آرائشی سامان سے سجا دیا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں جشنِ آمدِ رسول ﷺ کے حوالے سے چراغاں اور سجاوٹ نے ماحول کو روحانی اور پُرجوش بنا دیا ہے۔
ملک بھر میں 12 ربیع الاول کے موقع پر محافلِ میلاد، نعتیہ پروگرامز، سیرت النبی ﷺ کانفرنسز اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مساجد میں درود و سلام اور ذکر و نعت کی محافل بھی منعقد کی جا رہی ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر نیاز اور لنگر تقسیم کرنے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے روٹس پر صفائی، روشنی، ٹریفک اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ پنجاب پولیس نے محافل، ریلیوں اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 55 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کرنے کے انتظامات مکمل کیے ہیں۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی سکیورٹی، ٹریفک، صفائی اور شہری سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ جلوسوں کے روٹس کی نگرانی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بلوچستان میں بھی سرکاری عمارتوں اور مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جبکہ مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے جلوسوں اور دیگر تقریبات کے انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
12 ربیع الاول کو ملک بھر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر سیرتِ طیبہ ﷺ، محبت، امن، اخوت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام کو اجاگر کیا جائے گا۔

