پاکستان میں سونے کی قیمت میں جمعہ 4 ستمبر 2026 کو ایک مرتبہ پھر نمایاں اضافہ ہوا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (APGJSA) کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 3,900 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 69 ہزار 136 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 3,344 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 2 ہزار 208 روپے ہوگئی۔ ایک روز قبل، جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 11,200 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد قیمت 4 لاکھ 65 ہزار 236 روپے ہوگئی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونا مہنگا
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 39 ڈالر اضافے کے بعد 4,466 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جس میں 20 ڈالر کا پریمیم بھی شامل تھا۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اضافے کا اثر پاکستانی مارکیٹ پر بھی پڑا۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ چاندی فی تولہ 117 روپے مہنگی ہو کر 7,161 روپے پر پہنچ گئی۔

