صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پنجاب نے مون سون کے نویں اور آخری اسپیل کے حوالے سے صوبے بھر میں الرٹ جاری کردیا ہے۔ بیشتر اضلاع میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
PDMA کے مطابق 12 سے 17 ستمبر تک راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش متوقع ہے۔
جبکہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
PDMA نے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کے خدشے سے بھی خبردار کیا ہے۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث متعلقہ انتظامیہ کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
PDMA کے ڈی جی سیف انور جپہ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں کو بھی شدید موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر رہنے کی تاکید کی ہے۔ ہنگامی صورتحال میں PDMA کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

