پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر شاہد آفریدی حکومت پر برس پڑے
سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ صرف عالمی حالات نہیں بلکہ حکومتی نااہلی بھی ایک بڑی وجہ ہے۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جب حکومت ٹیکس وصولی کے اہداف پورے نہیں کر پاتی تو اس کا بوجھ عام عوام پر ڈال دیا جاتا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکس عائد کرکے رقم اکٹھی کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل بنا دیا ہے، اس لیے حکام کو عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگئی، جبکہ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 28 پیسے اضافے کے بعد 403 روپے 32 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی۔

