پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور رواں ہفتے پانچویں نمایاں کمی کے بعد قیمتی دھات کی قیمت 4 لاکھ 54 ہزار روپے کی سطح سے نیچے آگئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 1,800 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 53 ہزار 936 روپے ہوگئی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 1,544 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 89 ہزار 176 روپے رہی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر اسپاٹ گولڈ تقریباً 1.1 فیصد کمی کے بعد 4,304.89 ڈالر فی اونس پر آگیا۔ امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی فیڈرل ریزرو حکام کے نسبتاً سخت مالیاتی مؤقف اور ڈالر کی قدر میں اضافے نے سونے کی قیمت پر دباؤ بڑھایا۔ مضبوط ڈالر عام طور پر ڈالر میں قیمت والے سونے کو دیگر کرنسیوں کے حامل خریداروں کے لیے مہنگا بنا دیتا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی ہوئی اور فی تولہ چاندی 30 روپے کم ہو کر 7,008 روپے پر آگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 6,008 روپے ریکارڈ کی گئی۔

