لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔ 25 ستمبر 2026 کو عالمی ایئر کوالٹی مانیٹرنگ کے مطابق لاہور کا AQI تقریباً 199 ریکارڈ کیا گیا، جو ہوا کے غیر صحت بخش (Unhealthy) درجے میں آتا ہے۔ اسی وقت کنشاسا 175 اور کوچنگ 163 AQI کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر تھے۔
پنجاب انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے سرکاری مانیٹرنگ ڈیٹا کے مطابق صبح 9 بجے لاہور کا مجموعی AQI 178 تھا، جبکہ شاہدرہ میں AQI 236 تک ریکارڈ کیا گیا۔ ایجرٹن روڈ اور جی ٹی روڈ سمیت شہر کے کئی علاقوں میں بھی ہوا کا معیار غیر صحت بخش رہا۔
ماہرین کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی میں PM2.5 ذرات اہم آلودگی پھیلانے والے عناصر میں شامل ہیں۔ مون سون کے اختتام کے بعد شہر میں فضائی آلودگی عموماً بڑھنا شروع ہوجاتی ہے، جبکہ اکتوبر سے فروری تک صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان رہتا ہے۔

