مری کے علاقے لوئر موہڑا بڑا ہوتر کے قریب اسکول وین حادثے کا شکار ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق وین بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جا گری، جس کے فوراً بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بچوں کو وین سے بحفاظت نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ زخمی بچوں کو مزید علاج کے لیے سول ہسپتال مری منتقل کردیا گیا، جبکہ فائر فائٹنگ ٹیم نے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پالیا۔
رپورٹس کے مطابق وین میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبہ سوار تھے۔ مری کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام زخمی بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے، جبکہ بعض بچوں کو بہتر طبی نگہداشت کے لیے راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔

