خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر کی گئی۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں فتنہ الخوارج کے 3 اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی، بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری اقدامات کا حصہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 8 فتنہ الخوارج ہلاک

