نیویارک (بیورو رپورٹ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نے پاکستان کے مستقل
مندوب سفیر عاصم افتخار احمد اور ان کے اہلِخانہ کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میں پاکستانی مشن کے افسران، نیویارک میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے حکام اور ان کے اہلِخانہ نے شرکت کی۔ تقریب میں سفیر عاصم افتخار احمد کی پاکستان کے لیے طویل سفارتی خدمات بالخصوص اقوام متحدہ کے مختلف اداروں اور کثیرالجہتی فورمز پر ملک کی موثر نمائندگی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے مشن کے افسران کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ سفیر عاصم افتخار احمد نے ایک نہایت اہم اور چیلنجنگ دور میں اقوام متحدہ کے نظام میں پاکستان کی نمائندگی وقار، پیشہ ورانہ مہارت اور موثر سفارتکاری کے ساتھ کی۔ انہوں نے بالخصوص سفیر عاصم افتخار احمد کی قائدانہ صلاحیتوں اور ساتھی افسران کی پیشہ ورانہ تربیت و رہنمائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیم میں اعتماد پیدا کیا اور افسران کو مشکل حالات میں بھی اپنی بہترین صلاحیتوں کے اظہار اور قومی ذمہ داریوں کی موثر انجام دہی کے لیے حوصلہ دیا۔ اپنے الوداعی خطاب میں سفیر عاصم افتخار احمد نے اپنے اور اہلِخانہ کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر مشن کے افسران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ٹیم سازی اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ21 ماہ کے دوران اپنے ساتھیوں کی مسلسل حمایت اور تعاون کے بغیر ان کے لیے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کرنا ممکن نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان کے مستقل مشن میں باصلاحیت، محنتی اور قومی جذبے سے سرشار سفارت کاروں کی ایک ایسی ٹیم موجود ہے جس نے ہر اہم موقع پر اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر پاکستان کے مفادات کے تحفظ اور ملک کی نمائندگی کے لیے خدمات انجام دیں۔ سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ نیویارک میں یہ ان کی تیسری سفارتی تعیناتی تھی اور دنیا کے سب سے اہم کثیرالجہتی سفارتی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملنا ان کے لیے باعثِ اعزاز اور قابلِ فخر ذمہ داری رہی۔ انہوں نے مشن کے افسران کے اہلِخانہ کو بھی خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی ذمہ داریاں اکثر معمول کے دفتری اوقات سے کہیں زیادہ وقت اور تعطیلات کے دوران بھی کام کا تقاضا کرتی ہیں، اس لیے سفارت کاروں کی کامیاب پیشہ وارانہ خدمات کے پس منظر میں ان کے خاندانوں کا تعاون اور قربانیاں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی نے بھی سفیر عاصم افتخار احمد کی قیادت، سفارتی خدمات اور پاکستان کے لیے ان کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہا اور اسلام آباد میں ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
