جموں(این این آئی) انڈیا بلاک میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں نے 7 اکتوبر کو جموں میں مشترکہ طورپر ‘جمہوریت بچاؤ’ ریلی منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی میں مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت بھر میں انتخابی عمل میں بڑے پیمانے پر ہیرا پھیری پربھارتی چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ریلی کا اعلان جموں میں کانگریس کے صدر دفتر میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا جس میں کانگریس، نیشنل کانفرنس ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ،پینتھرس پارٹی اور انڈیا بلاک کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر رمن بھلا، کانگریس کے چیف ترجمان رویندر شرما، رتن لال گپتا، پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری راجندر سنگھ منہاس اور پینتھرس پارٹی کے رہنما گگن پرتاپ سنگھ سمیت رہنماؤں نے کہا کہ 4 سے 8 اکتوبر کے درمیان مختلف اضلاع میں احتجاجی مارچ بھی کیے جائیں گے۔
