ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایف بی آر کے 4 اہلکاروں کو شہید کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ قریشی موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں ایف بی آر اہلکار سرکاری ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
ڈی پی او ڈی آئی خان ضیا الدین احمد کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے، جبکہ شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردی گئیں۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق شہید ہونے والے 4 اہلکاروں میں سے 2 ایف بی آر کے مستقل ملازمین جبکہ 2 کنٹریکٹ پر کام کر رہے تھے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب ڈی آئی خان میں ایک الگ واقعے میں بنوں روڈ کے قریب ہائی وے ٹریفک پولیس کی موبائل پر بھی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

