راولپنڈی، اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کر کے 5خوارج جہنم واصل کر دیئے، جبکہ 2زخمی ہو گئے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی رکھتے ہوئے ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی، سکیورٹی فورسز عزم استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔در یں اثنا صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کارروائی میں 5خوارج کو جہنم واصل اور 2کو زخمی کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، صدر زرداری نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور پائیدار امن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
خوارج ہلاک
