قصور(ڈپٹی بیورو چیف) کوٹ رادھا کشن میں دو مختلف ٹریفک حادثات میںدو افراد جاں بحق، ایک زخمی۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ رادھا کشن میں مختلف مقامات پر پیش آنے والے دو ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پہلے واقعہ میں قصور روڈ پر بیراں والے واڑے نہر کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے تقریباً65 سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور منتقل کردی۔دوسرے حادثے میں مانگا روڈ پر روسہ اڈا کوٹ رادھا کشن کے قریب دودھ لے جانے والی گاڑی مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث بجلی کے پول سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور تقریباً 40 سالہ جاوید موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی عامر زخمی ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دودھ بردار گاڑی وہاڑی سے لاہور جا رہی تھی کہ روسہ اڈا کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو طبی امداد فراہم کی جبکہ جاں بحق ڈرائیور کی نعش کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس مصروف کارروائی ہے۔
