لاہور (جنرل رپورٹر) سموگ تدارک کیلئے اسکولوں میں طلبا ، والدین اور اسٹاف کیلئے کارپولنگ لازم قرار دینے کی ہدایت کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں خطرناک حد تک بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور اسموگ کے تدارک کے لیے محکمہ تحفظِ ماحول (ای پی اے) پنجاب نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام اسکولوں کو طلبہ، والدین اور عملے کے لیے کار پولنگ کے فروغ کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ماحولیات پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے اس اقدام کو انسدادِ اسموگ کی کلیدی حکمت عملی کا باقاعدہ حصہ بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ڈی جی ماحولیات نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ایک ہی علاقے یا روٹ سے آنے والے طلبہ، والدین اور اسکول عملے کے لیے باہمی رضامندی سے گاڑیوں کے مشترکہ استعمال کو ممکن بنایا جائے۔صبح کے اوقات میں اسکولوں کے باہر گاڑیوں کی شدید آمدورفت کے باعث ٹریفک جام اور گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں آلودگی میں اضافے کی بڑی وجہ ہے، اسکولوں کے اطراف گاڑیوں کی تعداد کم کر کے اسموگ پر مثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے۔
