لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی کے زیرِ
اہتمام پاکستان کا سب سے بڑا تین روزہ کتاب میلہ 15 سے 17 اکتوبر 2026 تک نیو کیمپس میں منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں کتاب میلے کے انتظامات کا جائزہ لینے اور انہیں حتمی شکل دینے کے لیے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہواجس میں چیف لائبریرین محمد آصف خان، ڈی جی پروفیسر ڈاکٹر ریحان صادق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کتب میلے کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو مختلف ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ انتظامیہ نے پبلشرز کی شرکت، کتب کی نمائش اور شرکا کے لیے سہولیات سمیت دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے گزشتہ تین روزہ کتب میلے کے دوران ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد کتب فروخت ہوئی تھیں، جو ایک قابلِ ذکر ریکارڈ ہے۔ یہ امر پنجاب یونیورسٹی کی مطالعے کے فروغ اور ادبی و علمی ثقافت کے فروغ کے لیے جاری کاوشوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
