پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے منتظمین لیگ کو سال بھر متحرک رکھنے کے لیے ایک نئے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر غور کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں چھ کھلاڑیوں پر مشتمل کرکٹ فارمیٹ متعارف کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ مجوزہ ایونٹ کو ’ایچ بی ایل پی ایس ایل سکسز‘ کا نام دیا جا سکتا ہے جو لیگ کے آف سیزن میں منعقد ہوگا۔ تاہم، اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
سلمان نصیر کے مطابق مختصر دورانیے کا یہ ٹورنامنٹ شائقین کے لیے دلچسپی اور تفریح کا باعث بننے کے ساتھ پی ایس ایل کو پاکستان کے چھوٹے شہروں تک پہنچانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے جہاں اب تک لیگ کے میچز منعقد نہیں کیے گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اس منصوبے کے ذریعے فرنچائزز اور میڈیا پارٹنرز کے لیے آمدنی کے نئے مواقع پیدا کرنے کا بھی خواہش مند ہے۔تاہم، غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی اور مناسب شیڈول طے کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔
پی ایس ایل میں بڑی تبدیلی کی تیاری، نیا ٹورنامنٹ متعارف کرانے پر غور

