کراچی (بزنس رپورٹر) پاکستان کے زرمبادلہ کے مجموعی سیال ذخائر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، 30 اکتوبر 2026ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 26 ارب 86 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 30 اکتوبر 2026ء کو اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر 21 ارب 56 کروڑ 12 لاکھ ڈالر ہو گئے، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر 5 ارب 30 کروڑ 33 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 39 ملین ڈالر اضافے کے بعد مجموعی ملکی زرمبادلہ ذخائر 26,864.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے اہمیت کا حامل ہے، تاہم درآمدات کی ادائیگیوں، بیرونی قرضوں کی واپسی اور روپے کی قدر میں استحکام کے لیے ذخائر کی مسلسل بہتری ضروری ہے۔
