لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے فردا فردا ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات اور علاج معالجے کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید ترین مشینری، اعلی معیار کے طبی آلات اور اسٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات کی دستیابی صوبے میں صحت کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا مظہر ہے۔ پی آئی سی میں صفائی کے بہترین انتظامات اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کا مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور شائستہ اندازِ گفتگو قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کے حقوق اور بنیادی سہولیات بروقت فراہم کرنا ہی حقیقی گورننس ہے۔ مریض کے منہ سے نکلنے والی دعا بہت جلد قبول ہوتی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کا وژن بھی یہی ہے کہ عوام کو عزت، سہولت اور معیاری علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔عظمی بخاری نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جدید سہولیات کی فراہمی وزیراعلی مریم نواز شریف کی ترجیحات کا واضح اظہار ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پنجاب میں جاری اقدامات آئندہ نسلوں تک یاد رکھے جائیں گے۔
عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی ہی حقیقی گورننس: وزیر اطلاعات پنجاب

