لاہور(نیوز ایجنسیاں )بھارتی سموگ پاکستان سمیت پورے خطے کے لئے آلودگی کا باعث بن گئی ۔کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سموگ نے پاکستان سمیت پورے خطے کیm فضا کو زہر آلود کر دیا ہے، سرحد پار سے آنے والی آلودگی لاہور، بالائی پنجاب اور سرحدی اضلاع کی فضا کو خطرناک حد تک زہریلا بنا رہی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فضائی آلودگی خلا سے بھی واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سردیوں میں فضائی آلودگی کے اضافے کی بنیادی وجہ بھارت میں فصلوں کی باقیات کو جلانا ہے، بھارتی پنجاب اور ہریانہ میں پرالی جلانے سے اٹھنے والا زہریلا دھواں سب سے پہلے پاکستانی سرحدی علاقوں کو نشانہ بناتا ہے۔جغرافیائی قربت کے باعث بھارتی کسانوں کی قانون شکنی کا فوری اثر پاکستانی پنجاب کے ائیر کوالٹی انڈیکس پر پڑتا ہے۔انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے مطابق 15ستمبر سے یکم نومبر 2026کے درمیان 7ریاستوں میں پرالی جلانے کے 3ہزار 316 واقعات سامنے آئے۔ہر سال سردیوں کے موسم میں دریائے گنگا کے میدانی علاقوںمیں دھوئیں اور دھند کے گہرے بادل دہلی، پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے کا سب سے بڑا آلودگی دہندہ ہونے کے باوجود بھارت پڑوسی ممالک سے مشترکہ حکمتِ عملی (کلائمیٹ ڈپلومیسی)سے گریزاں ہے، فصلوں کی باقیات کے علاوہ بھارت میں جاری صنعتی سرگرمیاں بھی پورا سال فضا کو زہریلا رکھتی ہیں۔اس وجہ سے لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 338 ریکارڈ کی گئی۔محکمہ ماحولیات کے مطابق ایف سی کالج کے اطراف ایئر کوالٹی انڈیکس 508، پیراگون سوسائٹی میں 548 جبکہ ماڈل ٹائون کے علاقے میں 414 ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے نومبر 2026کے موسم کا آؤٹ لک جاری کر دیا، جس کے مطابق رواں ماہ ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول یا معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں، آزاد کشمیر اور شمال مغربی پنجاب میں بھی معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔وسطی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔آؤٹ لک کے مطابق نومبر میں ملک کے شمالی حصوں میں جنوبی علاقوں کی نسبت زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے نومبر کے دوران ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے مشرقی علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کا امکان سب سے زیادہ ظاہر کیا گیا ہے۔شمال مغربی بلوچستان اور سندھ کے جنوب مشرقی ساحلی علاقوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
فضائی آلودگی
