اسلام آباد(آئی این پی) ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کا وزیراعظم پاکستان نے نوٹس لے لیاہے۔وزیراعظم عمران خان ایشیا کپ میں کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پرسخت برہم ہیں۔ عمران خان نے چئیرمین پی سی بی احسان مانی سے رپورٹ مانگ لی ہے۔پاکستان ٹیم نے بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں خراب کارکردگی دکھائی۔ ایشیا کپ کے سپر فوررانڈ میں پاکستان صرف افغانستان کو شکست دے سکا جبکہ بھارت اور بنگلادیش کے ہاتھوں پاکستان کو شکست کا سامنا کرناپڑا۔اس کے علاوہ میڈیاسے بات کرتے ہوئے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہاہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کی بنگلہ دیش سے شکست پر حیرت ہے۔ گرین شرٹس کے سامنے ہدف اتنا بڑا نہیں تھا کہ پورا نہ کیا جاسکتا ۔سابق کپتان نے کہا کہ قومی ٹیم کی کھیل میں کوئی حکمت عملی نظر نہیں آئی۔ انھوں نے کہاکہ میچ کے دوران ہرکھلاڑی جلدی میں لگ رہا تھا۔ انھوں نے مزید نشان دہی کی کہ پاکستان کی بیٹنگ میں وکٹ پر کھڑا رہ کراسکور کرتا کوئی بلے باز نظر نہیں آیا۔
