راولپنڈی:(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری بڑی سیاست کر رہا ہے، وہ شہباز شریف پر آرٹیکل 6 اور اسے نااہل کروا کر اپنی لاڈو کو لانا چاہتا ہے۔
افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی جس کو ٹکٹ دے گی لال حویلی اس کی حمایت کرے گی، حالات کافی سنگین ہو گئے ہیں، پندرہ جون تک فیصلہ ہو جائے گا کہ آئین و قانون کے ساتھ جانا ہے یا جنگ و جدل کیساتھ، راولپنڈی میں سب سے زیادہ تعلیمی ادارے ہم نے بنوائے، الیکشن ہوئے اور کوئی انہونی نہ ہوئی تو عمران خان کی حکومت بنے گی۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ پہلی نا اہل حکومت ہے جو عدلیہ سے ٹکراؤ کر رہی ہے، 15 میں سے نو ججز ایک طرف ہیں، یہ بے وقوف ہیں جنہوں نے عدلیہ سے ٹکر لی ہے، یہ واحد حکومت سے جو ٹکراؤ کا راستہ اختیار کر رہی ہے، ہم آپ کے گلے کی ہڈی ہیں، عمران خان زیادہ ذمہ داریاں دینا چاہتے ہیں، ہم نے انہیں کہا کہ ہمیں محدود کام دیا جائے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے مزید کہا ہے کہ 10 روپے لٹر پٹرول پھر بڑھا دیا گیا ہے، سارا راولپنڈی سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہے، ہم عدلیہ آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں، ذاتی خواہش ہے کہ ہماری فوج سے صلح ہو، عمران خان کی لڑائی کسی سے نہیں بلکہ صرف چوروں اور ڈاکوؤں سے ہے۔