بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے بیٹی کی پیدائش کے بعد خود کو ایک لگژری گاڑی کا تحفہ دے دیا۔
سال 2011 میں فلم ’بینڈ باجا بارات‘ سے بالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھنے والے رنویر سنگھ کو کریئر کے ابتدائی سالوں میں اپنی شوخ مزاجی کے سبب کافی مشکلات کا سامنا رہا اور بڑی اداکارائیں انکے ساتھ فلم سائن کرنے سے کتراتی نظر آتی تھیں۔
رنویر سنگھ نے ڈیبیو انوشکا شرما کے ساتھ دیا جس کے بعد اگلی فلم ’لیڈیز ورسز رکی بہل‘ بھی انوشکا شرما کے ساتھ ہی کی اور اس کے بعد دیپیکا پڈوکون نے رنویر سنگھ کے ساتھ کام کرنے کی ہامی بھر لی اور دونوں نے ’گولیوں کی راس لیلا، رام لیلا‘ میں ایک ساتھ کام کیا۔
اس فلم کے بعد رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کی جوڑی بالی وڈ متوالوں نے اس قدر پسند کی کہ پھر دونوں ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ جیسی فلموں میں ساتھ دکھے۔
رنویر سنگھ نے پریانکا چوپڑا اور عالیہ بھٹ کے ساتھ بھی کام کیا لیکن ان کی آن اسکرین پسند کی جانے والی جوڑی دار دیپیکا پڈوکون ہی ہیں جن سے انہوں نے 2018 میں شادی بھی کی۔
بعدازاں شادی کے 6 سال بعد اس جوڑے نے رواں سال 8 ستمبر ننھی پری کا دنیا میں استقبال کیا۔
بیٹی کی پیدائش کے بعد رنویر سنگھ اور دیپیکا کی تو جیسے لاٹری ہی نکل گئی ہو، کبھی دیپیکا عالیشان گھر خریدتی نظر آرہی ہیں تو کبھی رنویر سنگھ کی گاڑیوں کی کلیکشن میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے اپنی کاروں کے کلیکشن میں ایک نئی لگژری رینج روور شامل کر لی ہے جسکی قیمت تقریباً 4.74 کروڑ روپے ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ لگژری گاڑی اداکار کے گھر کے احاطے میں دیکھی گئی، جس پر ان کا خاص نمبر ‘6969’ لکھا ہوا تھا۔
دوسری طرف کام کے محاذ پر رنویر اور دپیکا جلد ہی روہت شیٹی کی آنے والی فلم ’سنگھم اگین’ میں نظر آئیں گے۔ اس فلم میں اجے دیوگن، کرینہ کپور خان، اکشے کمار، ٹائیگر شروف، ارجن کپور اور جیکی شروف بھی شامل ہیں۔