خیبر پختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 19 جولائی سے 25 جولائی تک متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر صوبے کے بالائی اضلاع کے لیے گلیشیائی جھیل پھٹنے (Glacial Lake Outburst Flood – GLOF) کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے شمالی علاقوں میں وسیع پیمانے پر اور مسلسل بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں اور دریاؤں و ندی نالوں کے قریب واقع آبادیوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار تیز ہو سکتی ہے، جس سے گلیشیائی جھیل پھٹنے (GLOF) کے امکانات میں اضافہ ہوگا۔ ایسے واقعات کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں اچانک اور انتہائی شدید سیلاب آ سکتے ہیں۔
یہ الرٹ اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، سوات، بحرین، اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

